انفوٹینمنٹ

بالی وڈ نواب سیف علی خان کی آسائشوں سے بھرپور زندگی پر ایک نظر

سیف علی خان گزشتہ رات ایک حملے میں زخمی ہوگئے تھے

Web Desk

بالی وڈ نواب سیف علی خان کی آسائشوں سے بھرپور زندگی پر ایک نظر

سیف علی خان گزشتہ رات ایک حملے میں زخمی ہوگئے تھے

بالی وڈ کے نواب عام زندگی میں بھی نواب ہیں
بالی وڈ کے نواب عام زندگی میں بھی نواب ہیں 

بالی وڈ کے نواب سیف علی خان گزشتہ رات اپنے اوپر ہونے والے حملے کے باعث خبروں میں ہیں، فلم انڈسٹری میں ان پر ہونے والے حملے سے متعلق تشویش پائی جاتی ہے کیونکہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ یہ کوئی چوری کا معاملہ تھا یا پھر کوئی شخص سیف علی خان کو نقصان پہچانے آیا تھا۔

سیف علی خان خاندانی نواب ہیں، ان کے والد ریاست پٹودی کے نواب تھے، تقسیم ہند کے بعد ان کی ریاست ہندوستان میں ضم ہوگئی، سیف علی خان کی والدہ شرمیلا ٹیگور اپنے وقت کی مایہ ناز اداکارہ تھیں۔

سیف علی خان بلاشبہ بالی وڈ کے مقبول ترین اداکاروں میں سے ایک ہیں، سیف علی خان سوشل میڈیا پر موجود نہیں ہیں اور نہ ہی کسی تنازعے میں ملوث ہوتے ہیں، جس کی وجہ ان کی شہرت سے دور رہنے کی ترجیح ہے، حالانکہ وہ زیادہ انٹرویوز نہیں دیتے لیکن جب بھی وہ کوئی انٹرویو دیتے ہیں تو اپنے دانشمندانہ خیالات اور عاجزی سے لوگوں کو متاثر کیے بغیر نہیں رہتے۔

اداکار کی خوبصورت اہلیہ کرینہ کپور خان نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ ان کے شوہر علم دوست انسان ہیں اور انہیں کتابیں پڑھنے کا بھی بہت شوق ہے۔

اسنیپ گریب گوگل
اسنیپ گریب گوگل

چوری اور حملے کے گرد شور شرابے کے دوران کئی لوگ سیف علی خان کی مجموعی دولت کے بارے میں جاننے کے خواہشمند ہیں، سیف علی خان بھارت کے سب سے زیادہ دولت مند ستاروں میں شمار کیے جاتے ہیں، کئی رپورٹس کے مطابق، سیف علی خان ایک فلم کے لیے تقریباً 10 سے 15 کروڑ روپے چارج کرتے ہیں۔

اسنیپ گریب گوگل
اسنیپ گریب گوگل

فلموں کے علاوہ سیف علی خان بہت سے برانڈز کی تشہیر کرتے ہیں اور اس سے بھی کروڑوں کماتے ہیں، اپنی متعدد آمدنی کے ذرائع کی بدولت، سیف علی خان کی موجودہ مجموعی دولت کا تخمینہ تقریباً 1200 کروڑ روپے ہے، اب جب کہ ہم ان کی دولت کی بات کر رہے ہیں تو یہ ضروری ہے کہ ان کی قیمتی ملکیتوں پر بھی روشنی ڈالی جائے تاکہ ان کے شاندار طرزِ زندگی کے بارے میں مزید جان سکیں۔

سیف علی خان 800 کروڑ روپے مالیت کے پٹودی پیلس کے مالک ہیں، تقریباً ہر شخص اس تاریخی جائیداد کے بارے میں جانتا ہے، جسے بالی ووڈ کی مشہور فلم ’ویر زارا‘ اور ویب سیریز ’تاندو‘ کے لیے استعمال کیا گیا ہے، فلم ’انیمل ‘ میں بھی ایک امیر آدمی کے ٹھاٹھ باٹھ دکھانے کے لیے پٹودی پیلس کو دکھایا گیا۔ 

پٹودی پیلس کے علاوہ سیف علی خان ممبئی کے ستگرو شرن میں ایک عالیشان اپارٹمنٹ کے مالک بھی ہیں، اس کے علاوہ، سیف علی خان نے سوئٹزرلینڈ میں ایک شاندار گھر خریدا ہے، جو ان کے پسندیدہ سفری مقامات میں سے ایک ہے،لکڑی سے بنے اس خوبصورت گھر کو خریدنے کے لیے  اداکار نے 33 کروڑ روپے خرچ کیے۔

اسنیپ گریب گوگل
اسنیپ گریب گوگل

کم لوگ جانتے ہیں کہ سیف علی خان ایک کرکٹ ٹیم ٹائیگرز آف کولکتہ، کے بھی مالک ہیں جو انڈین اسٹریٹ پریمیئر لیگ (ISPL) میں کھیلتی ہے، سیف علی خان کی ٹیم نے 2024 میں آئی ایس پی ایل کا پہلا سیزن جیتا تھا، اکثر انہیں اپنی ٹیم کے میچز دیکھتے ہوئے اور اسٹیڈیم میں ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

سیف علی خان مہنگی اور لگژری گاڑیوں کے دلدادہ ہیں اور ان کے گیراج میں لگژری گاڑیوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے۔

اسنیپ گریب گوگل
اسنیپ گریب گوگل

رپورٹس کے مطابق، اداکار کے پاس سات شاندار گاڑیاں ہیں، جو ان کی گاڑیوں سے محبت کی گواہی دیتی ہیں، ان کی گاڑیوں میں رینج روور ووگ (2.39 کروڑ سے 4.17 کروڑ روپے)، فورڈ مستنگ جی ٹی (74 لاکھ سے 76 لاکھ روپے)، لیکسس 470 (35 لاکھ سے 38 لاکھ روپے)، لینڈ روور ڈیفینڈر (93 لاکھ روپے)، مرسڈیز بینز ایس کلاس (1.71 کروڑ سے 1.80 کروڑ روپے)، آڈی آر 8 (2.72 کروڑ روپے)، اور بی ایم ڈبلیو 7 سیریز (1.70 کروڑ روپے) شامل ہیں۔

اسنیپ گریب گوگل
اسنیپ گریب گوگل

سیف علی خان نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ ان کے پاس ہیروں سے جڑی رولیکس گھڑی ہے، جو انہیں برونائی کے سلطان کی بیٹی سے تحفے میں ملی تھی، اداکار نے بتایا کہ وہ بالی ووڈ کی بڑی مداح تھیں اور جب وہ لندن کے ڈورچیسٹر ہوٹل میں سیف سے ملیں تو انہوں نے اداکار کو یہ قیمتی تحفہ دیا، سیف علی خان نے بتایا کہ ملاقات کے بعد انہوں نے ایک ڈبہ دیا جس میں ہیروں سے جڑی رولیکس گھڑی موجود تھی۔

سیف علی خان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے لیکن ان کے مداح پھر بھی ان کے حوالے سے تشویش کا شکار ہیں۔

بالی وڈ کے ستاروں نے بھی اس واقعے پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے ممبئی میں جب سیف علی خان ہی محفوظ نہیں تو کون محفوظ ہوگا کیونکہ سیف علی خان ایک عالیشان اپارٹمنٹ میں رہتے ہیں اور باندرہ کے پوش علاقے میں ان کے گھر پر ایک حملہ آور کا داخل ہونا سیکیورٹی پر سوالیہ نشان ہے۔

تازہ ترین