رواں سال ولدیت قبول کرنے والے بالی وڈ اسٹارز کون؟
ان جوڑوں نے اس سال اپنے گھر ننھے مہمان کو خوش آمدید کہا
بلاشبہ ہر انسان نئے سال کا آغاز اس امید کیساتھ کرتا ہے کہ اسے ہر کام میں کامیابی نصیب ہو، اسکی ترقی کی راہیں ہموار ہوں، اسکے گھر میں خوشحالی آئے لیکن یہ خوش نصیبی ہر انسان کی قسمت میں نہیں ہوتی۔
کبھی کسی کو کامیابی ملتی تو کہیں کوئی نہ کوئی اپنی ناکامی پر پچھتارہا ہوتا ہے، کسی کے ہاں شادیوں کی شہنائیاں بجتی ہیں تو کسی کے گھر صف ماتم بچھتی ہے، اور اسی کیساتھ کئی گھرانوں میں ننھے مہمانوں کی آمد بھی ہوتی ہے۔
تو آئیے آج ہم بات کرتے ہیں بالی وڈ کی دنیا سے وابستہ ان فنکار جوڑوں کی جنہوں نے اس سال ولدیت قبول کرتے ہوئے اپنے گھر ننھے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔
اور نہ صرف اپنے چاہنے والوں کیساتھ یہ خوشخبری شیئر کی بلکہ حمل کے اعلان سے لے کر دل کو چھو لینے والے بیبی شاورز اور عوامی تقریبات تک، ان بالی وڈ ستاروں نے اپنے مداحوں کو اپنی زندگی کے سب سے یادگار لمحات کا حصہ بنایا۔
ورون دھون اور نتاشا دلال:
بات کریں بالی وڈ کے ہردلعزیز اداکار ورون دھون اور نتاشا دلال کی تو اس جوڑے نے رواں سال کے آغاز یعنی فروری میں اپنے حمل کا اعلان کیا تھا۔
ورون دھون نے اپنے انسٹاگرام ہینڈل کا رخ کرتے ہوئے پوسٹ شیئر کی تھی جس میں انہیں اہلیہ نتاشا کے بے بی بمپ پر محبت سے بھرا بوسہ دیتے دیکھا گیا، بعدازاں حمل کے اعلان کے 4 ماہ بعد 3 جون کو اس جوڑے نے اپنی بیٹی کا استقبال کیا جسکا نام انہوں نے ’لارا’ رکھا۔
یاد رہے کہ ورون دھون کی مشہور فلموں میں 'ہمپٹی شرما کی دلہنیا' ، 'بدلہ پور' ، 'اکتوبر' ، 'بدریناتھ کی دلہنیا' ، 'کَلنک' ، 'سوئی دھاگہ' اور 'بھیڑیا' شامل ہیں۔ انہوں نے 24 جنوری 2021 کو اپنی زندگی کی محبت، بچپن کی دوست اور ڈیزائنر نتاشا دلال سے شادی کی تھی۔
ریچا چڈھا اور علی فضل:
بھارتی فلمساز سنجے لیلا بھنسالی کی نیٹ فلکس سیریز ’ہیرامنڈی دی ڈائمنڈ بازار’ کی اداکارہ ریچا چڈھااور انکے شوہر و اداکار علی فضل کی بات کریں تو یہ جوڑا بھی ان خوش نصیبوں میں شامل ہے جنہوں نے اس سال ولدیت قبول کی۔
ریچا چڈھا اور علی فضل نے پریگنینسی شوٹ شیئر کیاتھا، اگرچہ انہیں بولڈ لُک پر خاصی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا تاہم ننھے مہمان کی جلد آمد کا اعلان فینز کو خوشگوار حیرت میں بھی مبتلا کرگیا تھا۔
بعدازاں اس جوڑے نے ماہ جولائی میں پہلی اولاد یعنی بیٹی کو جنم دیا،اپنی بیٹی کی پیدائش کا اعلان کرتے وقت ریچا اور علی نے ایک مشترکہ بیان شیئر کیا تھا جس میں لکھا تھا کہ 'ہم 16.07.24 کو ایک صحت مند بچی کی آمد کا اعلان کرتے ہوئے خوشی سے مسرور محسوس کر رہے ہیں! ہمارے خاندان بہت خوش ہیں، اور ہم اپنے خیر خواہوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ان کا پیار اور محبت، ریچا چڈھا اور علی فضل!۔
یاد رہے کہ ریچا چڈھا اور علی فضل نے رواں سال فروری میں اعلان کیا تھا وہ اپنے پہلے بچے کی توقع کر رہے ہیں۔جبکہ یہ جوڑا مبینہ طور پر 2015 میں ڈیٹنگ کے بعد 2020 میں شادی کے بندھن میں بندھا تھا۔
مسابا گپتا اور ستیادیپ مشرا:
بھارتی اداکارہ و فیشن ڈیزائنر مسابا گپتا بھی اس فہرست میں شامل ہیں جنہوں نے رواں سال اپنے گھر ننھے مہمان کا استقبال کیا۔
ویسٹ انڈیز کے لیجنڈری کرکٹر ویوین الیگزینڈر رچرڈز اور بھارتی اداکارہ نینا گپتا کی صاحبزادی مسابا گپتا نے ستیا دیپ مشرا سے جنوری 2023 میں دوسری شادی کی تھی اور رواں برس اپریل میں جوڑے نے اپنے ہاں ننھے مہمان کی جلد آمد کا اعلان کیا تھا۔
اس اعلان کے بعد مسابا اور ستیا دیپ نے ماہ اکتوبر میں پہلی اولاد ’بیٹی’ کو جنم دیا،اگرچہ کہ یہ جوڑا اپنی نجی زندگی کو زیادہ تر ذاتی رکھتا ہےلیکن نومولود کی پیروں کی جھلک کیساتھ بچے کی پیدائش کا اعلان انکے فینز کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کرگیا تھا۔
