فلم / ٹی وی

آرمادھون ’تنو ویڈز منو‘کے تیسرے حصے میں شمولیت پر بول پڑے

سیریز کی دو فلمیں کامیابی حاصل کر چکی ہیں

Web Desk

آرمادھون ’تنو ویڈز منو‘کے تیسرے حصے میں شمولیت پر بول پڑے

سیریز کی دو فلمیں کامیابی حاصل کر چکی ہیں

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

آنند ایل رائے کی فلم "تنو ویڈز منو" کے تیسرے حصے کے بارے میں افواہیں گردش کر رہی ہیں، جن میں کہا جا رہا ہے کہ اداکار آر مادھون کو فلم میں کام کرنے کی پیشکش کی گئی ہے، تاہم ایک حالیہ انٹرویو میں آر مادھون نے ان افواہوں کی حقیقت واضح کر دی ہے۔

ایک انٹرویو میں آر مادھون سے پوچھا گیا کہ آیا آنند ایل رائے نے ان سے تیسرے حصے کے لیے رابطہ کیا ہے اور کیا اس بار فلم میں کنگنا 3 مختلف کرداروں میں ان کے ساتھ نظر آئیں گی؟

اس پر آر مادھون کا کہنا تھا کہ مجھے واقعی کچھ علم نہیں ہے، یہ سب صرف سوشل میڈیا پر چل رہا ہے، میڈیا اور لوگ مجھ سے یہ سوالات پوچھ رہے ہیں،نہ تو آنند اور نہ ہی کسی اور نے مجھ سے فلم کے تیسرے پارٹ کے بارے میں بات کی ہے۔

اداکار نے یہ بھی عندیہ دیا کہ "تنو ویڈز منو 3" میں انکی جگہ کوئی اور کردار لے سکتا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ مجھے کچھ علم نہیں ہے اور میں نہیں جانتا کہ اسکرپٹ کیا ہے،شاید میں اس میں نہیں ہوں، شاید انہوں نے مجھے replace کردیا ہو، مجھے اس کے بارے میں کوئی اندازہ نہیں ہے۔

آر مادھون اور کنگنا رناوت پہلی بار 2011 میں ریلیز ہونے والی فلم’ تنو ویڈز منو‘ میں ساتھ نظر آئے تھے اور پھر اس کے سیکوئل ’تنو ویڈز منو ریٹرنز‘ (2015) میں بھی ساتھ کام کیا تھا۔

'تنو ویڈز منو ریٹرنز' ایک رومانوی کامیڈی فلم تھی جس میں دو بالکل مختلف مزاج کے لوگوں کو دکھایا گیا تھا۔

کنگنا رناوت اور آر مادھون کے ساتھ معاون کرداروں میں سورا بھاسکر، دیپک ڈوبریال اور جمی شیرگل جیسے اداکاروں نے شاندار کام کیا۔ فلم خاص طور پر اتر پردیش کے مناظر اور ثقافت کو پیش کرنے کے لیے مشہور تھی۔

بھارتی میڈیا پر جاری رپورٹس کے مطابق فلم میکرز کا کہنا ہے کہ فلم ‘تنو ویڈز منو 3' کی کہانی وہیں سے شروع ہوگی جہاں سے 'تنو ویڈز منو ریٹرنز' میں چھوڑی گئی تھی۔

میکرز کی جانب سے فلم کے پلاٹ پر زیادہ بات چیت نہ کرتے ہوئے صرف یہ بتایا گیا ہے کہ فلم کا تیسرا پارٹ اسی مزاح، ڈرامہ اور رومانس سے بھرپور ہوگا جس کے لیے تنو ویڈز منو یونیورس جانی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ 'تنو ویڈز منو 3' کےمیکرز نے فلم کی اسکرپٹ کو لاک کر دیا ہے جس کے بعد یہ اعلان کیا گیا ہے کہ اگر سب کچھ منصوبہ بندی کے مطابق ہوتا ہے تو فلم کی شوٹنگ سال 2025 کے آخر تک شروع ہونے کی امید ہے جس کے بعد فلم کو سال 2026 میں ریلیز کیا جائے گا۔ 

تازہ ترین