عالمی منظر

ٹرمپ نے حلف اٹھاتے ہی ہم جنس پرستوں پر بجلیاں گرادیں

امریکا میں صرف 2 جنس ہونگی، کسی تیسری جنس کو تسلیم نہیں کیا جائے گا، ٹرمپ

Web Desk

ٹرمپ نے حلف اٹھاتے ہی ہم جنس پرستوں پر بجلیاں گرادیں

امریکا میں صرف 2 جنس ہونگی، کسی تیسری جنس کو تسلیم نہیں کیا جائے گا، ٹرمپ

(فوٹو: سوشل میڈیا)
(فوٹو: سوشل میڈیا)

ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کے 47ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھاتے ہی ہم جنس پرستوں پر بجلیاں گراتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ 'امریکا میں صرف 2 جنس مرد اور عورت ہیں، اس کے علاوہ تیسری کسی جنس کو تسلیم نہیں کیا جائے گا'۔

امریکی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جان رابرٹس نے صدر ٹرمپ سے عہدے کا حلف لیا۔

حلف برداری کے بعد اپنے پہلے خطاب میں ٹرمپ نے پالیسی بیان دیتے ہوئے کہا کہ امریکا میں صرف 2 جنس کو مانا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ امریکا میں پالیسی کے مطابق پہلی جنس مرد اور دوسری عورت ہے اس کے علاوہ تیسری کوئی جنس نہیں ہے۔

امریکی صدر کا حلف اٹھانے کے بعد ٹرمپ نے مزید کہا کہ وہ آج کے دن متعدد ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط کریں گے۔

ٹرمپ نے اعلان کیا کہ وہ ملک کے ملک کی جنوبی سرحد پر ایمرجنسی نافذ کریں گے اور ملک میں غیر قانونی داخلے پر پابندی لگائیں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے خلیج میکسیکو کا نام تبدیل کرنے اور پاناما سے پاناما کنال واپس لینے کا بھی اعلان کیا۔

واضح رہے کہ نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حلف اٹھانے سے قبل ہی یہ اطلاعات زیرِگردش تھیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکی معاشرے میں تنوع، مساوات اور شمولیت کی ترویج کے پروگراموں میں کمی کریں گے اور صرف 2 جنسوں (مرد اور عورت) کو تسلیم کرنے پر ایگزیکٹو آرڈر جاری کریں گے۔

حلف برداری کی تقریب میں مزید اظہار خیال کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا میں سنہرے دور کا آج سے آغاز ہو گیا ہے، آج سے ہمارا ملک ترقی کی نئی منازل طے کرے گا، اور دنیا بھر میں دوبارہ اس کی عزت کی جائے گی۔

انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ حکومتیں امریکی شہریوں کی حفاظت کرنے میں ناکام رہیں اور خطرناک مجرموں کو پناہ اور تحفظ فراہم کیا ہے، جو دنیا بھر سے ہمارے ملک میں غیرقانونی طریقے سے داخل ہوئے۔

پینسلوینیا میں خود پر قاتلانہ حملے کا ذکر کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ 'مجھے خدا نے بچایا تاکہ میں امریکا کو دوبارہ عظیم بناسکوں'۔

صدر ٹرمپ نے اپنے خطاب میں امریکہ کے خلائی مشن کو آگے بڑھانے کے عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ 'میں امریکی خلا بازوں کو خلا میں بھیجا چاہتا ہوں، ہم ستاروں کا کھوج لگائیں گے، ہم مریخ میں اپنا پرچم لگائیں گے'۔

واضح رہے کہ شدید سردی کے سبب ڈونلڈٹرمپ کی حلف برداری 40 سال میں پہلی بار کیپٹل ہِل کے کینن روٹنڈا ہال میں منعقد ہوئی، ماضی میں سابق امریکی صدر ریگن کی حلف برداری بھی 1985ء میں شدید سردی کے سبب اسی مقام پر ہوئی تھی۔