چنکی نہیں تو منکی سہی، چنکی پانڈے کے نام کا دلچسپ قصہ
بھارتی معروف مزاحیہ اداکار چنکی پانڈے نے اپنے شناختی کارڈ میں درج اصل نام کے حوالے سے اہم نکشاف کردیا۔
80 کے اواخر میں بالی وڈ میں ڈیبیو دینے والے اداکار چنکی پانڈے نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں بھارتی فلم انڈسٹری میں قدم رکھتے وقت پیش آئے اپنے نام کے حوالے سے تہلکہ خیز انکشاف کردیا۔
اداکار نے بتایا کہ جب وہ 1987 میں اپنی ڈیبیو فلم ’آگ ہی آگ‘ کرنے جا رہے تھے تو فلم کے پروڈیوسر پہلاج نہلانی کو اداکار کے نام سے مسئلہ تھا اور انکو نام پسند نہیں آیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ پہلاج نہلانی نے میرا اصل نام سنا تو بولے یہ کیسا نام ہے، تمھارا نام تبدیل کرنا پڑیگا کچھ گووندا جیسا نام رکھ دیتے ہیں۔
شو کے میزبان نے اداکار سے پوچھا کہ کیا آپ کے آدھار کارڈ پر بھی چنکی پانڈے ہی درج ہے ؟ جس پر انہوں نے بتایا کہ ’نہیں میرے آدھار کارڈ پر میرا نام ’چندرا آتما‘ لکھا ہوا ہے۔
اداکار کا نام سن کر میزبان حیران رہ گئے تو چنکی پانڈے نے اپنی فلم کے کردار کا تکیہ کلام ’میں مذاق کر رہا ہوں‘ ادا کیا اور پھر اپنا اصل نام ’سویش پانڈے‘ بتایا۔
چنکی پانڈے نے بتایا کہ جب انکی عمر 9 ماہ تھی تب وہ کافی صحت مند تھے اس لیے انکی نانی انکو چنکی کہتی تھیں، تاہم اس کے بعد سے یہی نام پکارا جانے لگا۔
انکا کہنا تھا کہ پہلاج نہلانی کو انکے دونوں ہی نام سویش اور چنکی پسند نہیں آرہے تھے، انہوں نے گوندا کا نام بھی ڈیبیو سے قبل تبدیل کردیا تھا اور اداکار کو اسی سے ملتا جلتا نام ’چندرا مکھی‘ اور ’چندرا آتما‘ میں سے ایک نام اپنے لیے منتخب کرنے کا آپشن دیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ پروڈیوسر کے بتائے ہوئے دونوں ہی نام سن کر وہ رونے لگے لیکن پھر انہوں نے کہا کہ ’آپ مجھے فلم انڈسٹری میں قدم رکھنے کا موقع دے رہے ہیں تو آپ مجھے جو چاہے کہہ دیں، اگر ’’چنکی نہ سہی تو منکی‘‘ بھی چلے گا۔‘
چنکی پانڈے نے بتایا کہ پہلاج نے انکا نام چنکی اپنے بچوں کو بتایا، تو بچوں کو نام پسند آیا، تاہم انہوں نے انکا نام چنکی پانڈے قبول کرلیا۔
واضح رہے کہ چنکی پانڈے نے 1987 میں بالی وڈ میں قدم رکھا تھا اور 1994 تک بہترین فلموں کے ساتھ بھارتی فلم انڈسٹری میں اپنا الگ مقام بنائے رکھا، تاہم 30 اپریل 2010 کو ریلیز ہونے والی فلم ’ہاؤس فُل‘ میں مزاحیہ کردار ’آخری پاستا‘ کو اس قدر عمدگی سے نبھایا کہ یہ کردار بالی وڈ میں انکو ایک نئی پہچان دے گیا۔
