کھیل

'بیویوں نے کیا کردیا؟' بھارتی کرکٹرز کیلئے نئی پابندیوں پر ہربھجن برہم

ہم میدان میں جو کرتے ہیں صرف اسی وجہ سے جیتتے یا ہارتے ہیں، سابق بھارتی کرکٹر

Web Desk

'بیویوں نے کیا کردیا؟' بھارتی کرکٹرز کیلئے نئی پابندیوں پر ہربھجن برہم

ہم میدان میں جو کرتے ہیں صرف اسی وجہ سے جیتتے یا ہارتے ہیں، سابق بھارتی کرکٹر

اسکرین گریب
اسکرین گریب

بھارتی کرکٹرز پر بین الاقوامی دوروں کے دوران بیویوں کو ساتھ لے جانے پر پابندی پر سابق بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ برہم ہوگئے۔

حال ہی میں بھارت کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے اپنی ٹیم کو مسلسل شکستوں سے بچانے کیلئے انوکھا حل ڈھونڈ نکالا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز میں حیران کن وائٹ واش اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں 1-3 سے شکست کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ نے اپنے کھلاڑیوں کے لیے نئی ہدایات جاری کی ہیں۔

آسٹریلیا کے خلاف حال ہی میں ختم ہونے والی سیریز میں ویرات کوہلی،کے ایل راہول اور ان کی بیویوں کے ساتھ دیکھا گیا تھا، بھارتی بورڈ حکام کا گمان ہے کہ پورے دورے کے دوران فیملی کی موجودگی کی وجہ سے کھلاڑیوں کی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے۔

اس تناظر میں بی سی سی آئی حکام، کپتان روہت شرما، ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر اور چیف سلیکٹر اجیت آگرکر کے درمیان ہونے والی جائزہ میٹنگ کے دوران یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ کھلاڑیوں کی بیویوں کو بین الاقوامی دوروں پر ان کے ہمراہ مکمل طور پر رہنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

رپورٹس کے مطابق 45 دن سے زیادہ چلنے والے ٹورنامنٹ یا سیریز کے لیے اہلیہ کھلاڑی کے ساتھ صرف 14 دن رہ سکتی ہے تاہم مختصر دوروں کے لیے قیام کی حد کو کم کر کے صرف 7 دن کر دیا جائے گا۔

تاہم ان اقدامات پر سابق بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ نے برہمی کا اظہار کیا ہے جن کا خیال ہے کہ یہ اقدامات بےتکے اور غیرمؤثر ثابت ہوں گے۔

ہربھجن سنگھ نے کہا کہ 'آپ آسٹریلیا میں سیریز ہار گئے، کوئی بات نہیں، اگر آپ ہاریں گے نہیں تو جیتنے پر کیسے لطف اٹھا سکتے ہیں؟ آپ نیوزی لینڈ سے ہار گئے، چلیں یہ بھی ٹھیک ہے، دو ٹیمیں کھیل رہی ہیں، ایک جیتے گی، ایک ہارے گی، اس سے پہلے آپ سری لنکا سے ہار گئے تھے، ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے کے بعد آپ نے بہت سی سیریز ہاری ہیں، اگر یہ صورتحال بہتر ہونے کے بجائے بگڑ رہی ہے تو اس کا مطلب کھلاڑیوں کی توجہ نہیں ہے'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'کوئی کہہ رہا تھا کہ کھلاڑیوں کے ساتھ بیویوں کو ٹور پر نہ آنے دو، بیویوں نے کیا کردیا؟ جب کھلاڑیوں کی کارکردگی اچھی نہ ہو تو آپ کہتے ہیں کہ بیویوں اور بچوں کو اجازت نہ دیں، کیا ہم ان کی وجہ سے ہارتے ہیں؟ ہم میدان میں جو کرتے ہیں صرف اسی وجہ سے جیتتے یا ہارتے ہیں، مجھے لگتا ہے کہ ہمیں اپنی کرکٹ پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے، ٹیم اس وقت تبدیلی کے مراحل میں ہے اور اس میں وقت لگے گا'۔

ہربھجن سنگھ نے بھارتی کرکٹرز کے اکثر دوروں پر ایک ساتھ سفر نہ کرنے کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ 'اس کی اجازت کس نے دی؟ ان کا لباس ایک جیسا ہے، سفر اور ٹریننگ کا وقت ایک جیسا ہے، اگر آپ بھارتی ٹیم کا حصہ ہیں تو آپ کو یہ چیزیں مل کر کرنی چاہئیں، میں نے کبھی نہیں سُنا کہ کسی اور ٹیم نے ایسا کیا ہو، یہ کاؤنٹی کرکٹ نہیں ہے'۔

واضح رہے کہ بھارتی ٹیم پر نئی پابندیوں کے تحت تمام بھارتی کھلاڑیوں کو ٹیم بس میں ایک ساتھ سفر کرنا ہوگا، پچھلے کچھ سالوں میں بہت سے کھلاڑی تنہا سفر کرنے کو ترجیح دیتے رہے ہیں لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق ٹیم میں اتحاد کو مدنظر رکھتے ہوئے اب تمام کھلاڑی ٹیم بس سے ہی سفر کریں گے، کوئی کھلاڑی کتنا ہی بڑا کیوں نہ ہو اسے الگ سے سفر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

تازہ ترین