فلم / ٹی وی

2024 پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیے کیسا سال رہا ؟

2024 میں 11 پاکستانی فلمیں ریلیز ہوئیں

Web Desk

2024 پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیے کیسا سال رہا ؟

2024 میں 11 پاکستانی فلمیں ریلیز ہوئیں

یہ سال پاکستانی فلموں کےلیے خوشگوار ثابت نہیں ہوا
یہ سال پاکستانی فلموں کےلیے خوشگوار ثابت نہیں ہوا

سال 2024 بھی پاکستانی فلموں کے لیے مایوس کن ثابت ہوا، اس سال کوئی پاکستانی فلم قابل ذکر کامیابی حاصل نہیں کرسکی، 2023 تو مولا جٹ کے نام رہا تھا لیکن اس سال کوئی ایسی فلم نہیں تھی جس کا چرچا ہوپاتا۔

کچھ فلمسازوں نے ہمت پکڑ کر فلمیں بنائیں لیکن وہ فلم بینوں کو سینماؤں تک لانے میں ناکام رہیں، تاہم کچھ فلمیں لازمی نظروں میں آئیں۔

رواں سال پاکستان میں 11 فلمیں ریلیز ہوئیں جن میں کچھ نے ہی قابل ذکر پرفارمنس دی۔

کچھ سالوں پہلے پاکستانی فلموں کے احیا پر کام شروع ہوا تھا اور اس میں کامیابی بھی ملی تھی اور پاکستان میں اچھی فلمیں بننا شروع بھی ہوئیں لیکن پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے آگے فلمیں دب کر رہ گئیں، یہی ایک بڑی وجہ ہے کہ مشہور ڈراموں کی آخری قسط کو سینما گھروں میں پیش کیا گیا جس کو دیکھنے ناظرین کی بڑی تعداد سینما  آئی۔

ذیل میں ہم ان کچھ پاکستانی فلموں کا ذکر کریں گے جو اس سال پردے پر آئیں

عمرو عیار:

اسنیپ گریب گوگل
اسنیپ گریب گوگل

'عمرو عیار' ایک سحرانگیز کردار، جس کا نام ہی ہمیں تخیلاتی دنیا میں لے جاتا ہے جہاں جادوگر، جنوں، پریوں کے ساتھ چالاکی و عیاری کا شہنشاہ اپنی ''کمالاتی زنبیل'' کے ساتھ موجود ہوتا ہے۔

اس فلم میں وی ایف ایکس افکیٹ پر بھی خاصا کام کیا گیا لیکن فلم بینوں کو اس وقت مایوسی ہوئی جب وہ عمرو عیار کا سوچ کر سینما گھروں میں پہنچے اور فلم میں عمرو عیار کا کوئی نام و نشان بھی نہیں تھا۔

فلم میں عثمان مختار ، فرحان طاہر،صنم سعید ، علی کاظمی اور حمزہ علی عباسی نے مرکزی کردار نبھائے۔

’عمروعیار‘ تاہم رواں سال سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں میں سرفہرست ہے، عمرو عیار نے 13 کروڑ روپے کی آمدنی حاصل کی۔

دغا باز دل

اسنیپ گریب گوگل
اسنیپ گریب گوگل

اس فلم میں ہارر اور کچھ کامیڈی کا عنصر شامل ہے، فلم میں مرکزی کردار مہوش حیات نے نبھایا ہے ، فلم میں دکھایا گیا ہے کہ مہوش حیات پر جنات ہوتے ہیں اور جب اداکارہ کا علاج کروانے کی کوشش کی جاتی ہے تو ان کے گھر والے کہتے ہیں کہ اس کی شادی کردیتے ہیں، شادی کے بعد جنات سے چھٹکارا مل جائے گا۔

اداکارہ کے گھر والے ان کے چاچا کے بیٹے کے ساتھ ان کا رشتہ طے کرتے ہیں لیکن لڑکا لڑکی دونوں ہی اس رشتے کے خلاف ہوتے ہیں اور اپنی شادی رکوانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرتے ہیں لیکن آخر میں دونوں کو ایک دوسرے سے محبت ہوجاتی ہے۔

’دغا باز دل‘ میں مہوش حیات، علی رحمان اور مومن ثاقب نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں جب کہ دیگر کاسٹ میں سلیم شیخ، لیلیٰ واسطی، بابر علی اور شاعر علی بھی شامل ہیں، فلم نے باکس آفس پر 12 کروڑ سے زائد کمائی کی ہے۔