یامی گوتم اور ادتیا دھر:
بالی وڈ اداکارہ یامی گوتم اور انکے شوہر لکھاری و فلم ساز ادتیا دھر نے بھی شادی کے تین سال بعد رواں سال پہلے بچے کا خیرمقدم کیا۔
یامی گوتم نے سال 2019 میں ایکشن تھرلر فلم ’اری’ میں ادتیا دھر کے ساتھ کام کیا اور اس دوران دونوں ایک دوسرے کی محبت میں مبتلا ہوگئے اور دو سال ایک دوسرے کو ڈیٹ کرنے کے بعد سال 2021 میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔
رواں سال فروری میں یامی گوتم کے حاملہ ہونے کی خبر سامنے آئی اور بھارتی میڈیا میں بچے کی پیدائش کا مہینہ مئی بتایا گیا تھا جو سچ نکلا۔
اور مئی کے اختتامی ایام میں اداکارہ کی جانب سے پوسٹ سامنے آئی جس میں انہوں نے ہندو مذہبی عقائد پر مبنی ایک پینٹنگ کے ذریعے نومولود کی آمد کا اعلان کیا۔
یامی کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری پینٹنگ کے اوپر لکھا گیا تھا ہے کہ 'ہم اپنے بیٹے کی پیدائش کا اعلان کرتے ہوئے بے حد پُرجوش ہیں'۔
انہوں نے بیٹے کا نام بتاتے ہوئے مزید لکھا کہ 'وی ڈیوڈ' کی پیدائش اکشے ترتیہ کے خاص دن پر ہوئی جو ہمارے لیے باعثِ فخر ہے، برائے مہربانی ہم پر اپنی دعاؤں اور محبت کی برسات کرتے رہیں'۔
دیپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ:
بچوں کی پیدائش کا ذکر ہو اور دیپیکا پڈوکون کو فراموش کردیا جائے ایسا کیسے ممکن ہوسکتا ہے۔
دیپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ نے اس سال کے آغاز میں اپنے حمل کی خبر دے کر دھوم مچا دی تھی حالانکہ تنقید اور جعلی الزامات کے باوجود وہ اپنا بیبی بمپ دکھاتی نظر آئیں اور ہمت اور حوصلے سے اس تنقید کا سامنا بھی کیا۔
تاہم اس جوڑے نے 8 ستمبر 2024 کو شادی کے چھ سال بعد اپنی بیٹی دعا کو خوش آمدید کہا اور اسی دن سے ہی پاور کپل کو اپنی ننھی بیٹی کی آمد کے بعد والدین بننے کی خوشیوں میں مگن دیکھائی دے رہا ہے۔
انوشکا شرما اور ویرات کوہلی:
بات کی جائے اداکارہ انوشکا شرما اور بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی تو اس جوڑے نے بھی اس سال ننھے مہمان کا خیر مقدم کیا ہے۔
اگرچہ کہ یہ انکی پہلی اولاد نہیں تھی لیکن نومولود کی صورت میں اپنے گھر خوشیوں کو خوشآمدید کہنے میں یہ جوڑا پیش پیش رہا۔
ویرات اور انوشکا 2017 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے بعدازاں دونوں نے 2021 میں بیٹی وامیکا کی پیدائش کی خوشخبری سنائی۔بیٹی کی پیدائش کے تقریباً تین سال بعد فروری 2024 میں اس جوڑے نے بیٹے کی پیدائش کا اعلان کیا جسکا نام انہوں نے ’اکائے’ رکھا۔
واضح رہے کہ ویرات کوہلی اور انوشکا شرما ہمیشہ سے ہی اپنے بچوں کو پبلک کی نظروں سے دور رکھنے کی کوشش کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ہمیشہ فوٹوگرافروں کو بھی ان کے بچوں کی تصاویر لینے سے منع کیا جاتا ہے۔
وکرانت میسی اور شیتل ٹھاکر:
فلم 'مرزا پور' سے شہرت حاصل کرنے والے بالی وڈ کے مشہور اداکار وکرانت میسی اور انکی اہلیہ شیتل ٹھاکر کی بات کریں تو یہ جوڑا بھی رواں سال ولدیت قبول کرنے والے جوڑوں میں سے ایک ہے۔
سال 2024 کا آغاز ہوا ہی تھا کہ ماہ فروری میں وکرانت میسی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ جاری کرتے ہوئے اپنے گھر پیدا ہونے والے ننھے مہمان کی خوشخبری سنائی جسکا نام انہوں نے ’وردان’ رکھا تھا۔
پوسٹ کارڈ پر تاریخ پیدائش 7 فروری 2024 درج تھی جس کے بعد لکھا گیا کہ ' ہم ایک بن گئے ہیں۔ ہم بے حد خوشی کے ساتھ یہ اعلان کر رہے ہیں کہ ہمارے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے'۔
یاد رہے کہ وکرانت میسی نے گزشتہ برس ستمبر میں اپنے یہاں پہلے بچے آنے کی اطلاع دی تھی اور بتایا تھا کہ وہ 2024ء میں آئے گا۔جبکہ اس جوڑے نے 14 فروری 2022ء کی تاریخ شادی کیلئے منتخب کی اور ہماچل پردیش میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔









