سیف علی خان کی حالت سرجریز کے بعد اب کیسی ہے؟
اداکار کو 6 زخم آئے جس کے لیے ان کی دو سرجریز کی گئیں۔
بالی وڈ اداکار سیف علی خان گھر میں گھسنے والے شخص کے حملے میں چاقو سے آنے والے زخموں کا علاج کروانے کے بعد اب خطرے سے باہر ہیں جس کی تصدیق ان کی ٹیم نے بھی کی ہے۔
بدھ اور جمعرات کی رات ان کے گھر پر ہونے والے حملے میں اداکار کو چاقو کے متعدد زخم آئے، جس کے بعد انہیں علاج کے لیے ممبئی کے لیلاوتی اسپتال لے جایا گیا، جہاں ان کے زخموں کی سرجریز کی گئیں۔
سیف کی ہیلتھ اپڈیٹ کے حوالے سے ان کی ٹیم نے ایک بیان جاری کیا، جس میں بتایا گیا کہ 'سیف علی خان کی سرجری مکمل ہوچکی ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہیں، وہ فی الحال صحت یاب ہیں اور ڈاکٹر ان کی پیشرفت پر نظر رکھے ہوئے ہیں، خاندان کے سبھی افراد محفوظ ہیں اور پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے'
سیف کی ٹیم نے ڈاکٹروں کے ساتھ ساتھ مداحوں اور خیر خواہوں کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 'ہم ڈاکٹر نیرج اتمانی، ڈاکٹر نتن ڈانگے، ڈاکٹر لینا جین اور لیلاوتی ہسپتال کی ٹیم کا شکریہ ادا کرنا چاہیں گے۔ اس وقت کے دوران ان کی دعاؤں اور خیالات کے لیے ان کے تمام مداحوں اور خیر خواہوں کا بھی شکریہ'۔
اس سے قبل جاری کردہ ایک بیان میں سیف کی ٹیم نے واضح کیا تھا کہ اداکار چوری کی کوشش میں مزاحمت پر زخمی ہو گئے تھے۔
لیلاوتی ہسپتال کے سی او او ڈاکٹر نیرج اتمانی نے میڈیا کو بتایا کہ اداکار کے جسم پر چھ زخم آئے ہیں، جن میں ایک ریڑھ کی ہڈی کے قریب اور ایک گردن پر ہے اور اس کے لیے اداکار کی دو سرجری کی گئیں۔
ڈاکٹر نیرج اتمانی نے کہا کہ ان کی ریڑھ کی ہڈی کے قریب ایک تیزدھار چیز (چھری کا ٹوٹا ہوا حصہ) پایا گیا جسے نکال دیا گیا ہے۔
ڈاکٹر نیرج نے کہا کہ تیز دھار چیز نکال کر پولیس کے حوالے کردی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ سیف کو آئی سی یو میں منتقل کر دیا گیا ہے اور وہ ایک دن تک آئی سی یو میں زیر نگرانی رہیں گے۔
سیف علی خان اور کرینہ کپور اپنے دو بیٹوں تیمور اور جے کے ساتھ ممبئی کے علاقے باندرہ ویسٹ کے ایک اپارٹمنٹ کمپلیکس میں رہتے ہیں۔
بدھ اور جمعرات کی رات تقریباً 2:30 بجے ایک چور کے ان کے گھر میں گھسنے کے بعد حملے سے اداکار زخمی ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واضح نہیں ہے کہ سیف گھسنے والے کے ساتھ جھڑپ میں زخمی ہوا یا انہیں چاقو سے نشانہ بنایا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گھر کے مکینوں کے جاگنے کے بعد حملہ آور جائے وقوع سے فرار ہو گیا اور پولیس اس کا سراغ لگانے کی کوشش کر رہی ہے۔
باندرہ پولیس ایف آئی آر درج کرنے کی کارروائی میں ہے اور مجرم کو پکڑنے کے لیے کئی پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
اداکار کی ٹیم نے ایک بیان جاری کیا جس میں لکھا گیا کہ 'مسٹر سیف علی خان کی رہائش گاہ پر چوری کی کوشش کی گئی، وہ اس وقت اسپتال میں زیر علاج ہیں، ہم میڈیا اور مداحوں سے صبر کی درخواست کرتے ہیں۔ یہ پولیس کا معاملہ ہے ہم آپ کو صورتحال سے آگاہ کرتے رہیں گے'۔