مستانی

اسنیپ گریب گوگل
اسنیپ گریب گوگل

عثمان رضوی کی ڈائریکشن میں بننے والی فلم " مستانی" میں مرکزی کردار آمنہ الیاس اور عفان حیدر نے نبھائے ہیں، فلم ایک لڑکے اور لڑکی کی محبت کی کہانی پر ہے۔

فلم کی دیگر کاسٹ میں حرا خان، عادی عدیل امجد، پروین اکبر، شاہنواز زیدی، عباس اشرف اعوان اور آمنہ ملک شامل ہیں۔ فلم نے 10 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کیا۔

نابالغ افراد

اسنیپ گریب گوگل
اسنیپ گریب گوگل

یہ دو نو عمر لڑکوں کی کہانی ہے ، ان کا تعلق 90 کی دہائی سے ہے اور فلم اسی زمانے کو پیش کرتی ہے۔

فلم میں ان دونوں بچوں کو فلم دیکھنے کے لیے وی سی آر کرائے پر لینا پڑتا ہے۔ اس وقت چیزیں اس طرح میسر نہیں تھیں جیسے آج ہیں۔ ان کی معصومیت آج کے دور کے بچوں سے دس گنا زیادہ ہے۔ اسی معصومیت اور ’کول‘ بننے کے دباؤ کی وجہ سے انھیں کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

فلم محدود بجٹ سے بنائی گئی اور فلم کی شوٹنگ بھی صرف 17 دنوں میں مکمل کی گئی، اس فلم کے مرکزی کرداروں میں نوجوان اداکار ثمر جعفری اورعاشر وجاہت شامل ہیں۔ اس فلم نے6 کروڑ روپے کا بزنس کیا ہے۔

ٹکسالی گیٹ:

اسنیپ گریب گوگل
اسنیپ گریب گوگل

اس فلم کا چرچا سوشل میڈیا پر بہت زیادہ رہا، یہ ایک کرائم تھرلر مووی ہے جس کی ڈائریکشن ابوعلیحیہ نے دی ہے، فلم کے مرکزی کرداروں میں یاسر حسین،عائشہ عمر، مہربانو اور نیئر اعجاز شامل ہیں۔

ٹکسالی گیٹ میں دکھایا گیا ہےکہ ناانصافی کے شکار لوگ اپنے حق کے لیے اٹھتے ہیں اور جوڈیشل سسٹم کی خامیوں پر آواز اٹھاتے ہیں۔

فلم لاہور کے ٹکسالی گیٹ پر ہی شوٹ کی گئی تھی، اس فلم نے 5 کروڑ روپے کا بزنس کیا ۔

لیچ:

اسنیپ گریب گوگل
اسنیپ گریب گوگل

کراچی میں ریئل اسٹیٹ کے گورکھ دھندے سمیت دیگر شعبوں سے منسلک افراد کے لرزہ خیز قتل کے واقعات کے گرد گھومتی کہانی پر بنائی گئی فلم میں نوید رضا نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔

نوید رضا فلم میں پولیس افسر کے روپ میں نظر آتے ہیں جو کہ قتل ہونے والے متعدد افراد کی گتھی سلجھاتے دکھائی دیتے ہیں۔

فلم میں عدیلہ سلیم اور فہیمہ اعوان سمیت دیگر اداکاروں نے بھی مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔

یہ فلم جشن آزادی کے موقع پر ریلیز ہوئی تھی اور اس نے 5 کروڑ روپے کا بزنس کیا تھا۔

ابھی

اسنیپ گریب گوگل
اسنیپ گریب گوگل

اس فلم کی کاسٹ میں کبریٰ خان ، سلیم شیخ، عثمان پیرزادہ، محمود اسلم، احتشام الدین، یاسرہ رضوی، حنا بیات اور آصف رضا میر شامل ہیں، فلم کی شوٹنگ کشمیر کے دلفریب مقامات پر کی گئی ہے، فلم کی کہانی قوم پرستی کے گرد گھومتی ہے۔

'ابھی' فلم کے ٹائٹل ٹریک میں عالمی شہرت یافتہ قوال استاد راحت علی فتح خان اور گلوکارہ آئمہ بیگ اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔اس فلم نے 4 کروڑ روپے کا بزنس کیا ہے

