جان ابراہم نے کالج طلبہ کو منشیات سے گریز کیلئے اہم مشورہ دیدیا
اداکار جان ابراہم انسداد منشیات مہم کا حصہ بن گئے
بالی وڈ فلم انڈسٹری میں اپنی فٹنس اور صحت مند سرگرمیوں کیلئے مشہور اداکار جان ابراہم نے ممبئی میں ایک نجی تقریب میں شرکت کے دوران طلبہ کو اہم مشورہ دے دیا۔
بالی وڈ کے دلکش اداکار جان ابراہم نے حال ہی میں بھارتی حکومت کی جانب سے ممبئی میں ایک ‘انسداد منشیات مہم‘ کی ایک تقریب کیلئے کالج میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
انسداد منشیات مہم کی سرگرمی میں کالج طالب علموں سے خطاب کرتے ہوئے اداکار جان ابراہم نے طلبہ کو زندگی میں نظم و ضبط لانے اور اچھے شہری بن کر معاشرے میں ایک مثبت مثال قائم کرنے پر زور دیا۔
تقریب میں موجود طلبہ سے خطاب کے دوران اداکار جان ابراہم نے حیران کن انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ ‘میں نے اپنی زندگی میں کبھی منشیات کو ہاتھ نہیں لگایا، سگریٹ نوشی نہیں کی، شراب نوشی نہیں کی‘۔
جان کا کہنا تھا کہ ‘صحتمند زندگی گزارنے کیلئے منشیات سے دور رہنا بہت ضروری ہے، آپ لوگ زندگی میں نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں، اپنے دوستوں کے لیے رول ماڈل بنیں اور بھارت کے ایک اچھے شہری بنیں، یہی بڑی کامیابی ہے‘۔
جان ابراہم کی جانب سے ماضی میں دیگر اسٹارز پر تنقید
انسداد منشیات مہم میں طلباء کو نشے کی لت سے دور رہنے کی ہداہت کرنے والے اداکار جان ابراہم ماضی میں بالی وڈ کے دیگر اداکاروں کو بھی ‘پان مصالحہ اور تمباکو‘ کی تشہیر کرنے کیلئے تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں۔
اداکار جان ابراہم نے ‘پان مصالحہ اور تمباکو‘ کے برینڈز کی پروموشنز کے لیے اشتہارات کا حصہ بننے والے اداکاروں سے اپنی ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے اس عمل کو ‘موت بیچنے‘ کے مترادف قرار دے دیا۔
جان ابراہم کا کہنا تھا کہ ‘کچھ بالی وڈ اسٹارز ایک جانب فٹنس کے حوالے سے بات کرتے ہیں اور وہیں دوسری جانب پان مصالحہ اور تمباکو کی حمایت بھی کرتے ہیں‘۔
جان کا کہنا تھا کہ ‘میں اپنے تمام اداکار دوستوں سے پیار کرتا ہوں اور میں ان میں سے کسی کی بھی بےعزتی نہیں کر رہا ہوں لیکن میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ آپ چند پیسوں کی خاطر موت بیچ رہے ہیں‘۔
واضح رہے کہ کام کے محاذ پر اداکار جان ابراہم کو آخری بار سال 2024 میں فلم ‘ویدا‘ میں دیکھا گیا تھا۔
فلم میں اداکارہ شروری واگھ، تمنا بھاٹیہ، ابھیشیک بنرجی، آشیش ودیارتھی، کمود مشرا، راجندر چاولہ، تنوی ملہارا، انوراگ ٹھاکر اور اروشی دوبے سمیت دیگر نے بھی کام کیا تھا۔




