دلچسپ و خاص

ان آٹھ طریقوں پر عمل کر کے اپنی زندگی خوشگوار بنائیں

نئے سال میں کیسے خوش رہیں؟

Web Desk

ان آٹھ طریقوں پر عمل کر کے اپنی زندگی خوشگوار بنائیں

نئے سال میں کیسے خوش رہیں؟

اسکرین گریب
اسکرین گریب

دنیا میں بہت سے لوگ اس سوال کا جواب تلاش کرنے کی کوشش کررہے ہیں کہ نئے سال کو کس طرح خوش گوار طریقے سے گزارا جا سکتا ہے۔ 

یہ حقیقت ہے کہ کچھ لوگ پیدائشی طور پر فطرتاً خوش رہنے والے ہوتے ہیں۔ قدرتی طور پر ان کا مزاج خوشی کی طرف مائل ہوتا ہے۔

 اپنے حال میں مست رہنے کی کیفیت ہم پر کہیں اوپر سے وارد نہیں ہوتی۔ سائنسی ماہرین بتاتے ہیں کہ وہ لوگ جو خوش مزاج نہیں ہیں، وہ بھی اپنی عادات میں کچھ تبدیلیاں کرکے اپنی زندگی میں خوشگوار تبدیلی لاسکتے ہیں۔ 

 عالمی نشریاتی ادارے بی بی سی نے سائنسی طور پر تحقیق کرکے کچھ ایسے امور کی نشاندہی کی ہے جنہیں ماہرین نفسیات اچھی اور خوشگوار زندگی بسر کرنے کے لئے ضروری خیال کرتے ہیں:

-1 جوں جوں عمر بڑھے، دوستی اہمیت اختیار کرتی جاتی ہے:

اسکرین گریب
اسکرین گریب

دوستی عمر کے ہر حصے میں اہم ہوتی ہے، لیکن بعد کی عمر میں یہ انسانی خوشی کے لئے غیرمعمولی اہمیت اختیار کر جاتی ہے۔ یہ بات دیکھی گئی ہے کہ بڑی عمر کے لوگ اپنی عمر کے بڑھنے کے ساتھ ساتھ اپنا حلقہ احباب محدود کرتے چلے جاتے ہیں۔ وہ خود کو اُن دوستوں تک محدود کرلیتے ہیں جن کے ساتھ ان کی ذہنی ہم آہنگی مثالی ہوتی ہے۔ اس سلسلے میں ہونے والی تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ بڑھتی عمر میں بھی نئے دوست بنانے سے زندگی میں نیا پن پیدا ہوتا ہے۔ اپنے خاندان کے ساتھ تعلق کے ساتھ ذمہ داریاں وابستہ ہوتی ہیں لیکن دوستوں کے ساتھ تعلق خاندان سے تعلق کے برعکس تنائو اور ذمہ داریوں سے بوجھل نہیں ہوتا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ خوش رہنے کے لئے دوستی خاندانی رشتوں سے کم اہم نہیں ہوتی۔

-2 دوسروں کی خوش قسمتی پر خوش ہوں:

اسکرین گریب
اسکرین گریب

عموماً یہ خیال کیا جاتا ہے کہ دوست احباب کی مدد کرنا اور ان کی ہمت بندھانا ایک انتہائی مثبت عمل ہے اور اس میں کوئی شک بھی نہیں۔ اس رویئے کے باعث باہمی تعلقات میں قربت اور اعتماد پیدا ہوتا ہے۔ 

لیکن ایک اور خصوصیت بھی ہے جس کا کم ذکر کیا جاتا ہے لیکن یہ انسانی خوشی اور ہمارے باہمی تعلقات میں غیرمعمولی گرم جوشی پیدا کرسکتی ہے۔ یہ ہے ’دوسرے کی خوشی میں خوشی محسوس کرنا اور اس کا کُھل کر اظہار کرنا‘۔ 

