بالی ووڈ

10 بھارتی اسٹارز جنہوں نے ہالی وڈ کی مشہور فلمیں ٹھکرائیں

مقبول ہالی وڈ فلموں میں کردار کی پیشکش ٹھکرانے والے 10 بالی وڈ اسٹارز

Web Desk

10 بھارتی اسٹارز جنہوں نے ہالی وڈ کی مشہور فلمیں ٹھکرائیں

مقبول ہالی وڈ فلموں میں کردار کی پیشکش ٹھکرانے والے 10 بالی وڈ اسٹارز

10 بھارتی اسٹارز جنہوں نے ہالی وڈ کی مشہور فلمیں ٹھکرائیں
10 بھارتی اسٹارز جنہوں نے ہالی وڈ کی مشہور فلمیں ٹھکرائیں

بالی وڈ اسٹارز اور ان کی فلموں کی چکا چوند صرف بھارت نہیں بلکہ پوری دنیا میں پھیلی ہوئی ہے۔

ہالی وڈ کے بڑے بڑے اداکار اور ڈائریکٹرز بھی بھارتی میگا اسٹارز کی صلاحیتوں کے معترف ہیں اور ان کے ساتھ فلمیں تخلیق کرنے کے خواہاں ہیں۔

آئیے جانتے ہیں اُن 10 نامور بالی وڈ اسٹارز کے بارے میں جنہوں نے مشہور ہالی وڈ فلموں میں کردار کی پیشکش ٹھکرادی۔

1۔ عرفان خان

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

انگریزی میڈیم (2020) اور دی لنچ باکس (2014) جیسی مشہور فلموں میں اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا لوہا منوانے والے آنجہانی اداکار عرفان خان کو ہالی وڈ کے معروف ہدایتکار کرسٹوفر نولن کی آسکر ایوارڈ کیلئے نامزد شاہکار فلم 'انٹرسٹیلر' میں کردار کی پیشکش کی گئی تھی، لیکن انہوں نے اس آفر کو ٹھکرا دیا۔

دراصل اس فلم میں یہ کردار ادا کرنے کے لیے عرفان خان کو مسلسل 4 ماہ تک امریکہ میں مقیم رہنا ضروری تھا لیکن بھارت میں جاری دیگر پروجیکٹس میں مصروفیت کے سبب اُن کے لیے یہ ممکن نہیں تھا۔

تاہم 2020 میں علالت کا شکار ہونے سے قبل عرفان خان نے ہالی وڈ کی کئی کامیاب فلموں، مثلاً دارجلنگ لمیٹڈ، جراسک ورلڈ اور سلم ڈاگ ملینیئر میں نمایاں کردار ادا کیا۔

2۔ دپیکا پڈوکون

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

بالی وڈ میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکاراؤں میں سرفہرست دیپیکا پڈوکون بھارتی سنیما کا ایک نمایاں چہرہ ہیں۔

انہوں نے 2017 میں ون ڈیزل کے ساتھ ہائی آکٹین ایکشن فلم xXx: Return of Xander Cage سے ہالی وڈ میں قدم رکھا۔

لیکن اس سے قبل دیپیکا کو 2015 میں ریلیز ہونے والی بلاک بسٹر فلم فاسٹ اینڈ فیوریس 7 میں بھی کردار کی پیشکش کی گئی تھی، لیکن دپیکا نے یہ آفر مسترد کردی کیونکہ دیپیکا ان دنوں اپنی بالی وڈ ایکشن کامیڈی فلم 'ہیپی نیو ایئر' کی شوٹنگ میں مصروف تھیں۔

3۔ گووندا

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

کئی لوگوں کیلئے شاید یہ بات ہضم کرنا مشکل ہو لیکن معروف بالی وڈ اداکار گووندا کا دعویٰ ہے کہ انہیں 'ٹائی ٹینک' فلم کے ڈائریکٹر جیمز کیمرون کی مشہور زمانہ فلم 'اوتار' میں کردار کی آفر ہوئی تھی۔

تاہم ان کے اِس دعوے کی چھان بین ہوئی تو یہ انکشاف سامنے آیا کہ درحقیقت گووندا کو 'اوتار' نام کی ہی کسی اور فلم میں کردار کی پیشکش ہوئی تھی جوکہ جیمز کیمرون کی 'اوتار' سے بالکل الگ فلم تھی۔

مگر گووندا کا اصرار ہے کہ جیمز کیمرون کو ان کی بلاک بسٹر فلم کیلئے 'اوتار' نام انہوں نے ہی تجویز کیا تھا۔

4۔ نصیر الدین شاہ:

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

مشہور زمانہ فلم سیریز 'ہیری پوٹر' کے مداحوں کیلئے یہ تصور کرنا مشکل تھا کہ 'ڈمبلڈور' کا کردار آنجہانی اداکار رچرڈ ہیرس کی موت کے بعد کون نبھائے گا؟

مگر 2002 میں رچرڈ ہیرس کی موت کے بعد آنجہانی اداکار مائیکل گیمبن نے ہیری پورٹر کے اگلی تمام فلموں میں 'ڈمبلڈور' کا کردار  بخوبی نبھایا۔

لیکن کیا آپ یہ تصور کر سکتے ہیں کہ بالی وڈ اداکار نصیر الدین شاہ 'ہیری پوٹر' سیریز میں 'ڈمبلڈور' کا کردار نبھاتے کیسے نظر آتے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نصیر الدین شاہ کو ان کے ایجنٹ نے 'ڈمبلڈور' کے کردار کے لیے آڈیشن دینے پر زور دیا تھا، لیکن انہوں نے انکار کر دیا تھا۔

5۔ ایشوریا رائے:

