'اغوا برائے تاوان'، سنیل پال نے گمشدگی کے راز سے پردہ اٹھادیا
بھارتی کامیڈین ممبئی سے باہر ایک شوکیلئے جانے کے بعد لاپتا ہوگئے تھے۔
مشہور 49 سالہ کامیڈین اور اداکار سنیل پال نے اپنی گمشدگی کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انہیں تاوان کے لیے اغوا کرلیا گیا تھا۔
اداکار حال ہی میں ممبئی کے باہر ایک شو میں شرکت کے بعد لاپتا ہو گئے تھے، 3 دسمبر کو لاپتا ہونے والے سنیل پال 4 دسمبر کو واپس آگئے تھے جس کے بعد انہوں نے اپنے اغوا کے بارے میں انکشافات کر کے سب کو حیران کردیا جسے سب پی آر اسٹنٹ سمجھ رہے تھے۔
انہوں نے 2005 میں دی گریٹ انڈین لافٹر چیلنج کا پہلا سیزن جیت کر شہرت حاصل کی اور اپنا سپنا منی منی، ہم تم، اور پھر ہیرا پھیری جیسی مشہور فلموں میں کام کیا۔
ایک خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے اداکار نے بتایا کہ 2 دسمبر کو مجھے ایک شو کے لیے جانا تھا اور شو کے نام پر بکنگ ہوئی تھی۔ جب میں وہاں پہنچا تو انہوں نے مجھے اغوا کرلیا اور چہرے پر پٹی باندھ کر مجھے لے گئے اس کے بعد کہا کہ ہمیں آپ سے کچھ نہیں چاہیئے ہمیں پیسے دے دو ہم آپ کو چھوڑ دیں گے۔
سنیل نے انکشاف کیا کہ ان کے اغوا کاروں نے رقم ادا کرنے کے بعد انہیں رہا کرنے کا وعدہ کیا تھا اور بتایا کہ 'پہلے 20 لاکھ روپے مانگے اور میں سمجھ گیا کی یہ لوگ خطرناک ہیں اور مجھے جانے نہیں دیں گے، بعد میں 10 لاکھ مانگے پھر بات چیت ہوئی اور ساڑھے 7 لاکھ روپے ٹرانسفر کرنے کے بعد ساڑھے 6 بجے مجھے چھوڑا۔
کامیڈین نے بتایا کہ اغوا کاروں نے انہیں دھمکایا کہ وہ لوگوں کو قتل کر کے لاشیں نہر میں پھینک دیتے ہیں اور اگر وہ چاہتے ہیں کہ ان کے ساتھ ایسا نہ ہو تو انہیں 20 لاکھ روپے دینے پڑیں گے۔
سنیل کے مطابق انہوں نے اغواکاروں کو کہا کہ میرے پاس 20 لاکھ روپے نہیں، 10 لاکھ تک کی کوشش کرسکتا ہوں جس کے بعد 3، 4 دوستوں سے پیسے منگا کر انہیں ٹرانسفر کیے جس میں رات 9 سے صبح 4 بج گئے۔
اگرچہ سنیل محفوظ تھا، لیکن وہ اس جگہ کا پتا نہیں لگا سکے جہاں انہیں لے جایا گیا تھا کیونکہ ان کی آنکھوں پر پٹی بندھی تھی، اغوا کاروں نے انہیں میرٹھ روڈ پر غازی آباد میٹرو کے قریب چھوڑ دیا، اور گھر واپسی کی پرواز کے ٹکٹ کے لیے 20,000 روپے بھی دیے۔
کامیڈین کے مطابق اغواکاروں نے کہا کہ آپ کو چھوڑ دیتے ہیں، آپ کا آنا جہاز سے کروایا تھا جانا بھی فلائٹ سے کروائیں گے، یہ 20 ہزار جیب میں رکھیں، ہم یہاں سے 10، 12 منٹ میں نکل جائیں گے اس کے بعد آنکھوں سے پٹی کھولنا، چنانچہ میں نے پٹی کھولی اور دہلی سے ممبئی کی آخری پرواز پکڑ کر یہاں آگیا۔
اداکار کا کہنا تھا کہ اغواکاروں نے فون پر ان سے اس طرح بات کی جیسے کوئی پروفیشنل کرتا ہے اور انہوں نے خود کو ایک چھوٹی ایونٹ کمپنی ظاہر کیا جو یو پی اور اتھرکھنڈ میں ایونٹ کراتی ہے۔
کامیڈین نے یہ بھی بتایا کہ اغوا کاروں نے انہیں 35 ہزار روپے ایڈوانس بھیجے تھے اور وعدہ کیا تھا کہ دہلی پہنچنے کے بعد 50 فیصد رقم ادا کردی جائے گی۔
مذکورہ ہولناک واقعے پر پی آر اسٹنٹ کا الزام لگانے کے جواب میں کامیڈین نے کہا کہ میں نے کہا دوستوں کو بولتا ہوں گھ والوں کو مت بتانا، ایک دوست سے پیسے منگوائے اور نے غلطی سے پوچھ لیا اور میں گھر نہیں پہنچا جس پر وہ سب پریشان ہوگئے اور گھروالوں نے پولیس میں شکات درج کرادی جہاں سے ساری بات کھل گئی۔