زندگی کو بے ڈھنگے انداز میں گزارنے والےہالی وڈ کے گاڈ فادر ’ال پچینو‘
25اپریل 1940ء کو نیویارک سٹی میں جنم لینے والے ال پچینو بچپن سے ہی باغی سوچ کے حامل، لڑائی جھگڑے کرنے والے اور زندگی کو بے ڈھنگے انداز میں گزارنے والے انسان رہے۔
ان کی شخصیت میں اس بگاڑ کی ایک بنیادی وجہ والدین کی طلاق بھی تھی، جو اس وقت ہوئی جب ال پچینو صرف دو برس کے تھے۔ تعلیم سے انہیں کوئی دلچسپی نہیں تھی۔ وہ اسکول سے بھاگ کر اوباش دوستوں کے ساتھ سگریٹ نوشی کیا کرتے۔ 13برس کی عمر میں ال پچینو نے چرس پینا شروع کردی تھی۔ بیٹے کو بگڑتا دیکھ کر ماں نے سمجھایا تو ال پچینو نے گھر چھوڑ دیا۔ زندگی کا کوئی مقصد دکھائی نہیں دے رہا تھا تو ال پچینو نے نیویارک شہر میں واقع ایچ بی اسٹوڈیو (Herbert Berghof Studio) میں داخلہ لے لیا۔
یہ غیر منافع بخش درس گاہ اداکاری سیکھنے کے خواہش مند افراد کو مفت تربیت فراہم کرتی ہے۔ چار برس تک ایچ بی میں اداکاری سیکھنے کے دوران پیٹ پوجا کیلئے ال پچینو چھوٹی موٹی نوکریاں کیا کرتے، سڑکوں پر سوتے، مانگ کر کھاتے مگر اداکاری سے خود کو الگ نہیں کرتے تھے۔ ایچ بی کے بعد میتھڈ ایکٹنگ سیکھنے کیلئے پچینو نے نیویارک کے ڈراما اسکول ’’ایکٹرز اسٹوڈیو‘‘ میں داخلے کیلئے آڈیشن دیا۔ اس کے بعد انہوں نے کوئی نوکری نہیں کی، بلکہ صرف اداکاری ہی کی۔ تھیٹر میں متعدد ڈرامے کرنے اور خود کو منوانے کے بعد ال پچینو نے سلور اسکرین پر قدم 1969ء میں فلم ’’Me, Natalie‘‘ میں چھوٹے سے کردار سے رکھا۔ اگلے ہی برس ٹیلنٹ ایجنسی کریئیٹو مینجمنٹ ایسوسی ایٹس نے ال پچینو کو سائن کر لیا اور پھر انہیں باقاعدہ فلموں میں کام ملنا شروع ہوا۔
اپنی دوسری ہی فلم ’’The Panic in Needle Park ‘‘ میں ہیروئن کے عادی شخص کا کردار ال پچینو نے اس خوبی سے نبھایا کہ ہولی وڈ کو خبر ہوگئی کہ ایک بڑا اداکار انڈسٹری میں آچکا ہے۔ اس فلم میں ان کی پرفارمنس دیکھ کر ہی ہدایتکار فرانسیس کپولا نے اپنی شہرۂ آفاق فلم ’’The Godfather‘‘ (1972ء) میں ’’مائیکل کورلیون‘‘ کے کردار میں پچینو کو کاسٹ کیا تھا۔ ’’مائیکل کورلیون‘‘ کیلئے ال پچینو کو اکیڈمی ایوارڈ میں بہترین معاون اداکار کی نامزدگی بھی حاصل ہوئی لیکن انہوں نے یہ کہہ کر ایوارڈ کا بائیکاٹ کیا کہ ان کا کردار معاون نہیں بلکہ مرکزی تھا اور اسے ایسی کیٹیگری میں نامزدگی دینا ہی توہین ہے۔ ’’گاڈ فادر‘‘ کا مرکزی کردار ادا کرنے والے مارلن برانڈو کو بہترین اداکار کا اکیڈمی ایوارڈ دیا گیا تھا لیکن انہوں نے مقامی امریکیوں کو نظر انداز کرنے کے خلاف ایوارڈ کی تقریب کا بائیکاٹ کیا تھا۔ ’’گاڈ فادر‘‘ کے بعد سے جرائم پیشہ کہانیوں سے جڑی فلموں میں جیسے ال پچینو کو کامیابی کی ضمانت سمجھا جانے لگا۔ اپنی پانچویں فلم ’’Scarecrow‘‘ (1973ء) میں ال پچینو نے جین ہیک مین کے ساتھ مرکزی کردار نبھایا تھا۔ اس فلم کو کینز فلم فیسٹیول میں بہترین فلم کا ’’پام ڈئیور ‘‘ ایوارڈ ملا تھا۔ 1973ء میں ہی فلم ’’Serpico‘‘ میں پولیس افسر کی سچی کہانی میں خفیہ افسر کا کردار نبھا کر ال پچینو کو اکیڈمی ایوارڈز میں بہترین اداکار کی نامزدگی ملی تھی۔ مافیاڈان کے روپ میں ال پچینو اس قدر مقبول ہوئے کہ فلم ’’The Godfather Part II‘‘ میں ’’مائیکل کورلیون‘‘ کا کردار دوبارہ نبھایا جس کے لیے انہیں مرکزی اداکار کی کیٹیگری میں آسکرز نامزدگی بھی ملی۔ یکے بعد دیگرے ال پچینو کی فلموں کی کامیابی کا سلسلہ کبھی رکا نہیں۔
