بالی وڈ کے وہ اسٹار کڈز جو ’سے نو ٹو ایکٹنگ’ پر قائم رہے
یہ وہ اسٹار کڈز ہیں جنہوں نے والدین کی طرح اداکاری کا پیشہ اپنانے سے انکار کردیا
بالی وڈ فلم نگری اور یہاں کے اداکاروں کی جتنی باتیں کی جائے کم ہیں کیونکہ یہ وہ دنیا ہے جہاں سے ایکٹنگ میں مہارت رکھنے والے فنکار یا تو اپنی اداکاری سے خاصے مشہور ہیں یا پھر کسی اسکینڈل کے سبب انکا نام موضوع بحث بنتا ہے۔
اور اگر ان میں اسٹار کڈز بھی شامل ہوجائیں تو یہ فنکار خبروں کی زینت بننے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔
اسٹار کڈز کی بات کی جائے تو بالی وڈ فلم نگری میں نامور اداکاروں کی بچوں نے بھی اپنے والدین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اداکاری کا پیشہ اپنایا اور کم عمری میں ہی شہرت کی منازل طے کرلیں لیکن ایسا سب کی قسمت میں نہیں کیونکہ کئی فنکار ایسے بھی ہیں جنکے بچوں نے والدین کے نقش قدم پر چلنے سے انکار کیا اور مختلف پیشوں سے وابستہ ہوگئے۔
یہ وہ بالی وڈ اسٹار کڈز ہیں جنہوں نے اداکاری سے ہٹ کر کیرئیرز کا انتخاب کیا ہے، یہ ظاہر کرتے ہوئے کہ ان کی امنگیں سلور اسکرین سے کہیں آگے ہیں۔
تو آئیے جانتے ہیں ان کڈز کی جنہوں نے اپنی منفرد راہیں اپنائیں۔
نویا نویلی نندا:
والدین کے پیشے سے بغاوت کرکے مختلف پیشہ اپنانے والی بچن خاندان کی نواسی نویا نویلی نندا کا نام اس فہرست میں سرفہرست ہے جنہوں نے اپنے خاندان کے افراد کے پیشے سے ہٹ اپنے لیے نئے راستے کا انتخاب کیا۔
اگرچہ کہ چند ماہ قبل یہ افواہیں بھی سرگرم ہوئیں تھیں کہ نویا جلد ہی فلم نگری میں ڈیبیو کیلئے تیار ہیں لیکن جلد ہی ان افواہوں کا سلسلہ اس وقت ختم ہوا جب شویتا بچن نے ایک انٹرویو میں یہ واضح کیا کہ نویا کا اداکاری سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی ہوگا۔
شویتا بچن کا کہنا تھا کہ ’ مجھے لگتا ہے کہ آپ سب جانتے ہی ہیں کہ نویا کس کام کا شوق رکھتی ہیں اور وہ اس میں ہی مصروف ہے اور مجھے نہیں لگتا کہ بالی وڈ انڈسٹری میں آنے کا نویا کوئی ارادہ رکھتی ہے‘۔
واضح رہے کہ نویا نے اپنے نانا، نانی، ماموں اور مامی کی طرح اداکاری کو نہیں اپنایا بلکہ انکا خواب اس سے کہیں بڑھ کر تھا اسی لیےشویتا بچن نندا اور صنعت کار نکھل نندا کی بیٹی نویا نے اداکاری سے ہٹ کر کاروبار کی طرف اپنے بڑھتے رجحان کا انکشاف کیا۔
اور اسی خواب کو پورا کرنے اور واضح شناخت بنانے کے سفر میں داخل ہوتے ہوئے نویا نویلی نندا نے مشہور آئی آئی ایم-احمد آباد میں ایم بی اے پروگرام میں داخلہ لے لیا ہے۔واضح رہے کہ یہ کورس ایک بلینڈڈ (ہائبرڈ) پروگرام ہے جو کیمپس میں منعقد ہونے والے سیشنز اور آن لائن لائیو انٹرایکٹیو سیشنز کو ملا کر بنایا گیا ہے۔
یہ پروگرام ایسے تجربہ کار شرکاء کے لیے تیار کیا گیا ہے جن کے پاس کم از کم تین سال کا تجربہ ہو۔ اس کورس کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ طلباء، جو کام کرنے والے پیشہ ور افراد اور کاروباری حضرات بھی ہیں، اپنی کام کی زندگی اور تعلیمی مقاصد کے درمیان توازن برقرار رکھ سکیں۔
ساتھ ہی نویا نے ’آرا ہیلتھ" کے نام سے ایک ہیلتھ کیئر پلیٹ فارم کی بنیاد رکھی ہے جو خواتین کے صحت کے مسائل پر مرکوز ہے۔ نویا خواتین کی صحت کے حوالے سے معاشرتی سوچ کو بدلنے کی بات کرتی ہیں اور خواتین کو علاج اور تعلیم حاصل کرنے کی حوصلہ افزائی کرتی ہیں۔
سوشل انٹرپرینیورشپ پر توجہ مرکوز کر کے، نویا نے فلم انڈسٹری سے بالکل مختلف اپنی الگ جگہ بنائی ہے۔
آئرا خان:
