’شکتیمان’ کا ری میک، مکیش کھنہ انکاری کیوں؟
رنویر تو کیا یہ معروف شخصیت بھی شکتیمان کے ری میک کیلئے مکیش کھنہ کو راضی نہ کرسکی
اگر آپ بھی 90 کی دہائی کی پیداوار ہیں تو ہر بچے کی پسند ’شکتیمان’ کو ضرور ہی دیکھا ہوگا،یہ ٹی وی شو دیکھ کر ہی بچے بڑے ہوئے، جس میں مکیش کھنہ نے شکتیمان کے کردار کو دلوں میں بسایا۔
اس شو کی کہانی میں شکتیمان کی بہادری، برے لوگوں سے لڑائی، جان بچانے کی مہارت، اور زندگی کے اسباق آج بھی یاد کیے جاتے ہیں۔ تاہم کچھ عرصے سے اس شو کو فلم میں تبدیل کرنے کی باتیں ہو رہی ہیں۔
اس فلم میں ہیرو کا کردار ادا کرنے کیلئے پہلے ہی بھارتی اداکار رنویر سنگھ نے خواہش کا اظہار کردیا ہے اور ساتھ ہی مکیش کھنہ سے اس کے حقوق دینے کی درخواست بھی کی لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ ان سے پہلے بھی کوئی اس کردار کو فلم میں ڈھالنا چاہتا تھا؟
مکیش کھنہ اور شکتیمان کے حقوق کا معاملہ:
حال ہی میں، مکیش کھنہ نے انکشاف کیا کہ رنویر سنگھ سے پہلے یش راج فلمز نے شکتیمان فلم کے لیے ان سے رابطہ کیا تھا۔
سدھارتھ کنن کے ساتھ ایک انٹرویو میں مکیش کھنہ نے بتایا کہ آدتیہ چوپڑا کی ٹیم نے ان سے پوچھا کہ کیا وہ شکتیمان کے حقوق دے سکتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی یاد دلایا کہ اس وقت رنویر سنگھ کی ایڈیٹ شدہ تصویریں شکتیمان کے لباس میں وائرل ہو رہی تھیں۔
یش راج فلمز کو مکیش کھنہ کا جواب:
فلم کی پیشکش پر مکیش کھنہ نے یش راج فلمز کی ٹیم کو جواب دیتے ہوئے کہا،’آدتیہ سے کہہ دو، چاہے وہ کوئی بھی ہو، اگر آپ یہ فلم بنانا چاہتے ہیں تو مجھے ساتھ لے کر بنائیں۔ میں نے یہ حقوق صرف اس لیے نہیں دینا کہ کوئی اسے ڈسکو ڈرامہ میں بدل دے۔ ’
رنویر سنگھ اور شکتیمان فلم کی صورتحال
واضح رہے کہ دو سال قبل سونی پکچرز فلمز انڈیا نے رنویر سنگھ کے ساتھ شکتیمان فلم کا اعلان کیا تھا، لیکن حقوق کے مسئلے کی وجہ سے یہ منصوبہ پایہ تکمیل کو نہ پہنچ سکا۔ اس اعلان کے بعد مکیش کھنہ نے ٹیم کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ کاسٹنگ سے خوش نہیں تھے۔
فی الحال، اس بات کی تصدیق نہیں کی جا سکتی کہ شکتیمان فلم بنے گی یا نہیں۔ تاہم، مکیش کھنہ کے انکار نے مداحوں کو یقین دلایا ہے کہ اگر شکتیمان فلم آئے گی، تو یہ اپنی اصل روح اور پیغام کے ساتھ ہوگی۔
یش راج فلمز کی جاسوس فرنچائز اور نئے پروجیکٹس
یاد رہے کہ یش راج فلمز (YRF) اپنی فرنچائز کے ساتھ بڑی کامیابیاں حاصل کر رہا ہے، جس میں سلمان خان کا 'ٹائیگر', شاہ رخ خان کا 'پٹھان' اور ریتیک روشن کا 'کبیر'(وار) شامل ہیں۔ اب اس کائنات میں عالیہ بھٹ اور شرواری کا پروجیکٹ 'الفا' بھی شامل کیا جا رہا ہے، جو مداحوں کے لیے مزید جوش و خروش کا باعث بنے گا۔
دوسری جانب، رنویر سنگھ اس وقت آدتیہ دھار کی اگلی جاسوسی تھرلر پر کام کر رہے ہیں، جو ان کے کیریئر کا ایک اور بڑا پروجیکٹ ثابت ہو سکتا ہے۔



