فلم / ٹی وی

قرضِ جاں نے پی ٹی وی کلاسک ’شہپر‘ کی یاد تازہ کردی

فیصل رحمٰن اور تزئین حسین کی جوڑی کا نیا انداز

Web Desk

قرضِ جاں نے پی ٹی وی کلاسک ’شہپر‘ کی یاد تازہ کردی

فیصل رحمٰن اور تزئین حسین کی جوڑی کا نیا انداز

قرضِ جاں نے پی ٹی وی کلاسک ’شہپر‘ کی یاد تازہ کردی

اتوار کی شب ہم ٹی وی پر نشر ہونے والے ڈرامہ سیریل 'قرضِ جان'  نے اپنی جاندار کہانی اوریمنی زیدی اور اسامہ خان کی شاندار کیمسٹری کی وجہ سے جلد ہی مقبولیت حاصل کرلی ہے۔

اس خوبصورت کہانی کو یادگار بنانے میں ناصرف یمنیٰ زیدی اور اسامہ خان کا ہاتھ ہے بلکہ اس جوڑی کے علاوہ بھی ایک جوری نے خوب سب کی نظریں اپنی جانب مبذول کروا رکھی ہیں ، وہ جوڑی کوئی اور نہیں بلکہ تزئین حسین اور فیصل رحمان کی ہے۔

اس ڈرامے سے اسکرین سے کافی عرصے سے دور فیصل رحمٰن نے شاندار واپسی کی ہے اور ان کا کردار نہایت پرکشش اور منفرد ہے۔ تزئین حسین کے ساتھ ان کی کیمسٹری ناظرین کو 90 کی دہائی کی یاد دلا رہی ہے، خاص طور پر ان کے مشہور پی ٹی وی ڈرامے 'شہپر' کی۔

یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب فیصل رحمٰن اور تزئین حسین کو ایک ساتھ دیکھا گیا ہو۔ 1997 میں پی ٹی وی کے مشہور ڈرامہ 'شہپر' میں یہ دونوں ایک یادگار کہانی کا حصہ تھے۔ 

معروف مصنف مستنصر حسین تارڑ کے شاہکار 'شہپر' میں فیصل رحمٰن نے حسن کا کردار ادا کیا تھا، جبکہ تزئین حسین سیما کے کردار میں نظر آئیں۔

’شہپر' ایک ایئرفورس بیسڈ ڈرامہ تھا، جس کی کہانی تین ایئرفورس کیڈٹس، عمر، عثمان، اور حسن کے گرد گھومتی تھی۔ فیصل رحمٰن کا کردار حسن اپنی گہری جذباتی کہانی کے لیے مشہور تھا۔ ڈرامے کے اسکرپٹ کو بعد میں ایک کتاب کی صورت میں بھی شائع کیا گیا۔

اب اگر بات کریں آج کل نشر ہونے والے  ڈرامہ سیریل قرضِ جاں کی تو اس میں فیصل رحمان نے عاصم کا کردار نبھایا جو بیرسٹر برہان کا کردار نبھانے والے اسامہ خان کے والد بنے ہیں۔

 یہاں بسمہ کا کردار نبھانے والی تزئین ڈرامے کی مرکزی کردار یمنیی زیدی کی والدہ کے روپ میں بہترین اداکاری کے جوہر دکھا رہی ہیں۔

قرضِ جاں میں یمنی زیدی، اسامہ خان، نمیر خان، انیقہ ذوالفقار، فیصل رحمان، دیپک پروانی، تزئین حسین، دانیال عامر، سکینہ سموں، سلمیٰ عاصم، عصمت زیدی، فجر مرسلین، تبسم عارف اور مبصر خان شامل ہیں۔

اس ڈرامے کو رابعہ رزاق نے لکھا، ثاقب خان نے ڈائریکٹ کیا، اور مومنہ درید نے پروڈیوس کیا ہے۔

قرضِ جان کے انسٹاگرام فین پیجز پر بھی فیصل رحمٰن اور تزئین حسین کی جوڑی کی خوب تعریف ہو رہی ہے۔ ان کی پرانی اور نئی جھلکیوں کو ایڈٹ کر کے ناظرین کی دلچسپی مزید بڑھا دی گئی ہے۔

  سوشل میڈیا پر ناظرین نے فیصل رحمٰن اور تزئین حسین کی جوڑی کو خوب سراہا ہے۔ یہ جوڑی نہ صرف پی ٹی وی کی یادیں تازہ کرتی ہے بلکہ موجودہ نسل کو بھی اپنی طرف متوجہ کر رہی ہے۔

تازہ ترین