اداکاروں کے بچوں کے حوالے سے عموماً یہی قیاس کیا جاتا ہے کہ ان کے بچے بھی اسی کیریئر کا انتخاب کریں گے لیکن عامر خان کی بیٹی آئرا خان بھی ان چند کڈز میں شامل ہیں جنہوں نے اپنے والد کے نقشِ قدم پر نہ چلنے کا انتخاب کیا۔
اور اسی فیصلے کو مد نظر رکھتے ہوئے آئراخان خان دماغی صحت میں مدد دینے والی ایک تنظیم میں شامل ہوگئیں اور اس تنظیم کی بانی اور سی ای او منتخب ہوگئیں جسکے ذریعےوہ ڈپریشن کے خلاف اپنی جدوجہد کے بارے میں آواز اٹھاتی نظر آتی ہیں۔
علاوہ ازیں انہوں نے آرٹس کی دنیا میں بھی قدم رکھا ہے، لیکن اپنے والد کے برعکس وہ کیمرے کے پیچھے کام کرنا پسند کرتی ہیں۔
بھاتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آئرا خان کی ڈائریکشن کا پہلا تجربہ یوریپیڈیز کے تھیٹر پروڈکشن "میڈیا" سے ہوا، جس نے ان کے کہانی سنانے اور تھیٹر کے شوق کو ظاہر کیا۔
انہوں نے واضح کیا ہے کہ وہ پردے کے پیچھے تخلیقی کام کرنے سے لطف اندوز ہوتی ہیں، اور اپنے والد کی طرح اداکاری کے بجائے پرفارمنگ آرٹس میں کیریئر بنا رہی ہیں۔
شوَیتا بچن:
بچن خاندان کے ایک اور فرد کا ذکر کیا جائے تو وہ کوئی اور نہیں بلکہ امیتابھ بچن کی بیٹی شویتا ہیں جنہوں نے اداکاری کے میدان سے دور رہتے ہوئے لکھائی اور کاروبار میں کیریئر بنایا ہے۔
شویتا کو لکھنے کا بے حد شوق تھا اسی لیے انہوں نے کیمرے کی نظروں اور اسکرین کی دنیا سے خود کو دور رکھتے ہوئے ایک مصنفہ بنے کا خواب دیکھا ،اور پہلا ناول"پیراڈائز ٹاورز" لکھ ڈالا جو قارئین میں بے حد مقبول ہوا۔
ایک مصنفہ ہونے کے علاوہ شوَیتا فیشن کی دنیا میں بھی سرگرم ہیں اور ڈیزائنر مونیشا جیسنگ کے ساتھ لگژری برانڈ "MxS" کی شریک مالک بھی ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ انہوں نے بالی وڈ کے مشہور خاندان کا حصہ ہونے کے باوجود اداکاری کا پیشہ اپنانے سے گریز کرتے ہوئے ادب اور کاروبار میں اپنی پہچان بنانے کی خواہش کی اور کامیاب ہوگئیں۔
جہانوی مہتا:
نیو یارک میں واقع کولمبیا یونیورسٹی سے گریجویشن کی ڈگری حاصل کرنے والی جوہی چاولہ اور جے مہتا کی بیٹی جھانوی مہتا بھی اس فہرست میں شمار کی جاتی ہیں جنہوں نے اپنی والدہ سپر اسٹار جوہی کی طرح اداکاری کا انتخاب نہیں کیا بلکہ اپنی الگ پہچان بنانے کی کوشش کی۔
جوہی چاولہ کی بیٹی، جھانوی مہتا نے فلم انڈسٹری سے دور رہ کر کھیل اور کاروبار میں اپنی دلچسپی پیدا کی اور اسی دلچسپی کے سبب وہ کلکتہ نائٹ رائیڈرز (KKR) کرکٹ ٹیم کے معاملات میں گہرا لگاؤ رکھتی ہیں، جو ان کی والدہ اور شاہ رخ خان کی مشترکہ ملکیت ہے۔
اورکرکٹ اور ٹیم مینجمنٹ میں ان کی دلچسپی نے انہیں اپنی والدہ کی بالی ووڈ کیرئیر سے بالکل مختلف راستے پر گامزن کیا ہے۔
ریہا کپور:
انیل کپور کی بیٹی اور سونم کپور کی بہن ریہا کپور کی بات کریں تو انہوں نے اپنی اداکار فیملی سے ہٹ کر اپنے پیشے کا انتخاب کیا۔
اگرچہ کہ ریہا کپور نے اپنی بہن سونم کپور کے برعکس، جو اداکاری کے میدان میں آگے بڑھیں، فلم پروڈیوسر اور فیشن ڈیزائنر کے طور پر کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے "عائشہ" اور "ویرے دی ویڈنگ" جیسی فلمیں پروڈیوس کیں اور اپنی بہن سونم کے ساتھ فیشن لائن "ریہسن" (Rheson) کی مشترکہ بنیاد رکھی۔
علاوہ ازیں ریہا نے فلم پروڈکشن اور فیشن میں پردے کے پیچھے کام کرنے کو ترجیح دی، جس نے انہیں انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں اپنی منفرد شناخت بنانے کا موقع دیا، بغیر اداکاری کے میدان میں قدم رکھے یا مرکزِ نگاہ بنے۔