دی گلاس ورکر

اسنیپ گریب گوگل
اسنیپ گریب گوگل

یہ ایک اینی میٹڈ فلم ہے، جس کی خصوصیت یہ ہے کہ اس کے تمام کرداروں کو کمپیوٹر کے بجائے ہاتھ سے بنایا گیا ہے

اس فلم کو انگریزی اور اردو میں فلم بینوں کے لیے پیش کیا گیا ہے۔ یہ پاکستان، جاپان، امریکا سمیت 50 سے زائد ممالک میں نمائش پذیر ہوئی۔

”دی گلاس ورکر“ کی کہانی محبت اور آگ کے شعلوں میں لپٹی ہوئی محبت کی دل چھولینے والی داستان ہے، کہانی میں ونسنٹ اپنے والد کے ساتھ شیشے کی ایک ورکشاپ چلاتے ہیں۔ ان کی زندگی اس وقت بدلتی ہے جب فلم کی کردار الیس کی اپنے والدین سمیت ان کے علاقے میں آمد ہوتی ہے۔ فوج کے ایک کرنل کی بیٹی الیس وائلن بجانے کا ہنر جانتی ہے، ملک میں ہونے والی جنگ سب کی زندگیوں کو متاثر کرتی ہے۔

فلم کو آسکر ایوارڈ کے لیے بھی نامزد کیاگیا ہے۔ فلم نے ساڑھے تین کروڑ روپے کا بزنس کیا ہے۔

نایاب

اسنیپ گریب گوگل
اسنیپ گریب گوگل

بچپن سے کرکٹ کھیلنے کی شوقین، خاندان اور سماجی مسائل کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے والی لڑکی کی کہانی پر مبنی فلم ’نایاب‘ نے دو کروڑ 80 لاکھ روپے کا بزنس کیا ہے۔

فلم میں فواد خان، یمنیٰ زیدی، جاوید شیخ، عدنان صدیقی مرکزی کرداروں میں موجود ہیں

جاوید شیخ نے نایاب کے والد کا کردار ادا کیا ہے جہاں وہ نایاب کے کرکٹ کھیلنے کے خلاف ہیں جبکہ بھائی کا کردار محمد فواد خان نے ادا کیا ہے جہاں وہ کرکٹ اکیڈمی جوائن کرنے سے قومی ٹیم میں سلیکشن تک نایاب کا بھرپور ساتھ دیتے ہیں۔

اس فلم کا بھارت کے انٹرنیشنل فلم فیسٹول میں بھی پیش کیا گیا تھا۔

پوپے کی ویڈنگ

اسنیپ گریب گوگل
اسنیپ گریب گوگل

فلم کی کہانی ایک ایسے شخص کے گرد گھومتی ہے جس کا خاندان اس کی جلد سے جلد شادی کرنا چاہتا ہے۔

فلم میں مرکزی کردار خوشحال خان اور نازش جہانگیر نے  ادا کیا ہے، فلم نے محض 80 لاکھ روپے کا بزنس کیا۔

خلاصہ

سال 2024 پاکستانی فلموں کے لیے خوشگوار تو ثابت نہیں ہوا لیکن ایک بات پھر بھی مثبت ہے کہ فلمیں کم از کم بننا بند نہیں ہوئیں، ورنہ پاکستانی فلم انڈسٹری میں ایک ایسا وقت بھی آیا تھا جب فلمیں پروڈیوس ہونا بالکل ہی ختم ہوگئی تھیں اور ایک وقت پاکستانی فلم انڈسٹری میں وہ بھی گزرا ہے جب سو سو فلمیں ایک سال میں ریلیز ہوا کرتی تھیں اور ملک کی تقریباً ہر زبان میں فلمیں بنا کرتی تھیں۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستانی فلمیں بننا شروع ہوئیں تو سینما گھر بھی پھر سے تعمیر ہونا شروع ہوئے لیکن اس کے بعد فلمیں بننا کم ہوگئیں تو سینما گھر بھی ختم کیے جانے لگے ہیں، حال ہی میں کراچی کا مشہور سنگل اسکرین سینما گھر کیپری بھی ختم کردیا گیا ہے۔

تجریہ کاروں کے مطابق، جب پاکستانی فلموں کو سینما ہی نہیں ملیں گے تو وہ بزنس کیسے کریں گی ، اس کے علاوہ بڑے سینما گھروں کے مہنگے ٹکٹ بھی فلم بینوں کو سینما گھروں تک جانے میں روک رہے ہیں۔