لاس اینجلس میں بدترین آگ، کئی ہالی وڈ اسٹارز کے گھر جل گئے
ہالی وڈ سیلیبریٹیز سمیت ہزاروں افراد نقل مکانی پر مجبور ہوگئے۔
امریکی ریاست کیلی فورنیا کی ہالی وڈ فلم سٹی لاس اینجلس کے جنگلات میں لگنے والی آگ بے قابو ہو چکی ہے جس کے نتیجے میں ہالی وڈ سیلبریٹیز سمیت ہزاروں افراد کو اپنے گھر چھوڑنے پڑ گئے۔
خوفناک آگ کے سبب اب تک 5 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ امریکی صدر جوبائیڈن نے اپنے دورِ اقتدار کا آخری دورہ اٹلی بھی منسوخ کردیا ہے۔
منگل کی شب لاس اینجلس میں لگی آگ کو شہر کی جدید تاریخ میں سب سے زیادہ تباہ کن کہا جار ہا ہے جس نےگروسری اسٹورز اور بینکوں کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا اور بدھ کی شب ہلی ووڈ ہلز کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا جبکہ اب تک مکانات سمیت 1500 سے زائد املاک خاکستر ہوچکی ہیں۔
آتشزدگی کے نتیجے میں 15 لاکھ افراد بجلی سے محروم ہیں، نقل مکانی کے احکامات کے بعد بڑی تعداد میں لوگوں کے نکلنے کی وجہ سے سڑکوں پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئی ہیں اور متعدد افراد کو اپنی گاڑیاں چھوڑ کر پیدل علاقہ خآلی کرنا پڑا۔
آگ سے متاثر ہونے والی ہالی وڈ سیلیبریٹیز
یہ خوفناک آگ ساحلی علاقے سانتا مونیکا اور ملیبو کے درمیان ایک پوش علاقے میں لگی ہوئی ہے جہاں بہت سے فلم اور ٹیلی ویژن اسٹارز سمیت کئی مشہور شخصیات کی رہائش گاہیں ہیں۔
لاس اینجلس اور اس کے آس پاس جنگل کی آگ نے کئی مشہور شخصیات کے گھروں کو تباہ کر دیا ہے اور ان ستاروں سمیت ہزاروں افراد کو انخلا پر مجبور کر دیا ہے۔
امریکی اداکار و پروڈیوسر جیمی لی کرٹس، اداکارہ پیرس ہلٹن، گلوکارہ مینڈی مور، کیری ایلویس ان ستاروں میں شامل ہیں جنہوں نے بدھ کو کہا کہ وہ آگ میں گھر کھو چکے ہیں۔
کیلی فورنیا کے سابق گورنر و اداکار آرنلڈ شوارز کی سابقہ اہلیہ اور صحافی ماریہ شریور نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں ہر طرف تباہی نظر آ رہی ہے۔
اداکار جیمز ووڈز کو بھی آگ کے سبب اپنا گھر چھوڑنا پڑا، انخلا سے قبل انہوں نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں ان کے گھر کے ارد گرد آگ لگی نظر آ رہی ہے۔
اداکارہ مینڈی مور نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ 'ہم سے بہت کچھ چھن گیا ہے، ہم ٹوٹ چکے ہیں۔'
ہالی وڈ ایونٹس منسوخ
ہالی وڈ میں ایوارڈز سیزن شروع ہوچکا ہے اور ایسے میں لاس اینجلس میں آتش زدگی کی وجہ سے کئی ایونٹس بھی متاثر ہوئے ہیں۔
خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آگ کے سبب آئندہ ویک اینڈ پر منعقد ہونے والے کریٹکس چوائس ایوارڈز کو 2ہفتوں کے لیے منسوخ کر دیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں آسکرز انتظامیہ کی جانب سے بھی آئندہ ہفتے ہونے والی ایوارڈز کی نامزدگیاں دو روز کے لیے منسوخ کر دی ہیں۔
دوسری جانب کئی ٹی وی شوز کی پروڈکشن سمیت متعدد فلموں کے پریمیئرز بھی منسوخ کیے گئے ہیں۔
