کنگنا رناوت کی ’ایمرجنسی’کے ٹریلر 2 کی مقبولیت
اس پرفارمنس کے بعد انہیں نیشنل ایوارڈ ملنا یقینی ہے۔
متعدد بار ملتوی ہونے کے بعد اداکارہ سے سیاستدان بننے والی کنگنا رناوت کی آنے والی فلم ایمرجنسی کے دوسرے ٹریلر نے بھی منظر عام پر آتے ہی فلمی شائقین کے دل جیت لیے۔
بھارت کی پہلی اور واحد خاتون وزیراعظم اندرا گاندھی نے 25 جون 1975 کو آئین کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک میں ایمرجنسی نافذ کردی تھی، یہ فلم انہیں حالات و واقعات کے گرد گھومتی ہے۔
جبکہ اداکارہ کنگنا خود ایمرجنسی کی مرکزی اداکارہ، مصنف، ہدایت کار اور پروڈیوسر ہیں، علاوہ ازیں یہ سیاسی بائیو پک کو مانیکرنیکا فلمز پروڈکشن کی پیشکش ہے۔
اگرچہ کہ فلم کی ریلیز متعدد بار تاخیر کا شکار ہو چکی ہے، اسے پہلے 24 نومبر 2023 کو ریلیز ہونا تھا جس کے بعد 14 جون 2024 کی تاریخ کا اعلان کیا گیا اور پھر 6 ستمبر کی تاریخ دی گئی۔
لیکن 1977 کے بھارتی ایمرجنسی پر مبنی اس فلم کو سنسر بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن (CBFC) کی منظوری نہ ملنے کی وجہ ایک بار پھر مؤخر کیا گیا لیکن اس کے باوجود مداح اس فلم کا تاحال بے صبری سے انتظار کرتے نظر آرہے ہیں جو رواں ماہ 17 جنوری کو سینما گھروں میں پیش کی جائے گی۔
اب حال ہی میں ’ایمرجنسی’ کا ٹریلر 2 منظر عام پر آیا جسے دیکھتے ہی مداح یہ کہنے پر مجبور ہوگئے کہ اس فلم میں کنگنا کی پرفارمنس کے بعد انہیں نیشنل ایوارڈ ملنا یقینی ہے۔
ایک منٹ اور پچاس سیکنڈز کے اس ٹریلر پر نظر ڈالی جائے تو اس کلپ نے شائقین کی امیدیں ایک بار پھر بڑھا دی ہیں۔ ٹریلر کا آغاز انوپم کھیر کے کردار جے پرکاش نارائن کے جیل سے بھارتی وزیر اعظم کو خط لکھنے سے ہوتا ہے۔ اس کے بعد کنگنا اندرا کے روپ میں نظر آتی ہیں، جو صدر کو یہ بتاتی ہیں کہ وہی کابینہ ہیں، جب ان سے ملک میں ایمرجنسی نافذ کرنے کے بارے میں سوال کیا جاتا ہے۔
وہ مزید کہتی ہیں کہ سچ کو جیتنے کے لیے واحد راستہ جنگ ہے۔ ایک سنسنی خیز منظر میں، جس میں ہندو مہابھارت کا حوالہ دیا گیا ہے، کنگنا کہتی ہیں: ’یہ اندرپرسٹھ ہے، اور ہم نے یدھ کی گھوشنا کی ہے، کورووں کے خلاف۔’
ٹریلر کے آخر میں وہ الفاظ دہراتی ہیں جنہوں نے پچھلے سال لوگوں کو جھومنے پر مجبور کر دیا تھا— "انڈیا از اندرا، اور اندرا از انڈیا۔"
اس ٹریلر کے بعد لوگوں کا جنون اور دیوانگی کا یہ عالم ہے کہ کمنٹ سیکشن میں دیوانہ وار تبصروں کا عمل شروع ہوگیا۔
ایک مداح نے لکھا کہ ’اداکاری کے لحاظ سے کنگنا کبھی مایوس نہیں کرتی، فلم کا کیا ہوگا نہیں جانتا لیکن ایک بات طے ہے کہ وہ اپنے کیریئر کی بہترین پرفارمنس دیں گی’۔
ایک اور صارف نے پیش گوئی کی’نیشنل ایوارڈ اس کا انتظار کر رہا ہے، واقعی قابل تعریف.تمام نیک تمنائیں’۔
ایک اور مداح نے اپنے رائے کا اطہار کرتے ہوئے لکھا کہ،’اس میں کوئی شک نہیں کہ پانچواں نیشنل ایوارڈ ان کے راستے میں ہے’۔



