پاکستان

پاکستان کے پہلے ہندو ASP راجندر میگھوار کون ہیں؟

ضلع بدین سے تعلق رکھنے والے راجندر نے فیصل آباد میں عہدے کا چارج سنبھال لیا

Web Desk

پاکستان کے پہلے ہندو ASP راجندر میگھوار کون ہیں؟

ضلع بدین سے تعلق رکھنے والے راجندر نے فیصل آباد میں عہدے کا چارج سنبھال لیا

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک ہندو راجندر میگھوار اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس(اے ایس پی) تعینات ہو گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سندھ کے ضلع بدین سے تعلق رکھنے والے راجندر میگھوار نے فیصل آباد میں اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔

فیصل آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق پہلے ہندو افسر راجندر میگھوار کی تعیناتی گلبرگ سرکل میں بطور اے ایس پی ہوئی ہے۔

راجیندر میگھوار کا کیا کہنا ہے؟

بطور اے ایس پی تعینات کیے گئے راجیندر میگھوار کا کہنا ہے کہ عوام کی خدمت کا خواب حقیقت میں ڈھلنے پر انتہائی خوش ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پولیس ڈیپارٹمنٹ میں رہ کر ہم لوگوں کے وہ مسئلے حل کر سکتے ہیں جو باقی محکموں میں رہ کر نہیں کر سکتے۔

اُن کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں لگتا کہ باقی محکموں میں رہتے ہوئے ہم کمیونٹی کے لوگوں کے لیے اتنا آن گراؤنڈ کام کرسکتے ہیں۔

پولیس حکام بھی پُرامید

پاکستان کے پہلے ہندو نوجوان کی بطور اے ایس پی تعیناتی پر پولیس حکام بھی پُرامید ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ راجیندر امن و امان کے ساتھ ساتھ اقلیتوں کے مسائل حل کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہمارے پاس ایک ہندو افسر ہے، ان کی شمولیت فیصل آباد میں بہت اچھی ثابت ہوگی اس سے پولیس میں تنوع کا عنصر بڑھے گا۔

راجندر مینگھوار کون ہیں؟

صوبہ سندھ کے دور دراز علاقے بدین سے تعلق رکھنے والے راجندر میگھوار کے والد لعل جی پیشے کے اعتبار سے ڈاکٹر ہیں۔

راجندر میگھوار نے میٹرک تک تعلیم اپنے گاؤں سے حاصل کی اور پھر اعلیٰ تعلیم کے لیے یونیورسٹی آف سندھ جامشورو میں داخلہ لیا جہاں سے انہوں نے انگلش لٹریچر میں بیچلرز کی ڈگری حاصل کی۔

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

راجندر میگھوار نے بیچلرز کی تعلیم دسمبر 2019 میں مکمل کی جس کے بعد وہ لاہور چلے آئے۔ لاہور میں انہوں نے 6 ماہ تک مقابلے کے امتحان کے لیے تیاری کی۔

انہوں نے مقابلے کا امتحان سنہ 2021 میں پاس کیا جس کے بعد وہ پولیس سروسز میں شامل ہوئے۔

رواں برس قذافی سٹیڈیم میں کئی میچز کے دوران وہ سکیورٹی ڈیوٹی انجام دے چکے ہیں تاہم فیصل آباد پولیس میں یہ ان کی پہلی باقاعدہ تعیناتی ہے۔