ٹیکنالوجی

گوگل کا نئے سال پر پاکستانیوں کیلئے 'گوگل والٹ' کا تحفہ

گوگل والٹ کی سروسز پاکستان سمیت 16 ممالک میں متعارف کرانے کا اعلان

Web Desk

گوگل کا نئے سال پر پاکستانیوں کیلئے 'گوگل والٹ' کا تحفہ

گوگل والٹ کی سروسز پاکستان سمیت 16 ممالک میں متعارف کرانے کا اعلان

گوگل والٹ کے ذریعے محفوظ ترین آن لائن ادائیگی ممکن ہے
گوگل والٹ کے ذریعے محفوظ ترین آن لائن ادائیگی ممکن ہے

ٹیکنالوجی جائنٹ گوگل نے پاکستان سمیت 16 ممالک میں ڈیجیٹل ادائیگی کا نظام ’گوگل والٹ‘ متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔

گوگل والٹ کی یہ سہولت درجنوں ممالک میں دستیاب تھی البتہ پاکستان اور دیگر ممالک اس سے محروم تھے لیکن اب کمپنی نے پاکستان اور مصر سمیت متعدد ممالک میں اسے متعارف کرانے کا اعلان کردیا۔

پاکستان میں گوگل والٹ کی سروسز آئندہ ماہ جنوری سے فراہم کردی جائیں گی، یعنی گوگل کی جانب سے پاکستانیوں کو نئے سال پر ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام کا تحفہ دیا جائے گا۔

کمپنی کے مطابق پاکستان، مصر، وینزویلا، تاجکستان، مراکش، پاناما، پیرو، موناکو اور کوسوو سمیت مزید 16 ممالک میں دسمبر 2024 اور جنوری 2025 کے درمیان گوگل والٹ کی سہولیات شروع کی جائیں گی۔

گوگل والٹ، آن لائن ادائیگی اور دستاویزات کو محفوظ رکھنے کا نظام ہے، جس کے تحت صارفین اپنے کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈز کو اکاؤنٹ سے منسلک کر کے رقم ادا اور وصول کرسکیں گے۔

مذکورہ نظام اور ایپلی کیشن کو محفوظ ترین تصور کیا جاتا ہے کیوں کہ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ گوگل والٹ میں محفوظ کی گئی معلومات انکرپٹڈ ہوتی ہے جو کسی بھی دوسرے شخص کو دستیاب نہیں ہوتی۔ 

گوگل والٹ دراصل ایک ڈیجیٹل بٹوا یا پرس ہے، جس میں ہر صارف مختلف کارڈز اور دستاویزات بھی محفوظ کر سکتا ہے۔

کمپنی کے مطابق گوگل والٹ کے ذریعے کی جانے والی ادائیگیاں انکرپٹڈ ہوتی ہیں، ہر خریداری کو منفرد کوڈ بھیج کر والٹ کو استعمال کرنے اور پیمنٹ انفارمیشن کو پروسیس کرنے کی سہولت میسر ہوتی ہے۔

گوگل والٹ میں صارفین اپنے بٹوے کی طرح بینک کارڈز، بورڈنگ پاسز، ٹکٹس اور دیگر ڈیجیٹل پاسز محفوظ کر سکتے ہیں، ایپ میں ڈیٹا کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے انکرپشن اور ڈیوائس سیکیورٹی فیچرز کا استعمال کیا جاتا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اگر کوئی اس ڈیٹا تک رسائی حاصل کرلے تو بھی وہ اس کے کسی کام کا نہیں ہوتا کیونکہ اس میں ڈیبیٹ یا کریڈٹ کی تفصیلات موجود نہیں ہوتیں۔