اس سلسلے میں ہونے والی تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ یہ وصف انسانی خوشی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ جب آپ کسی اپنے کی خوش قسمتی اور مثبت پیش رفت پر خوش ہوتے ہیں، اس میں دلچسپی لیتے ہیں اور اسے اپنی خوشی سمجھتے ہیں تو نہ صرف یہ کہ آپ کے تعلقات ایک نئی سطح پر پہنچ جاتے ہیں بلکہ اس سے خود آپ کو بھی بے پناہ روحانی تسکین حاصل ہوتی ہے۔

-3 فلاحی خدمات انجام دیں:

اسکرین گریب
اسکرین گریب

حالیہ برسوں میں ہونے والی ریسرچ سے رضاکارانہ اور فلاحی خدمات کے حیرت انگیز نتائج سامنے آرہے ہیں۔ ایک حالیہ تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ رضاکارانہ خدمات انجام دینے والے لوگوں میں دائمی درد اور ڈپریشن کی علامات میں غیرمعمولی افاقہ ہوا۔2002 ء میں اس سلسلے میں ہونے والے تجربات سے ثابت ہوا کہ ایسی دائمی تکالیف میں مبتلا افراد جب تک نیکی کے کام میں مشغول رہے، ان کی تکلیف غائب ہوگئی۔ یہ بھی دیکھا گیا کہ ان تکالیف میں مستقل افاقہ ہوا۔ ان تجربات سے یہ بھی ثابت ہوا ہے کہ جانوروں کی دیکھ بھال سے انسانی صحت کا معیار بہتر ہوجاتا ہے جبکہ باغبانی بالخصوص بڑھاپے میں ہمیں متحرک اور چاق و چوبند رکھتی ہے۔اب بات یہاں تک آپہنچی ہے کہ اس طرح کی سرگرمیاں ماہرین طب نے اپنے مریضوں کے نسخوں میں لکھنی شروع کردی ہیں۔ لوگوں کو اپنے رہائشی علاقوں میں سماجی بہتری کے کاموں پر بھیجا جاتا ہے۔ اسی طرح ڈاکٹر اپنے مریض کو فنون لطیفہ کی کلاسوں میں بھیجتے ہیں۔ مریضوں سے کہا جاتا ہے کہ وہ بے وسیلہ لوگوں کو کھانا فراہم کریں یا پھر ان کے بل جمع کرا دیں۔ یہ تمام سرگرمیاں مریضوں کو صحت مند بنانے میں مدد گار ثابت ہو رہی ہیں۔

-4 اپنے بزرگوں سے رابطہ بحال رکھیں:

اسکرین گریب
اسکرین گریب

ایسا بھی ہوتا ہے کہ ماضی آپ کے حال کو بہتر بنا دیتا ہے۔ تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ اپنے آبا و اجداد سے تعلق غیرمعمولی نفسیاتی فوائد کا حامل ہوتا ہے۔ جب نئی نسل کو ان واقعات اور کہانیوں سے آگاہی ہوتی ہے کہ اُن کے بزرگوں نے کس طرح مشکلات پر قابو پایا تھا تو اس سے انہیں نئی توانائی ملتی ہے۔ ’سو سن ایم مور‘ میلبورن Swinburne University میں نفسیات کی پروفیسر ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جن لوگوں کو اپنے بزرگوں اور خاندان کی تاریخ سے اچھی طرح واقفیت ہوتی ہے، وہ زیادہ مطمئن اور پُراعتماد ہوتے ہیں۔ جب آپ کو اپنے آبا و اجداد کی جدوجہد کے بارے میں علم ہوتا ہے تو آپ کی نظروں میں زندگی کی قدروقیمت بڑھ جاتی ہے۔

-5 خوشگوار واقعات کی فہرست بنائیں:

