دلچسپ و خاص

انسان اور کتے کی دوستی کتنی پرانی؟ حیران کن تحقیق سامنے آگئی

تازہ تحقیق کے برعکس ماضی میں کی جانے والے تحقیق کے نتائج مختلف تھے

Web Desk

انسان اور کتے کی دوستی کتنی پرانی؟ حیران کن تحقیق سامنے آگئی

تازہ تحقیق کے برعکس ماضی میں کی جانے والے تحقیق کے نتائج مختلف تھے

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

ایک نئی تحقیق میں انکشاف سامنے آیا ہے کہ انسانوں اور کتوں کے درمیان دوستی تقریباً 12 ہزار سال قبل شروع ہوئی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق تازہ تحقیق کے برعکس ماضی میں کی جانے والے تحقیق میں یہ تخمینہ لگایا گیا تھا کہ انسان اور کتوں کے درمیان دوستی 10 ہزار سال پرانی ہے۔

یونیورسٹی آف ایریزونا کے محققین کی جانب سے کی گئی تازہ تحقیق کے نتائج رواں ہفتے سائنس ایڈوانسز نامی جریدے میں شائع ہوئے۔

نئی تحقیق سے پتا چلتا ہے کہ الاسکا سے ملنے والے آثار قدیمہ کی باقیات کے مطابق انسان اور کتوں کے درمیان قریبی تعلق قائم ہونے کا سلسلہ 12 ہزار سال قبل شروع ہوچکا تھا۔

اسکول آف اینتھروپولوجی کے اسسٹنٹ ریسرچ پروفیسر فرانکوئس لانو کی سربراہی میں محققین نے 2018 میں الاسکا میں سوان پوائنٹ نامی قدیم آثار قدیمہ کے مقام پر ایک بالغ کتے کی نچلی ٹانگ کی ہڈی دریافت کی تھی۔

اس ہڈی کی ریڈیو کاربن ڈیٹنگ سے یہ بات سامنے آئی کہ یہ کتا تقریباً 12 ہزار سال قبل زندہ تھا، جب برفانی دور (آئس ایج) کے اختتام کا وقت قریب تھا، اور اس کتے کے انسانوں کے ساتھ قریبی رابطے میں ہونے کی علامات ظاہر ہوئیں۔

کتے کی دریافت شدہ ہڈی کے کیمیائی تجزیوں میں سالمن پروٹین کا بڑا حصہ ملا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ کتا باقاعدگی سے مچھلی کھا رہا تھا۔

اُس زمانے میں اِس علاقے میں پائے جانے والے کتے مچھلی نہیں کھاتے تھے اور زمین پر موجود جانوروں کا شکار کرتے تھے، جس کی وجہ سے محققین نے یہ تھیوری پیش کی ہے کہ انسانوں پر انحصار ہونے کیوجہ سے مچھلی اِس کتے کی غذا میں شامل تھی۔

قبل ازیں جون 2023 میں اسی علاقے کے قریب ایک کتے کی 8 ہزار ایک سو سال پرانی جبڑے کی ہڈی ملی تھی جس کی جانچ کے دوران اسی طرح کے نتائج سامنے آئے تھے۔

دونوں دریافتیں اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ انسانوں اور کتوں کے درمیان دوستی کا تعلق صدیوں پرانا ہے لیکن سائنسدانوں کا خیال ہے کہ یہ کہنا ابھی قبل از وقت ہے کہ اس تعلق کا آغاز 12 ہزار سال قبل ہی ہوا یا یہ اِس سے بھی پرانا ہے۔