فلم / ٹی وی

عدنان سمیع نے پاکستان کو بھول نہ پانے کا اعتراف کرلیا

سوشل میڈیا صارف کے طعنے پر گلوکار نے کیا جواب دیا؟

Web Desk

عدنان سمیع نے پاکستان کو بھول نہ پانے کا اعتراف کرلیا

سوشل میڈیا صارف کے طعنے پر گلوکار نے کیا جواب دیا؟

یہ تصویر 1991 میں لی گئی تھی
یہ تصویر 1991 میں لی گئی تھی 

عدنان سمیع مشہور گلوکار اور موسیقار ہیں، جنہیں ان کے منفرد موسیقی کے انداز اور مختلف زبانوں میں گانوں کے لیے جانا جاتا ہے۔

عدنان سمیع راولپنڈی میں 15 اگست 1971 کو پیدا ہوئے، ان کے والد، ارشد سمیع خان ایک فوجی اور  سفارت کار تھے اور انکی والدہ نوری خان کا تعلق جموں و کشمیر سے تھا۔

عدنان سمیع نے اپنے میوزک کیرئیر کا آغاز 1980 کی دہائی میں کیا، وہ اپنی بہترین پیانو بجانے کی صلاحیت اور دل کو چُھو لینے والی آواز سے جلد مشہور ہوگئے، انہوں نے جب ایک حمد ’اے خدا ‘ پڑھی تو ان کی مقبولیت کو چار چاند لگ گئے۔

انہوں نے پاکستان میں کامیابی کے بعد بھارت کا رخ کیا جہاں انہوں نے امیتابھ بچن کے ساتھ گانا ’مجھ کو بھی تو لفٹ کرادے‘ گایا، اس گانے نے انہیں بھارت بھر میں مشہور کردیا۔

بعدازاں عدنان سمیع نے اپنے کیرئیر کا سب سے بڑا اور مشکل ترین فیصلہ کیا جب انہوں نے پاکستان چھوڑ کر بھارت کی شہریت اختیار کرلی۔


عدنان سمیع مستقل طور پر بھارت میں منتقل ہوگئے اور 2016 میں انہیں بھارت کی شہریت بھی مل گئی، لیکن پاکستان مخالف بیانات پر انہیں خوب آڑے ہاتھوں لیا گیا، آئے روز متنازع بیانات پر ان کو پاکستانیوں کی جانب سے سوشل میڈیا پوسٹس پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

عدنان سمیع نے حال ہی میں فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی ماضی کی ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ لیجنڈ گلوکارہ عابدہ پروین کے ساتھ نظر آرہے ہیں۔

اس پوسٹ کے کیپشن میں عدنان سمیع نے لکھا کہ یہ سال 1991 کی تصویر ہے، جب ہم دونوں نے ساتھ کام کیا تھا، میرے ساتھ میری میوزیکل سسٹر عابدہ پروین کھڑی ہیں۔

اپنی جوانی کے ایام میں عدنان سمیع بہت خوبرو دکھائی دے رہے تھے اور بالکل اپنے بیٹے اذان سمیع جیسے لگ رہے تھے۔

اس پوسٹ پر ایک صارف نے طنزیہ لکھا کہ ’بالاآخر پاکستان یاد آگیا‘ جس پر عدنان سمیع برہم ہوگئے اور اس صارف کو کہا کہ ’بھولا کب تھا چھوٹے؟ یہ تمہارے دماغ میں ایسی ذلیل باتیں گھلتی ہیں، میری فیملی وہیں رہتی ہے، سمجھے؟!!‘ جس پر مذکورہ صارف لاجواب ہوگیا۔

اسکرین شاٹ: انسٹاگرام
اسکرین شاٹ: انسٹاگرام

عدنان سمیع خان کے اس کمنٹ سے واضح ہوگیا کہ وہ پاکستان کو آج بھی یاد کرتے ہیں، ان کا بیٹا اذان سمیع بھی پاکستان شوبز انڈسٹری سے منسلک ہے۔ 

اگر بات ان کی ازدواجی زندگی سے متعلق کی جائے تو عدنان سمیع نے 1993 میں زیبا بختیار سے شادی کی لیکن یہ رشتہ بدقسمتی سے زیادہ عرصہ نہ چل سکا اور اس جوڑے نے اپنی اپنی راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

بعدازاں گلوکار نے دوسری شادی 2001 میں عرب خاتون صباح گلادری سے کی، جو زیادہ عرصہ نہ چل سکی اور طلاق پر ختم ہوئی۔

دوسری بار طلاق کے بعد بھی عدنان سمیع سکون سے نہ بیٹھے اور انہوں نے تیسری شادی کرنے کافیصلہ کیا۔

گلوکار عدنان سمیع نے تیسری شادی 2010 میں جرمن نژاد رویا علی خان سے کی جن سے انہیں مئی 2017 میں ایک بیٹی ہوئی اور اب وہ ان کے ہمراہ بھارت میں ہی مقیم ہیں۔