ممتا کلکرنی نے ڈرگ لارڈ سے شادی کی افواہوں پر خاموشی توڑ دی
اداکارہ نے انٹرنیشنل ڈرگ لارڈ وکی گوسوامی سے تعلق کا اعتراف کیا۔
ماضی کی بالی وڈ سپر اسٹار ممتا کلکرنی نے منشیات کی دنیا کے بادشاہ وکی گوسوامی کے ساتھ اپنے تعلقات کے بارے میں خاموشی توڑتے ہوئے بتایا ہے کہ ’میرا ڈرگز (منشیات) کی دنیا سے کوئی تعلق نہیں ہے لیکن 1996 میں وکی گوسوامی سے منسلک تھی۔‘
90 کی دہائی میں ہر فلم کی ضرورت سمھجی جانے والی اداکارہ کے نام کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب یہ افواہیں منظر عام پر آئیں کہ ممتا کلکرنی نے 2013 میں بوائے فرینڈ اور انٹرنیشنل ڈرگ لارڈ وکی گوسوامی سے شادی کرلی اور دبئی منتقل ہوگئیں البتہ اداکارہ نے اس بات کی تردید کی تھی۔
حال ہی میں بھارتی میڈیا کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے اداکارہ نے اپنی زندگی میں آنے والی تبدیلی اور تنازعات کے بارے میں کھل کر بات کی۔
اداکارہ نے شیئر کیا کہ 1996 میری ملاقات مسٹر وکی گوسوامی سے ہوئی، جو جیٹ طیاروں اور کیسینو والے ایک تاجر تھے، لیکن مجھے نہیں معلوم تھا کہ ان کے پاس اتنی دولت کہاں سے آئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری ملاقات کے فوراً بعد ہی وکی گوسوامی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور مجھے معلوم ہوا کہ اسے منشیات سے متعلق مسائل کی وجہ سے جیل بھیج دیا گیا ہے۔
ممتا نے کہا کہ ’وکی نے مجھے اس وقت فون کیا جب وہ دبئی کی جیل میں تھا اور مجھ سے ملنے کا کہا، اس کے بعد میں پوجا میں مگن ہو گئی اور جب وہ 2012 میں جیل سے باہر آیا تو میری شادی یا محبت کی سب خواہشات اس وقت تک پوری ہو چکی تھیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ’پھر وہ کینیا گیا اور میں تقریباً 2012-2013 میں کمبھ میلے کے لیے انڈیا گئی، میں دس دن کے لیے دبئی سے سیدھی الہ آباد گئی اور پھر واپس دبئی چلی گئی۔‘
ممتا کلکرنی نے بتایا کہ ’وکی جب کینیا میں تھا تو میں ایک یا دو بار اس سے ملنے گئی اور دبئی واپس آگئی، اس پر پہلے ہی کینیا میں الزامات لگ چکے تھے اور میں اس وقت اس کے ساتھ نہیں تھی۔ اب میں اس سے رابطے میں نہیں ہوں، میں نے اس سے آخری بار 2016 میں رابطہ کیا تھا۔‘
یاد رہے کہ سال 2016 میں پولیس نے انہیں منشیات کی اسمگلنگ کے ایک بڑے کیس میں ملزمہ کے طور پر نامزد کیا جس میں 2000 کروڑ روپے کا بین الاقوامی منشیات ریکیٹ شامل تھا۔
2017 میں، تھانے پولیس نے اداکارہ ممتا کلکرنی اور ڈرگ لارڈ وکی گوسوامی کے خلاف منشیات کی اسمگلنگ کے معاملے میں ایک وارنٹ جاری کیا تھا جس کی بنیاد پر چارج شیٹ دائر کی گئی۔
جنوری میں گوسوامی، ابراہیم اور بکتاش آکاشا کے ساتھ ساتھ غلام حسین کو کینیا سے امریا کے حوالے کیا گیا تھا، ان تمام افراد کو نومبر 2014 میں امریکی ڈرگ انفورسمنٹ ایجنسی کے سٹنگ آپریشن میں گرفتار کیا گیا تھا جو خود کو کولمبیا کے منشیات فروش ظاہر کر رہے تھے۔
تاہم ممتا نے الزامات کو یہ کہتے ہوئے مسترد کردیا کہ انہیں قربانی کا بکرا بنایا گیا ہے۔
بعدازاں رواں سال بمبئی ہائی کورٹ نے ثبوت کی کمی کا حوالہ دیتے ہوئے ان کے خلاف الزامات کو مسترد کر دیا تھا جس کے بعد اداکارہ نے حال ہی میں اپنے بھارت واپس آنے کی اطلاع دی تھی
انسٹاگرام پر پوسٹ کردہ ویڈیو میں اداکارہ نے بتایا کہ وہ سال 2000 میں بھارت چھوڑ کر گئی تھیں اور اب 2024 میں وہ بالآخر واپس آگئی ہیں۔ ممتا نے یہ بھی کہا کہ جب فلائٹ اترنے والی تھی تو دو دہائیوں میں پہلی بار اپنے ملک کو اوپر سے دیکھ کر وہ جذباتی ہو گئیں۔