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

دہائیوں سے بالی وڈ پر راج کرنے والی سابقہ مس ورلڈ ایشوریا رائے کو ہالی وڈ فلم 'ٹرائے' میں اداکار بریڈ پٹ کے مدمقابل کردار 'برائسس' کی پیشکش کی گئی تھی۔

تاہم ایشوریا رائے نے اس کردار کے 'بولڈ' مناظر پر تحفظات کا اظہار کرنے کے بعد اس آفر کو ٹھکرا دیا تھا۔

بعدازاں یہ فلم اکیڈمی ایوارڈ کے لیے نامزد ہوئی اور بریڈ پٹ کے کیریئر کی نمایاں ترین فلموں میں سے ایک بن گئی۔

6۔ شاہ رخ خان

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

بالی وڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کو انکی دل چھو لینے والی اداکاری کے لیے عالمی سطح پر جانا جاتا ہے، انہیں نوے کی دہائی کے آخر اور 2000 کی دہائی کے اوائل کے معروف ترین رومانوی ہیرو کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

بھارتی میڈیا سے گفتگو کے دوران شاہ رخ خان تصدیق کرچکے ہیں کہ کون بنے گا کروڑ پتی کے پروڈیوسرز نے ڈینی بوئل کی مشہور فلم 'سلم ڈاگ ملینیئر' میں پریم کمار کا کردار ادا کرنے کیلئے اُن کا نام تجویز کیا تھا۔

تاہم شاہ رخ خان نے محسوس کیا کہ یہ کردار ان کے لیے مناسب نہیں رہے گا لہٰذا انہوں نے بہت زیادہ سوچ بچار کیے بغیر یہ آفر مسترد کردی۔

بالآخر انیل کپور نے یہ کردار ادا کرنے کی پیشکش قبول کرلی اور اِس فلم نے 2009 کے اکیڈمی ایوارڈز میں بہترین فلم کا ایوارڈ بھی حاصل کیا۔

7۔ پریانکا چوپڑا:

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

'جونس برادرز' کے نک جونس کے ساتھ شادی کے بعد بالی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا اور زیادہ نامور چہرہ بن چکی ہیں، جو ہالی وڈ اور بالی وڈ دونوں میں بےانتہا مقبول ہیں۔

بالی وڈ میں کئی مشہور فلموں کے علاوہ پریانکا چوپڑا ہالی وڈ میں ڈوین جانسن اور زیک ایفرون کے ساتھ اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔

انہیں ترسیم سنگھ کی فلم 'اممورٹلز' میں بھی ایک کردار کی پیشکش کی گئی تھی، جس میں معروف ہالی وڈ اداکار ہنری کیول مرکزی کردار ادا کررہے تھے۔

تاہم ان دنوں پریانکا چوپڑا بالی وڈ فلم 'سات خون معاف' کی شوٹنگ میں مصروف تھیں، جس کی وجہ سے انہوں نے یہ آفر مسترد کر دی۔

8۔ ہریتک روشن

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

ایشیا کے پُرکشش اداکاروں میں سرفہرست بالی وڈ اداکار ہریتک روشن کو ڈانس کا بادشاہ سمجھا جاتا ہے۔

ایک انٹرویو میں ہریتک روشن نے انکشاف کیا کہ انہوں نے اپنے مصروف شیڈول کے سبب بلاک بسٹر ہالی وڈ فلم 'فاسٹ اینڈ فیوریس 7' میں اداکاری کی پیشکش ٹھکرا دی تھی۔

بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق ہریتک روشن کو ہالی وڈ فلم 'پنک پینتھر 2' میں بھی ویسینٹ کے کردار کی پیشکش کی گئی تھی، لیکن انہوں نے یہ آفر بھی ٹھکرا دی۔

9۔ اکشے کمار:

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

بالی وڈ کے کھلاڑی اداکار اکشے کمار کی حالیہ کچھ عرصے سے ایک کے بعد ایک فلمیں باکس آفس پر ناکام ثابت ہورہی ہیں۔

ایک انٹرویو میں اکشے کمار نے انکشاف کیا تھا کہ انہیں ڈوین جانسن کے مدمقابل ہالی وڈ فلم میں کردار کی پیشکش ہوئی تھی، لیکن انہوں نے انکار کر دیا۔

اکشے کمار کا کہنا تھا کہ وہ دراصل اپنے بالی وڈ کریئر پر توجہ مرکوز رکھنا چاہتے تھے۔ اُن کا کہنا تھا کہ 'یہاں بھارت میں ہی میری بہت بڑی فین فالووئنگ ہے، میں ہالی وڈ میں فٹ نہیں ہوں گا'۔

10۔ دلیپ کمار

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

بالی وڈ اداکار دلیپ کمار بھارتی فلم انڈسٹری کا نمایاں ترین نام تھے جنہوں نے مغلِ اعظم سمیت کئی لازوال فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

بھارتی میڈیا میں یہ خبریں بھی زیرِگردش رہیں کہ دلیپ کو آسکر ایوارڈ یافتہ ہالی وڈ فلم 'لارنس آف عریبیہ' میں کردار کی پیشکش کی گئی تھی مگر انہوں نے انکار کردیا، اگر وہ اس پیشکش کو قبول کر لیتے تو یہ ہالی وڈ میں ان کی پہلی فلم بن جاتی۔

کہا جاتا ہےکہ یوسف خان نے یہ کہہ کر اس کردار کو مسترد کردیا تھا کہ 'مجھے اپنے آپ کو ثابت کرنے کے لئے ہالی وڈ کی ضرورت نہیں ہے'۔

واضح رہے کہ 'لارنس آف عربیہ' فلم 10 اکیڈمی ایوارڈز کیلئے نامزد کی گئی تھی اور ان میں سے 7 ایوارڈز جیتنے میں کامیاب رہی۔