بے بنیاد میڈیا رپورٹس پر اداکارہ سائی پلوی پھٹ پڑیں
کہا گیا تھا کہ سیتا کے کردار کیلئے اداکارہ نے گوشت کھانا چھوڑ دیا ہے۔
تیلگو اور تامل فلموں کی جانی مانی اداکارہ سائی پلوی، نتیش تیواری کی 'رامائن' کے ذریعے بالی وڈ میں انٹری دینے کے لیے تیار ہیں۔
سائی پلوی ٹالی وڈ میں ایک بڑا نام سمجھی جاتی ہیں اور بالی وڈ سپر اسٹار رنبیر کپور کے مدِ مقابل فلم سے بالی وڈ میں قدم رکھ رہی ہیں۔
جس کے سبب اداکارہ اکثر خبروں کا حصہ بنی نظر آتی ہیں، تاہم حال ہی ان کا واسطہ بے بنیاد دعووں پر مشتمل میڈیا رپورٹس سے واسطہ پڑا جس پر انہوں نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔
یہ میڈیا رپورٹس بدھ کے روز سامنے آئی تھیں جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اداکارہ رامائن میں 'سیتا' کا کردار ادا کرنے کے لیے سبزی خور ہوگئی ہیں اور فلم کی شوٹنگ تک گوشت پر مشتمل خوراک سے گریز کریں گی۔
سائی پلوی، جو اپنی خوبصورت اسکرین پر موجودگی کے لیے جانی جاتی ہے اور عام طور پر افواہوں کے حوالے سے محتاط رویہ اختیار کرتی ہیں۔
تاہم اس معاملے پر وہ خاموش نہ رہ سکیں اور مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ کرتے ہوئے پھٹ پڑیں۔
ان دعووں کی تردید کرتے ہوئے ادکارہ نے لکھا کہ 'جب بھی میں بے بنیاد افواہیں، من گھڑت جھوٹ یا دانستہ یا خدا جانے غیر دانستہ طور پر ٖغلط بیانات پھیلاتے ہوئے دیکھتی ہیں تو اکثر اوقات بلکہ تقریباً ہر بار ہی خاموش رہنے کا انتخاب کرتی ہوںٓ لیکن اب وقت آگیا ہے کہ میں ردعمل ظاہر کروں کیونکہ یہ سلسلہ مسلسل جاری ہے اور خاص طور پر میری فلموں کی ریلیز/اعلانات/میرے کریئر کے اہم لمحات کے دوران بھی بند ہوتا دکھائی نہیں دیتا'۔
اداکارہ نے مزید برہمی کے ساتھ سخت نتائج کی تنبیہہ دیتے ہوئے کہا کہ 'اگلی بار جب میں کسی 'معروف' پیج یا میڈیا/ فرد کو خبروں یا گپ شپ کے نام پر ایک خود پکائی ہوئی گھٹیا کہانی پھیلاتے دیکھوں گی تو پھر آپ میری جانب سے قانونی کارروائی کا انتظار کریں'۔
میڈیا رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ سائی پلوی سبزی خور کھانے کو یقینی بنانے کے لیے اپنے ذاتی شیف کے ساتھ سفر کرتی تھیں، یہاں تک کہ ریستورانوں میں کھانا کھاتے ہوئے بھی۔
تاہم اداکارہ نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا، یہ تنازع اس وقت سامنے آیا ہے جب اس سے قبل کی رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ ان کے ساتھی اداکار رنبیر کپور، جو بھگوان رام کا کردار ادا کررہے ہیں، انہوں نے اپنے کردار کے تقدس کو دیکھتے ہوئے شراب اور گوشت پر مشتمل کھانے سے پرہیز کرنے کا انتخاب کیا ہے۔
نتیش تیواری کی ہدایت کاری میں بننے والی، رامائن کو دو حصوں میں ریلیز کیا جائے گا، جس کی پہلی قسط 2026 اور دوسری 2027 میں شیڈول ہے۔
رپورٹس بتاتی ہیں کہ پہلے حصے کی شوٹنگ مکمل ہو چکی ہے، دوسرے حصے کے جلد ہی شروع ہونے کی امید ہے۔
اس فلم میں کے جی ایف اسٹار یش بطور راون، سنی دیول لارڈ ہنومان، اور روی دوبے لکشمن کے کردار میں جلوہ گر ہوں گے۔




