رنویر نے عریاں فوٹوشوٹ سے متعلق مکیش کھنہ سے کیا جھوٹ بولا؟
بولڈ فوٹو شوٹ کے بعد رنویر کو کاسٹ کرنے کے بارے میں تذبذب کا شکار ہوگیا تھا، اداکار
بھارت میں 90ء کی دہائی کے مشہور ٹی وی شو 'شکتیمان' میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار مکیش کھنہ نے بالی وڈ اداکار رنویر سنگھ کی اپنے عریاں فوٹو شوٹ سے متعلق غلط بیانی کا دعویٰ کردیا۔
سال 2022 میں اداکار رنویر سنگھ کی کئی تصاویر وائرل ہوئی تھیں جس میں انہیں مکمل برہنہ حالت میں دیکھ کر مداح غم وغصے میں مبتلا ہوگئے۔
پیپر میگزین کے لیے عریاں فوٹو شوٹ وائرل ہونے کی دیر تھی کہ اداکار کو مبینہ طور پر عریانیت کو فروغ دینے پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
حال ہی میں یہ خبریں سامنے آئیں کہ مکیش کھنہ اپنی مشہور ٹیلی ویژن سیریز 'شکتیمان' دوبارہ بنانے جارہے ہیں، جس نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچایا تھا۔
اس دوران یہ اطلاعات بھی سامنے آئیں کہ اس بار 'شکتیمان' کا کردار رنویر سنگھ کو آفر کیے جانے کا امکان تھا تاہم مکیش کھنہ نے رنویر سنگھ کو اس کردار کیلئے مسترد کردیا۔
اب مکیش کھنہ نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ وہ رنویر سنگھ کے بولڈ فوٹو شوٹ کے تنازع کے بعد انہیں 'شکتیمان' میں کاسٹ کرنے کے بارے میں تذبذب کا شکار ہوگئے تھے۔
مکیش کھنہ کا دعویٰ ہے کہ رنویر سنگھ نے انہیں بتایا تھا کہ انہیں اس فوٹو شوٹ کے بارے میں گمراہ کیا گیا تھا اور دھوکے سے وہ فوٹو شوٹ کروالیا گیا لیکن بعد میں اس معاملے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے متضاد مؤقف اختیار کیا۔
ایک حالیہ انٹرویو میں مکیش کھنہ نے کہا کہ 'پہلے رنویر نے مجھے کہ وہ اپنے مصروف شیڈول کی وجہ سے اس فوٹو شوٹ کی تفصیلات سے لاعلم تھا اور اسکے ساتھ دھوکا کیا گیا، میں نے اس کے ساتھ ہمدردی ظاہر کی لیکن بعد میں رنویر نے خود میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس بولڈ فوٹو شوٹ پر شرمندہ نہیں ہیں'۔
مکیش کھنہ نے کہا کہ رنویر سنگھ کو شاید اس فوٹو شوٹ سے کوئی اعتراض نہ ہو لیکن پبلک کے ردعمل سے ظاہر ہوگیا تھا کہ لوگ اس سے مطمئن نہیں۔
انہوں نے اپنی الجھن کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ 'میں یہی سوچ رہا تھا کہ اگر رنویر کے ساتھ فوٹو شوٹ کے معاملے میں دھوکہ دہی کی گئی ہے تو اس نے کوئی قانونی کارروائی کیوں نہیں کی؟ لیکن رنویر نے مجھے بتایا کہ کنٹریکٹ کے تحت ان تصاویر پر اب اس کا کوئی اختیار نہیں ہے'۔
رنویر سنگھ کی اس وضاحت سے مکیش کھنہ مطمئن نہ تھے جن کے بقول رنویر سنگھ کی جانب سے بعد میں دیے گئے بیان سے یہ واضح ہوگیا کہ انہیں واقعی اس فوٹوشوٹ سے کوئی مسئلہ نہیں تھا۔
مکیش کھنہ نے شکوہ کیا کہ اس سارے معاملے میں رنویر سنگھ کو انکی اہلیہ اداکارہ دیپیکا پڈوکون کی جانب سے بھی مکمل حمایت حاصل تھی۔