ال پچینو کو فلمی کیریئر کے ابتدائی سات برس میں چار آسکرز نامزدگیاں حاصل ہوگئی تھیں۔ مجموعی طور پر انہیں آٹھ بار اکیڈمی ایوارڈز میں نامزدگیاں ملیں، صرف ایک بار فلم ’’Scent of a Woman‘‘ (1993ء) کے لیے انہیں آسکر ایوارڈ حاصل ہوا۔ ال پچینو فلمی دنیا کی تاریخ کے ان 24 اداکاروں میں 16ویں نمبر پر ہیں جن کے پاس ’’ٹرپل کراؤن آف ایکٹنگ‘‘ کا خطاب ہے۔ یہ اعزاز اس اداکار کے لیے مختص ہے جس نے بہترین اداکاری پر فلم ایوارڈ آسکر، ٹی وی ایوارڈ ایمی اور تھیٹر ایوارڈ ٹونی حاصل کیا ہو۔ ال پچینو کو بہترین اداکار کے دو ٹونی اور دو ایمی ایوارڈز حاصل ہوئے۔ اس کے علاوہ انہوں نے ایک بافٹا ایوارڈ، چار گولڈن گلوب ایوارڈز، دو اسکرین ایکٹرز گلڈ ایوارڈز کے ساتھ متعدد اعزازات اپنے نام کئے۔
ال پچینو کی مقبول ترین فلموں میں ’’Dog Day Afternoon‘‘، ’’Bobby Deerfield‘‘، ’’And Justice for All‘‘، ’’Scarface‘‘(1983ء)، ’’Julius Caesar‘‘ (1988ء)، ’’The Godfather Part III ‘‘ (1990ء)، ’’Heat‘‘ (1995ء)، ’’Donnie Brasco‘‘ ’’Devil's Advocate‘‘ (1997ء)، قابل ذکر ہیں۔ مجموعی طور پر انہوں نے اب تک 56فلموں اور کئی ٹی وی سیریز میں کام کیا ہے۔ فلمی خدمات کے اعتراف میں ال پچینو کو گولڈن گلوبز، امریکن فلم انسٹیٹیوٹ اور نیشنل میڈل آف آرٹس کی جانب سے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیا جاچکا ہے۔
فلموں میں ال پچینو ڈان بنتے رہے اور حقیقی زندگی میں وہ پلے بوائے کی طرح زندگی گزارتے رہے۔ انہوں نے کبھی شادی نہیں کی لیکن ہر دور میں کوئی نہ کوئی حسینہ ان کی محبوبہ ضرور رہی۔ تھیڑ کے ابتدائی دنوں میں ان کی محبوبہ اداکارہ جل کلے برگ تھیں جن کے ساتھ وہ پانچ برس تک نیویارک کے اپارٹمنٹ میں بھی رہے۔ فلم’’گاڈ فادر‘‘ کی شوٹنگ کے دوران ال پچینو اپنی ہیروئن ڈیان کیٹون کی محبت میں بھی گرفتار رہے اور یہ محبت ’’گاڈ فادر ٹو‘‘ کی شوٹنگ کے دوران ختم ہوئی۔ ایکٹنگ کوچ جین ٹرانٹ سے ال پچینو کا پُرزور معاشقہ چلا، دونوں کی ایک بیٹی بھی ہے۔
1996ء سے 2003ء تک ال پچینو کو اداکارہ بیورلی ڈی اینجیلو سے محبت رہی، ان دونوں کا ایک بیٹا اور ایک بیٹی بھی ہے۔ ال پچینو کے اداکارہ ٹیوزڈے ویلڈ، مارٹی کیلر، کیتھلین کوئلن اور لینڈال ہوبز سے بھی رومانوی تعلقات رہے۔
83 سالہ ال پچینو آج بھی فلمی دنیا سے دور نہیں ہیں۔ 2021ء میں انہوں نے فلم ’’ہاؤس آف گوچی‘‘ میں معاون کردار نبھایا ہے جبکہ ان کی ایک اور فلم ’’دی آئیرش مین‘‘ ریلیز کی منتظر ہے۔ وہ 1994ء سے تاحال ’’ایکٹرز اسٹوڈیو‘‘ کے جوائنٹ پریزیڈنٹ بھی ہیں۔



