دنیا کے نمبر ون یوٹیوبر مسٹر بیسٹ نے منگنی کرلی
مسٹر بیسٹ نے کرسمس کے موقع پر اپنی گرل فرینڈ کو پروپوز کیا۔
سال 2025 کا ابھی آغاز ہی ہوا ہے اور یہ بہت سارے لوگوں کے لیے خوشی کے لمحات لایا ہے جس میں دنیا کے مشہور ترین اور نمبر 1 یوٹیوبر مسٹر بیسٹ بھی شامل ہیں۔
مسٹر بیسٹ کے نام سے مشہور یوٹیوب اسٹار کا اصل نام جمی ڈونلڈسن ہے جنہوں نے سال کے آغازکے ساتھ زندگی کے بھی نئے سفر کی شروعات کی اور اپنی گرل فرینڈ تھیا بوئےسن سے منگنی کرلی۔
تھیا بوئےسن بھی ایک کانٹینٹ کری ایٹر ہیں جو ای اسپورٹس اور گیمنگ سے متعلق کانٹینٹ بناتی ہیں، ان کا تعلق جنوبی افریقہ ہے، اس کے علاوہ وہ ایک مصنفہ بھی ہیں۔
مشہور یوٹیوبر نے یکم جنوری کو سوشل میڈیا پر یہ خبر اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کی جس میں اس جوڑے نے کرسمس کے موقع پر کی گئی اپنی منگنی کی تصاویر و ویڈیوز بھی شیئر کیں جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
مسٹر بیسٹ نے سوشل میڈیا پر تھیا کے ساتھ میچنگ کرسمس کا سویٹر پہنے ہوئے ایک تصویر پوسٹ کی، ان کی دلکش کیمسٹری اور خوبصورت لمحات نے سب کی توجہ حاصل کرلی۔
مسٹر بیسٹ نے انسٹاگرام پر تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ 'لڑکے نے بڑا کام کر ڈالا' ساتھ ہی وہ تھیا کو انگوٹھی پیش کرتے ہوئے گھٹنوں کے بل بیٹھے نظر آئے۔
دوسری جانب اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کردہ ویڈیو میں تھیا بوئےسن نے اپنی منگنی کی ہیرے کی خوبصورت انگوٹھی دکھائی۔
اس بارے میں ایک اخبار سے بات کرتے ہوئے تھیا کا کہنا تھا کہ فیسٹیول کے لحاظ سے اس لمحے کے لیے ہمارے لباس بہترین تھے کیوں ڈونلڈسن نے کرسمس کے دن اہل خانہ کے سامنے انہیں پروپوز کیا۔
تھیا نے مزید کہا کہ ہم گھر پر کرسمس کا اہتمام کررہے ہیں اور ان کی فیملی بھی جنوبی افریقہ سے یہاں پہنچی تھی اس لیے دونوں خاندان اس موقع پر موجود تھے، ہم تحائف کھول رہے تھے اور پھر آخری تحفے کے لیے اس نے مجھے آنکھیں بند کرنے کو کہا کیوں کہ وہ سرپرائز تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسٹر بیسٹ کے پروپوز کرنے پر انہوں نے فوراً ہاں کہہ دی اور وہ بے انتہا خوش تھیں۔
دونوں کی ملاقات سال 2022 میں ایک مشترکہ دوست کے ذریعے جنوبی افریقہ میں ہوئی تھی۔
جمی ڈونلڈسن نے کہا کہ 'جب ہمارا پہلی بار تعارف ہوا تھا تو میرا خیال تھا کہ تھیا کتنی شاندار ہے اور میں ملاقات کے ابتدائی چند منٹوں میں ہی جان گیا تھا کہ میں اسے ڈیٹ کرنا چاہتا ہوں، شکر ہے، اس نے بھی ایک مضبوط تعلق محسوس کیا۔‘
خیال رہے کہ اس سال کے آخر میں انہوں نے نکلوڈون کڈز چوائس ایوارڈز میں اپنا ریڈ کارپٹ ڈیبیو کیا تھا اور انسٹاگرام پر اپنے تعلقات کی تصدیق کی۔
جمی ڈونلڈسن ایک ممتاز یوٹیوبر، بزنس مین، اور اپنی رئیلٹی کمپٹیشن سیریز 'بیسٹ گیمز' کے پروڈیوسر ہیں۔