اسکرین گریب
اسکرین گریب

اللہ تعالیٰ کی نعمتوں اور زندگی کے خوشگوار لمحات کو یاد کرنا قدیم زمانوں سے انسان کی روحانی تشفی کا ذریعہ رہا ہے۔ تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ اگر ہم گاہے گاہے اُن تین خوشگوار باتوں کو لکھنا شروع کردیں جن سے ہماری زندگی میں خوشی اور اطمینان کا احساس پیدا ہوا تو یہ ہمارے مزاج میں مثبت تاثر لے کر آتا ہے اور ہمارا موڈ بہتر ہوجاتا ہے۔ یہ واقعات امتحان پاس کرنے سے لے کر کسی ہمدم دیرینہ کے ساتھ سیر کرنے سے حاصل ہونے والی خوشی تک ہوسکتے ہیں۔ یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ اچھی باتوں کو یاد کرنے سے انسان کی عمومی کیفیت اور صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

-6 پُرلطف سرگرمیوں کو ترک نہ کریں:

اسکرین گریب
اسکرین گریب

ذرا تصور کریں کہ گاڑی پر طویل ڈرائیو پر نکلنا، جب آپ کے بال ہوا میں اُڑ رہے ہوں اور آپ کی گاڑی میں آپ کی پسند کی موسیقی چل رہی ہو تو اس سے آپ کو کیسی بے پایاں خوشی حاصل ہوتی ہے۔ آپ اندازہ لگائیں کہ یونیورسٹی آف رچمنڈ، ورجینیا کے محققین نے چوہوں پر ایک تجربہ کیا ہے۔ چوہوں کو لیبارٹری میں اُن کے قد کاٹھ سے مطابقت رکھنے والی کھلونا کار میں بٹھایا گیا جو چلتی بھی تھی۔ بہت جلد یہ چوہے کار چلانے میں ماہر ہوگئے اور جیسے ہی یہ کار ان کے سامنے لائی جاتی وہ پُرجوش انداز میں کُود کر اس میں سوار ہوجاتے۔ یہ چوہے ہر وقت اس پُر لطف سواری کے لئے بے چین رہنے لگے۔

-7 پُرسکون رہیں:

اسکرین گریب
اسکرین گریب

تحقیق نے ثابت کیا ہے کہ خوشی کے انتظار میں ہلکان ہوتے رہنا اور اس بارے میں بلند و بانگ توقعات وابستہ کرنا دراصل خوشی کو محسوس کرنے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ تجربات نے ثابت کیا ہے کہ جو لوگ غیر معمولی خوشیوں کے طلب گار رہتے ہیں اور کتابیں پڑھ کر یا اس موضوع پر فلم دیکھ کر یہ جاننے کی کوشش کرتے ہیں کہ وہ کس قدر خوش ہیں۔ اس طرح کی ہر کوشش کے بعد پہلے سے زیادہ مایوس اور دل گرفتہ ہوجاتے ہیں۔ یہ ثابت شدہ حقیقت ہے کہ اپنی توقعات کو آسمان پر پہنچا لینے اور خوشی کے حصول کے لئے ہلکان ہوتے رہنے سے مایوسی مزید بڑھتی ہے۔ یونیورسٹی آف کیلی فورنیا، برکلے میں کام کرنے والی ماہر نفسیات آئرس ماس کا کہنا ہے کہ خوشی کی حد سے بڑھی خواہش اور اس کی تلاش انسان کے احساس تنہائی کو بڑھاتی ہے، لہٰذا سکون سےرہیں، اور جو میسر ہے اس سے لطف اندوز ہوں۔

-8 کیفین کا استعمال کم کریں:

اسکرین گریب
اسکرین گریب

گوکہ کیفین کے انسانی صحت کے لئے بہت سے فوائد ہیں، لیکن ماہرین اس کے استعمال میں احتیاط کا مشورہ دیتے ہیں۔ کیفین سرطان کی کئی اقسام کے خطرے کو کم کرتی ہے، دل کی صحت کے لئے اچھی ہے اور ٹائپ ٹو ذیابیطس سے حفاظت دیتی ہے، انسان کی کارکردگی کو بہتر بناتی ہے اور ڈپریشن سے تحفظ دیتی ہے، لیکن ماہرین کہتے ہیں کہ کیفین کا استعمال رات سونے سے آٹھ گھنٹے 48 منٹ پہلے پہلے کرلیں اور ایک دن میں48 ملی گرام سے زائد کیفین استعمال نہ کریں۔

تازہ ترین