دلچسپ و خاص

ٹرمپ اور میلانیا نے حلف برداری سے قبل اپنی ڈیجیٹل کرنسی لانچ کردی

دونوں کیجانب سے کرپٹو کرنسی لانچ کرنے کے بعد 'بٹ کوائن' ریکارڈ بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

Web Desk

ٹرمپ اور میلانیا نے حلف برداری سے قبل اپنی ڈیجیٹل کرنسی لانچ کردی

دونوں کیجانب سے کرپٹو کرنسی لانچ کرنے کے بعد 'بٹ کوائن' ریکارڈ بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

امریکی خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے اپنے شوہر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرح حلف برداری کی تقریب سے قبل اپنی ڈیجیٹل کرنسی MELANIA$ لانچ کردی۔

انہوں نے سوشل پلیٹ فارم 'ایکس' پر لکھا کہ ’آفیشل میلانیا میم لائیو ہے! آپ اب MELANIA$ خرید سکتے ہیں‘۔

(اسکرین شاٹ: ایکس)
(اسکرین شاٹ: ایکس)

میلانیا کا یہ اعلان انکے شوہر نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اپنی کرپٹو کرنسی Trump$ لانچ کرنے کے بعد سامنے آیا ہے۔

'کوائن مارکیٹ کیپ' نامی ایک ویب سائٹ کے مطابق Trump$ کی کل مارکیٹ ویلیو 12 ارب ڈالر ہے جبکہ Melania$ کی مارکیٹ ویلیو 2 ارب ڈالر ہے۔

(اسکرین شاٹ: ایکس)
(اسکرین شاٹ: ایکس)

تاہم دونوں کی متعلقہ ویب سائٹس پر واضح کیا گیا ہے کہ اِن کریپٹو کرنسیز کو سرمایہ کاری کرنے یا اثاثہ بنانے کی نیت سے نہیں خریدنا چاہیے اور انکا مقصد نومنتخب صدر کی آمد کی حمایت اور جشن منانا ہے۔

دونوں کی جانب سے اپنی اپنی کرپٹو کرنسی لانچ کرنے کے بعد آن لائن ٹریڈنگ میں چڑھاؤ دیکھا گیا اور 'بٹ کوائن' ریکارڈ بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے اور فی الحال تقریباً 107000 ڈالر پر ٹریڈ کر رہا ہے۔

یاد رہے کہ سابق امریکی صدر جوبائیڈن کی حکومت نے دھوکہ دہی اور منی لانڈرنگ کے خدشات کے پیش نظر کرپٹو کمپنیوں کے خلاف کارروائیاں کیں اور ایکسچینج کمپنیوں پر مقدمے دائر کیے، تاہم ڈونلڈ ٹرمپ نے بطور صدر کرپٹو کرنسی پالیسی کو ترجیح دینے کے لیے ایک ایگزیکٹو آرڈر جاری کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔

انتخابی مہم کے دوران ٹرمپ نے کرپٹو کرنسی انڈسٹری پر 'ظلم' کے خاتمے اور امریکہ کو دنیا کی 'بِٹ کوائن سپر پاور' بنانے کا وعدہ کیا تھا، اس تناظر میں کرپٹو کرنسی کے سرمایہ کار پُرامید ہیں کہ ٹرمپ انتظامیہ اس صنعت کو ضرور فروغ دے گی۔

تاہم یہ واضح رہے کہ اکثر ڈیجیٹل کرنسی کی قدر میں مصنوعی طور پر اضافہ کیا جاتا ہے اور پھر انہیں مارکیٹ کی بلند ترین سطح پر بیچا جاتا ہے تاہم بعد میں جب قیمتیں گرتی ہیں تو سرمایہ کاروں کی رقم ڈوب جاتی ہے اور اِس طرح ڈیجیٹل کرنسی پر لوگوں کا اعتماد اٹھ جاتا ہے۔

خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ آج امریکی صدر کا عہدہ سنبھالیں گے، شدید سرد موسم کے باعث ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری ان ڈور رکھی گئی ہے اور ایسا 40 برس بعد ہوا ہے کہ کسی امریکی صدر کی تقریب حلف برداری ان ڈور رکھی گئی ہو۔

تازہ ترین