بھارت کے مہا کمبھ میلے میں ہار بیچنے والی 'مونا لیزا' وائرل کیوں؟
ہار بیچنے والی اس لڑکی نے دنیا کو اپنی نشیلی آنکھوں کے جادو سے مسحور کردیا
بھارت میں جاری 'مہا کمبھ میلے' میں ہار بیچنے والی مونا لیزا نامی ایک نوجوان لڑکی سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے۔
کمبھ میلہ بھارت میں ہر 3 سال بعد ہندو مذہب کے 4 مقدس شہروں پریاگ راج، نیشک، ہریدوار اور اجین میں باری باری منعقد ہوتا ہے اور 6 ہفتوں تک جاری رہتا ہے۔
ہر 12 سال بعد یہ میلہ 'مہا کمبھ میلا' کہلاتا ہے، جو معمول سے بڑا اور خاص اجتماع ہوتا ہے اور دنیا کا سب سے بڑا مذہبی تہوار سمجھا جاتا ہے۔
اس 'مہا کُمبھ میلے' سے کئی ایک ایسے کردار اور کہانیاں اکثر سامنے آتے ہیں جو دنیا بھر میں توجہ کا مرکز بن جاتے ہیں، ان ہی میں سے ایک کردار اِس بار میلے میں ہار بیچنے والی یہ مونا لیزا نامی نوجوان لڑکی ہے۔
بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر پریاگ راج (الہ آباد) میں 'مہا کمبھ میلے' میں ہار بیچنے والی اس لڑکی نے دنیا کو اپنی آنکھوں کے جادو سے مسحور کردیا ہے، یہ لڑکی اپنی خوبصورت، بڑی بڑی گہری اور نشیلی آنکھوں کی وجہ سے سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ہار بیچنے والی اس لڑکی کا تعلق انڈیا کی ریاست ’مدھیا پردیش‘ کے شہر اندور سے ہے اور یہ اپنا نام مونا لیزا بتاتی ہے۔
میلے میں یہ لڑکی اپنی منفرد سنہری آنکھوں، گہری رنگت اور دلکش چہرے کی وجہ سے مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ غیرملکیوں کی بھی بھرپور توجہ حاصل کررہی ہے۔
مونا لیزا سے منسوب ایک انسٹاگرام اکاؤنٹ بھی موجود ہے جس پر چند گھنٹوں میں 10 لاکھ سے زیادہ لائکس کے ساتھ وائرل ہونے والی ’ریلز‘ میں ایک یوٹیوبر اُن سے سوال کرتا ہے کہ وہ کہاں سے آئی ہیں؟ اور کیا اُن کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہیں؟ جواب میں اُس نے 'ہاں' کہا تو یوٹیوبر انہیں بتاتا ہے کہ آپ کو تو اس وقت سب سے زیادہ مشہور ہونا چاہیے'۔
'مہا کُمبھ میلے' میں شرکت کرنے والوں کی ایک بڑی تعداد اس کے ساتھ فوٹو بنوانے کی خواہاں ہے جس کے وجہ سے مونا لیزا نامی یہ لڑکی کافی الجھن کا شکار بھی نظر آتی ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مونالیزا نے میلے میں آنے والے لوگوں کے متعلق شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ ’میں تصویر بنوانے کے لیے آنے والے لوگوں کے ساتھ تصویریں بنا بنا کر تنگ آگئی ہوں‘۔
جب مونالیزا سے پوچھا گیا کہ وہ رات و رات انٹرنیٹ پر مشہور ہو کر کیسا محسوس کر رہی ہے؟ تو جواب میں مونالیزا نے غصے میں کہا کہ ’میں تصویر بنوانے والوں سے تنگ آگئی ہوں، حتیٰ کہ میں ہار بھی نہیں بیچ پا رہی ہوں‘۔
ایک اور ویڈیو میں ایک شخص نے 'مونا لیزا' سے پوچھا کہ کیا وہ شادی شدہ ہیں؟ جس پر وہ کہتی ہیں کہ وہ صرف 16 سال کی ہیں اور شادی کے لیے ان کی عمر بہت چھوٹی ہے۔
ایک ویڈیو میں کوئی یوٹیوبر مونا لیزا کو ہزار روپے تحفے میں دینے کی کوشش کرتا ہے، لیکن وہ یہ رقم لینے سے انکار کر دیتی ہے، کافی اصرار کے بعد وہ اس شرط پر قبول کرتی ہے کہ وہ اس کے بدلے ان سے ایک ہار خریدیں گے۔
مونا لیزا کے سوشل میڈیا پر اچانک وائرل ہونے پر ملا جلا ردعمل سامنے آرہا ہے، خاص طور پر اسکے ساتھ سلیفی اور ویڈیوز بنوانے والے مردوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ یہ ایک ایسی جگہ ہے جہاں لوگ عبادت کے لیے آتے ہیں۔
ایک صارف نے لکھا کہ 'وہ واقعی خوبصورت ہے لیکن ان لوگوں کو شرم آنی چاہیے جو اس کا پیچھا کر رہے ہیں، آپ لوگ اور کتنا نیچے گرو گے؟'
-
بالی ووڈ 18 منٹ پہلے
فلم’چھاوا‘ 2 دن میں 100 کروڑ روپے کمانے میں کامیاب
-
اسکینڈلز 27 منٹ پہلے
’عورت کی کمائی بےبرکت‘ صائمہ کے متنازع بیان پر ریحام خان برہم
-
انفوٹینمنٹ 57 منٹ پہلے
’سلمان خان کو نچانا مشکل ترین کام ہے‘ نامور کوریوگرافر کا اعتراف
-
انفوٹینمنٹ 1 گھنٹے پہلے
خوشی کپور مقبول اداکاروں کی فہرست میں لمبی چھلانگ لگانے میں کامیاب