بالی ووڈ

جان ابراہام ممبئی پولیس کےکس افسر کی بائیوپک فلم میں کام کریں گے؟

جان ابراہام کی دو فلمیں اگلے سال ریلیز ہوں گی

Web Desk

جان ابراہام ممبئی پولیس کےکس افسر کی بائیوپک فلم میں کام کریں گے؟

جان ابراہام کی دو فلمیں اگلے سال ریلیز ہوں گی

فائل فوٹو :گوگل
فائل فوٹو :گوگل

جان ابراہم نے اپنے کیرئیر کی شروعات فلم ’جسم‘ میں ایک رومانوی ہیرو کے طور پر کی تھی ، جس کے بعد انہیں فلم ’دھوم‘ میں منفی کردار ادا کرنے پر شہرت ملی۔

جان ابراہم کا شمار بالی وڈ کے ان اداکاروں میں ہوتا ہے جو ہر کردار میں ڈھل جانے کے لیےمانے جاتے ہیں، ان کے زبردست فیشل ایکسپریشن ، ان کی مسکراہٹ اور مردانہ وجاہت پر ہر کوئی فدا ہے۔

اداکار نے ’فورس‘، ’مدراس کیفے‘، ’راکی ہینڈسم‘، ’پرمانو‘، اور ’باٹلہ ہاؤس‘ جیسی فلموں میں کام کیا ہے، حال ہی میں انہوں نے سدھارتھ آنند کی ہدایت کاری میں بننے والی شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ میں ایک منفی کردار ادا کر کے ناظرین کا دل جیت لیا۔

اب ذرائع سے معلوم ہوا کہ جان ابراہم مشہور بھارتی پولیس افسر راکیش ماریا کی زندگی پر بننے والی بایوپک میں ان کا کردار ادا کرنے جا رہے ہیں۔

راکش ماریا کی زندگی پر بننے والی اس فلم میں ان کے 1993 کے ممبئی بم دھماکوں، زویری بازار دھماکے اور 26/11 کے حملوں کو حل کرنے کی کہانی کو پیش کیا جائے گا۔

راکش ماریا ممبئی پولیس کی تاریخ کے سب سے مشہور افسران میں سے ایک ہیں کیونکہ انہوں نے 1981 سے 2017 تک اپنے دورمیں ممبئی میں ہونے والے متعدد دہشت گردانہ حملوں کے پیچھے موجود مجرموں کو پکڑنے کے مشن میں کلیدی کردار ادا کیا۔

جان ابراہم  اس کردار کو نبھانے کے لیے پرجوش ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ یہ فلم راکیش ماریا کی قوم کے لیے خدمات کو خراج تحسین پیش کرے گی۔

پولیس تھرلر فلم فی الحال اسکرپٹنگ کے مرحلے میں ہے اور اسے بھارتی سنیما کے ایک بڑے فلمساز ڈائریکٹ کریں گے، اس فلم میں دہشت گردوں کو پکڑنے کے طریقہ کار کو دکھایا جائے گا کیونکہ راکیش ماریا کے کام کرنے کا ایک مخصوص طریقہ تھا جس سے وہ تمام کیسز حل کرتے تھے۔

جان ابراہم بھی اس فلم کو ڈیولپ کرنے کے عمل میں شامل ہیں اور اسکرین پر سب سے مشہور پولیس افسر کا کردار ادا کرنے کے لیے پُرجوش ہیں۔

فلم میں راکیش ماریا کے ڈی سی پی سے ڈائریکٹر جنرل آف ہوم گارڈز بننے کے سفر کو دکھایا جائے گا، اس کے علاوہ جان ابراہم کے پاس ریلیز کے لیے دو مزید فلمیں تیار ہیں،دنیش ویجن کی پروڈکشن ’تہران ‘اور بھوشن کمار کی پروڈکشن ’ڈپلومیٹ‘ اگلے سال ریلیز کی جائیں گی۔