بالی ووڈ

'اسکائی فورس' میں ویر پہاڑیہ کا معاوضہ جان کر مداح دنگ

اکشے کمار کی نئی فلم 2 روز میں 40 کروڑ روپے کا بزنس کرچکی ہے

Web Desk

'اسکائی فورس' میں ویر پہاڑیہ کا معاوضہ جان کر مداح دنگ

اکشے کمار کی نئی فلم 2 روز میں 40 کروڑ روپے کا بزنس کرچکی ہے

فلم میں ویر پہاڑیہ کو سب سے کم معاوضہ دیا گیا ہے
فلم میں ویر پہاڑیہ کو سب سے کم معاوضہ دیا گیا ہے

بھارتی اداکار ویر پہاڑیہ، جنہوں نے حال ہی میں اکشے کمار کی فلم ’اسکائی فورس‘ سے بالی وڈ میں ڈیبیو کیا، گزشتہ چند روز سے خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں۔

وہ معروف بزنس ٹائیکون سنجے پہاڑیہ کے بیٹے ہیں اور ان کی والدہ سمریتی شنڈے میڈیا کمپنی 'سوبو فلمز' کی مالک ہیں، جس کی وجہ سے وہ اکثر لائم لائٹ میں رہتے ہیں۔

فلم میں ویر نے اسکواڈرن لیڈر اجاماڈا بوبایا دیوایا سے متاثر ایک کردار ادا کیا ہے، جنہوں نے 1965 کی پاک-بھارت جنگ میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

حالیہ میڈیا رپورٹس میں اِس فلم کی کاسٹ کے معاوضے کی تفصیلات سامنے آئی ہیں اور ویر پہاڑیہ کو ملنے والے معاوضے نے سب کو حیران کر دیا ہے۔

اکشے کمار،  جنہوں نے حب الوطنی پر مبنی کئی یادگار فلمیں دی ہیں، انہوں نے ’اسکائی فورس‘ میں ایک ایئر فورس آفیسر کا کردار ادا کیا ہے، متعدد فلاپ فلموں کے بعد اکشے کو اس فلم سے کچھ ریلیف ملا، کیونکہ فلم نے ریلیز کے پہلے 2 دنوں میں 40 کروڑ روپے کا بزنس کر لیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، اکشے اس فلم کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکار ہیں اور انہوں نے 70 کروڑ روپے کی خطیر رقم وصول کی۔

دوسری جانب، ڈیبیو کرنے والے ویر پہاڑیہ، جو ’اسکائی فورس‘ میں سیکنڈ ہیرو کے طور پر ابھرے ہیں، فلم کے سب سے کم معاوضہ لینے والے اسٹار ہیں، نوجوان اداکار نے مبینہ طور پر اپنے کردار کے لیے 50 لاکھ روپے فیس لی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ انہوں نے اس فلم کے لیے ساڑھے 3 سال محنت کی اور ان کی محنت اسکرین پر واضح طور پر نظر آئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، سارہ علی خان، جو فلم میں ویر کی بیوی کا کردار ادا کر رہی ہیں، انہوں نے اس فلم کے لیے 3 کروڑ روپے کا معاوضہ حاصل کیا، جو اکشے کمار کی فیس سے 23 گنا کم ہے۔

سارہ علی خان نے 2023 میں ریلیز ہونے والی فلم ’ذرا ہٹکے ذرا بچکے‘ کے بعد 'اسکائی فورس' سے فلموں میں واپسی کی ہے۔

نمرت کور جنہوں نے اکشے کے ساتھ اپنی کامیاب فلم ’ایئر لفٹ‘ کے بعد اس فلم میں کام کیا ہے، ان کو اس فلم کے لیے 1 کروڑ روپے ادا کیے گئے ہیں۔

اپنے طاقتور کرداروں کے لیے مشہور ’شرد کیلکر‘ نے اس فلم میں اپنے کردار کے لیے 70 لاکھ روپے وصول کیے ہیں۔

’اسکائی فورس‘ ایک ایکشن ڈرامہ فلم ہے، جس کی ہدایتکاری ابھیشیک انیل کپور اور سندیپ کولانی نے کی ہے، یہ فلم بھارت کی پہلی ایئر اسٹرائیک، 1965 کی پاک بھارت ایئر جنگ کے دوران سرگودھا ایئر بیس پر حملے پر مبنی ہے۔

اس فلم کی اسٹار کاسٹ میں اکشے کمار، نمرت کور، ویر پہاڑیہ، سارہ علی خان، شرد کیلکر، موہت چوہان، اور ورن بڈولا شامل ہیں، فلم 24 جنوری 2025 کو بھارت کے 76ویں یوم جمہوریہ سے قبل ریلیز کی گئی۔

تازہ ترین