پاکستان

کراچی میں اغوا ہونے والے 3 بچوں میں سے ایک کی لاش مل گئی

7 سالہ صارم کی لاش بلڈنگ کے ٹینک سے ملی

Web Desk

کراچی میں اغوا ہونے والے 3 بچوں میں سے ایک کی لاش مل گئی

7 سالہ صارم کی لاش بلڈنگ کے ٹینک سے ملی

گارڈن سے اغوا ہونے والے دو بچے
گارڈن سے اغوا ہونے والے دو بچے 

کراچی میں بچوں کے لاپتہ اور اغوا ہونے کے واقعات نے شہریوں کو تشویش میں مبتلا کردیا،کراچی میں گزشتہ 10 روز کے دوران ایک بچہ لاپتہ ہوا جس کی لاش آج بلڈنگ کے ٹینک سے مل گئی ہے جبکہ گارڈن کے علاقے سے اغوا ہونے والے دو بچوں کا اب تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔

نارتھ کراچی سے 11 روز قبل لاپتہ ہونے والے 7 سال کے بچے صارم کی لاش بلڈنگ کے انڈر گراؤنڈ ٹینک سے ملی۔

مقدمے کے مطابق صارم 7 جنوری کی دوپہر فلیٹ میں مدرسے میں پڑھنے گیا اور لاپتہ ہو گیا تھا۔

بعد ازاں رواں ہفتے گورنر سندھ کامران ٹیسوری لاپتہ بچے کے گھر پہنچے تھے اور انہوں نے والدین کو بچے کی بازیابی کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی تھی۔

علاوہ ازیں بچے کے اغواء کا کیس اے وی سی سی ٹرانسفر کر دیا گیا تھا، اس دوران بچے کے والد کو 5 لاکھ روپے تاوان دینے کا میسج بھی موصول ہوا تھا۔

دوسری جانب گارڈن حسن لشکری محلہ سے اغوا ہونے والے دونوں بچوں کا سراغ نہیں مل سکا ہے۔ 

14 جنوری کو لاپتہ ہونے والے دو بچوں کے اہلخانہ نے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاج کیا۔احتجاج میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا تھا کہ ان کے بچوں 5 سالہ علیان عرف علی اور 6 سالہ علی رضا کو جلد سے جلد بازیاب کرایا جائے۔

ڈسٹرکٹ سٹی پولیس نے بچوں کی بازیابی کے لیے کامبنگ اینڈ سرچ آپریشن کیا،آپریشن ایس ایس پی سٹی عارف عزیز کی سربراہی اور ایس ڈی پی او گارڈن کی نگرانی میں کیا گیا۔

سرچ آپریشن میں ایس ایچ او گارڈن، ایس ایچ او نبی بخش، کلاکوٹ، چاکیواڑہ، کلری کے علاوہ خواتین پولیس اہلکاروں سمیت پولیس کی بھاری نفری موجود تھی۔

کراچی کے علاقے گارڈن میں پانچ سالہ علیان اور چھ سالہ علی رضا، جو پڑوسی ہیں، 14 جنوری کی صبح 12 بجے سے لاپتہ ہیں۔ 

دونوں بچے گارڈن حسن لشکری کے ایک ہی محلے کے رہائشی ہیں اور مدرسے سے واپس آنے کے بعد کھیلتے ہوئے غائب ہو گئے۔

پولیس نے اغواکاروں کے روٹ کا تعین کرنے کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کی ہیں، جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک مرد اور خاتون بچوں کو لے جا رہے ہیں۔ 

پولیس کے مطابق بچوں کو گھر سے مسجد چوک کی طرف لے جایا گیا، جہاں سے ایک راستہ میوہ شاہ اور دوسرا گارڈن کی طرف جاتا ہے۔ اغواکار مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے بچوں کو چیل چوک میں اندرونی گلیوں کی طرف لے گئے۔

تازہ ترین