سوشل میڈیا

میگھن مارکل کی 5 سال بعد سوشل میڈیا پر واپسی

میگھن کی واپسی ایسے وقت ہوئی جب ان کی طلاق کی افواہیں زیرِ گردش ہیں۔

Web Desk

میگھن مارکل کی 5 سال بعد سوشل میڈیا پر واپسی

میگھن کی واپسی ایسے وقت ہوئی جب ان کی طلاق کی افواہیں زیرِ گردش ہیں۔

میگھن اور ہیری شاہی خاندان سے الگ ہوگئے تھے۔
میگھن اور ہیری شاہی خاندان سے الگ ہوگئے تھے۔

برطانوی شاہی خاندان سے دستبرداری اختیار کرنے والے شہزادے ہیری کی اہلیہ و سابقہ امریکی اداکارہ میگھن مارکل تقریباً پانچ سال بعد انسٹاگرام پر واپس آگئی ہیں۔

سالِ نو کے آغاز کے ساتھ ان کے نئے اکاؤنٹ پر پہلی پوسٹ ایک ویڈیو کی ہے جس میں وہ ساحل سمندر پر دوڑتی نظر آرہی ہیں اور اس کے بعد ریت پر 2025 کا ہندسہ لکھتی ہیں۔

اے بی سی نیوز کے مطابق یہ ویڈیو ان کے شوہر شہزادہ ہیری نے کیلیفورنیا کے مونٹیسیٹو میں ان کے گھر کے قریب ایک عوامی ساحل پر بنائی تھی جہاں یہ جوڑا اپنے دو بچوں آرچی اور للی بیٹ کے ساتھ رہائش پذیر ہے۔

ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے میگھن نے کمنٹ سیکشن آف کردیا لیکن اسے سیرینا ولیمز، کرسی ٹیگین اور ٹین فرانس جیسی مشہور شخصیات نے پسند کیا۔

مارکل کا نیا انسٹاگرام اکاؤنٹ @meghan کے ہینڈل سے بنایا گیا ہے، ان کی اپنے نام سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر واپسی شاہی جوڑے کے انسٹاگرام پر اپنا @ sussexroyal آفیشل اکاؤنٹ بند کرنے کے تقریباً پانچ سال بعد ہوئی۔

میگھن کے ذاتی سوشل میڈیا اکاؤنٹ کا آغاز ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب جوڑے کی علیحدگی کے بارے میں افواہیں پھیلی ہوئی ہیں۔

شہزادہ ہیری نے افواہوں پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ 'بظاہر ہم اب تک 10 سے 12 گھر تبدیل کرچکے اور 10-12 مرتبہ ہی طلاق دے چکے ہیں تو یہ بالکل اسی طرح ہے کیا؟

گزشتہ برس میگھن مارکل نے اپنے برانڈ امریکن رویرا آرچرڈ کے آغاز کا اعلان کیا تھا جو گھریلو اشیا پر مشتمل تھا، یہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پچھلے سال کے شروع میں شروع کیا گیا تھا لیکن آخری پوسٹ مارچ 2024 میں کی گئی تھی۔

خیال رہے کہ ڈیوک آف سسیکس شہزادہ ہیری اور ڈچز آف سسیکس میگھن مارکل نے تقریباً ڈیڑھ سال کے تعلقات کے بعد نومبر 2017 میں منگنی اور مئی 2018 میں شادی کی تھی۔

مئی 2019 میں جوڑے نے اپنے پہلے بیٹے آرچی کا خیر مقدم کیا تھا جس کے بعد جون 2021 میں ان کے ہاں بیٹی للی بیٹ کی پیدائش ہوئی تھی۔

جوڑے نے جنوری 2020 میں شاہی خاندان سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا جس کی توثیق ملکہ الزبتھ سے ملنے کے بعد انہوں نے عارضی طور پر پہلے کینیڈا اور پھر مستقل طور پر امریکا میں سکونت اختیار کرلی تھی۔

2018 میں اپنی شادی سے پہلے میگھن مارکل کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لاکھوں فالوورز تھے تاہم جب اس جوڑے نے 2019 میں اپنا sussexroyal اکاؤنٹ لانچ کیا، تو اس نے گنیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق، تیزی سے 10 لاکھ فالوورز حاصل کرنے کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا تھا۔

اب یہ جوڑا اپنی نجی زندگی کو خفیہ رکھتا ہے تاہم میگھن مارکل کے برے رویے کی رپورٹس سامنے آتی رہتی ہیں۔

ذرائع نے میگھن مارکل کے رویے سے متعلق انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے عملے کو خوفزدہ کرتی ہے، ہر کوئی میگھن سے خوفزدہ ہے۔۔۔ وہ لوگوں کو نیچا دکھاتی ہیں اور مشورہ نہیں لیتیں۔

ایک اور اندرونی نے میڈیا آؤٹ لیٹ کو بتایا کہ میگھن ہائی ہیلز پہن کر کسی آمر کی مانند گھومتی ہیں اور اپنے رویے سے انہوں نے مردوں کو رونے تک پر مجبور کردیا تھا۔