راج کپور اداکارہ زرینہ وہاب کو ’سوئپر‘ کہہ کر کیوں بلاتے تھے ؟
زرینہ وہاب نے بالی وڈ کی کئی فلموں میں اداکاری کی
زرینہ وہاب، بالی وڈ کی ایک مشہور اداکارہ ہیں جو اپنی بہترین اداکاری اور دلکش شخصیت کے لیے جانی جاتی ہیں۔ انہوں نے کئی دہائیوں تک بھارتی فلم انڈسٹری میں اپنی اداکاری سے لوگوں کے دل جیتے ہیں۔
زرینہ وہاب 17 جولائی 1956 کو وشاکھاپٹنم، آندھرا پردیش میں پیدا ہوئیں، انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم مکمل کرنے کے بعد پونے کے فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا (FTII) میں داخلہ لیا، جہاں سے ان کے اداکاری کے سفر کا آغاز ہوا اور ان کی بہترین تربیت اور غیر معمولی صلاحیتوں نے انہیں جلد ہی فلمی دنیا میں پہچان دلائی۔
اداکارہ نے انکشاف کیا کہ لیجنڈری اداکار اور ہدایتکار راج کپور نے ایک بار انہیں 'سوئپر ' کہا تھا کیونکہ وہ اسی نام سے زینت امان کو بھی پکارتے تھے۔
زرینہ وہاب نے ایک انٹرویو میں کہا کہ جب وہ پونے فلم انسٹی ٹیوٹ میں پڑھ رہی تھی تو راج کپور شیلندر سنگھ سے ملنے اکثر وہاں آتے تھے، شیلندر اس وقت اداکار بننے کی کوشش کر رہے تھے اور انہوں نے راج کپور کی فلم ’بوبی‘ میں رشی کپور پر فلمائے گئے گانے بھی گائے تھے۔
ایک دن راج کپور نے مجھ سے کہا کہ تم جھاڑو والی لگتی ہو، میں نے ان سے پوچھا کہ آپ ایسا کیوں کہہ رہے ہیں؟ تو انہوں نے کہا کہ میں زینت امان کو بھی یہی کہتا ہوں،مجھے تم میں زینت امان کی جھلک نظر آتی ہے، یہ میرے لیے راج کپور کی طرف سے ایک بڑا تعریفی کمنٹ تھا لیکن لوگوں نے اسے توڑ مروڑ کر کچھ اور بنا دیا۔
انٹرویو میں زرینہ نے یہ بھی بتایا کہ 1979 کی فلم ’گوپال کرشنا‘میں رادھا کا کردار ادا کرتے وقت فلم کے پروڈیوسر تاراچند برجاتیہ نے انہیں نان ویج کھانے سے منع کیا تھا۔
اس واقعے کا مزید تذکرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایک رات مجھے کال آئی، اس شخص نے کہا کہ اگر آپ فارغ ہوں تو کل ایک خاص فلم سیٹ پر آ جائیں، میں گئی اور جیسے ہی پہنچی، مجھے ایک مخصوص لباس دیا گیا اور کہا گیا کہ اسے پہن کر دیکھیں۔
وہ فلم میں ایک ہیروئن کو بدل رہے تھے جس کے 11 رِیلز پہلے ہی شوٹ ہو چکی تھیں،میں نہیں چاہتی کہ اس کا نام بتاؤں، اس وقت میری ہیئرڈریسر نے مجھے اس کے بارے میں بتایا۔
زرینہ نے مزید کہا کہ پیک اپ کے بعد، تاراچند برجاتیہ، جنہیں ہم محبت سے سیٹھ جی کہتے تھے انہوں نے مجھے اپنے آفس بلایا اور کہا دیکھو تم اس فلم ’گوپال کرشنا‘ میں رادھا کا کردار ادا کر رہی ہو، اس لیے براہ کرم فلم کی شوٹنگ مکمل ہونے تک گوشت کھانا چھوڑ دو۔ میں نے اس پر عمل کیا اور فلم ریلیز ہونے تک گوشت نہیں کھایا۔
یاد رہے کہ زرینہ وہاب نے 1986 میں اداکار آدتیہ پنچولی سے شادی کی جس نے ان کے دو بچے ہیں، بیٹی ثناء پنچولی اور بیٹا سورج پنچولی۔ زرینہ وہاب کو آخری بار جونیئر این ٹی آر کی والدہ کا کردار ادا کرتے ہوئے ’دیورا پارٹ 1‘ میں دیکھا گیا۔ یہ فلم ستمبر 2024 میں ریلیز ہوئی اور باکس آفس پر کامیاب رہی، جس نے ملکی و عالمی سطح پر 380 کروڑ روپے کا مجموعی بزنس کیا۔