کیا حنا خان کینسر میں مبتلا ہونے کا ڈرامہ کررہی ہیں؟
ٹیلی وژن اداکارہ روزلین خان نے حنا خان پر سنگین الزام عائد کردیا
بھارتی اداکارہ و گلوکارہ حنا خان، جو اِن دنوں اسٹیج تھری بریسٹ کینسر سے جنگ لڑ رہی ہیں، اپنی بیماری اور صحت کے بارے میں اکثر سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتی رہتی ہیں۔
کینسر میں مبتلا ہونے کے باوجود کام جاری رکھنے اور چہرے پر مسکراہٹ سجا کر زندگی کے حوالے سے مثبت رویہ اختیار کیے رکھنے پر مداح اداکارہ کے حوصلے اور عزم کو خوب سراہتے ہیں۔
تاہم حال ہی میں حنا خان کی ہم عصر ٹیلی وژن اداکارہ روزلین خان (جو اسٹیج 4 کینسر میں مبتلا رہنے کے بعد صحتیاب ہوئی ہیں) نے حنا خان پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ اپنے کینسر کی بحالی کے بارے میں مبالغہ آرائی کرکے محض مرکزِ نگاہ بننے کیلئے عوام کو گمراہ کر رہی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق روزلین خان نے اس موذی مرض کے حوالے سے اپنا ذاتی تجربہ شیئر کرتے ہوئے حنا خان پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ اپنے علاج کے بارے میں غلط معلومات پھیلا رہی ہیں۔
ایک انٹرویو میں روزلین نے حنا خان کے 15 گھنٹوں کی سرجری کے دعوے پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اپنے ذاتی تجربے کی بنیاد پر، وہ سرجری کے بعد 3 دن تک بےہوش رہیں، لہٰذا سرجری کے بعد فوراً مسکراتے ہوئے آپریشن تھیٹر سے باہر آنے کے دعوے پر یقین کرنا مشکل ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ وہ سمجھتی ہیں کہ حنا توجہ حاصل کرنے کے لیے مبالغہ آرائی کر رہی ہیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ماسٹیکٹومی، جس میں پورے سینے کا آپریشن شامل ہے، ایک بڑی سرجری ہے جو 8 سے 10 گھنٹے تک جاری رہتی ہے، اور اس دوران نمونے لیب ٹیسٹنگ کے لیے بھیجے جاتے ہیں جبکہ مریض بے ہوش رہتا ہے۔
روزلین خان نے حنا خان پر کیمو تھراپی کے دوران دنیا گھومنے پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ کینسر کے علاج کے پروٹوکولز کے خلاف ہے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ حنا خان اپنے گنج پن کو کیوں چھپا رہی ہیں؟ اگر وہ واقعی بہادری سے اس بیماری کا سامنا کررہی ہیں اور اگر وہ واقعی 'شیرنی' ہیں تو اس بارے میں کھل کر بات کیوں نہیں کررہیں؟
انہوں نے کہا کہ اگر حنا واقعی تیسرے مرحلے پر ہوتیں تو انہیں ریڈی ایشن سے گزرنا پڑتا، حنا علاج کی تفصیلات چھپا رہی ہیں تاکہ ان کی حقیقت سامنے نہ آئے۔
روزلین خان نے حنا خان کو چیلنج دیا کہ اگر وہ واقعی کینسر کے علاج کے بارے میں دوسروں کو آگاہ کرنا چاہتی ہیں تو اپنی میڈیکل رپورٹ عوام کے سامنے پیش کریں، حنا کے اقدامات صرف 'پبلسٹی اسٹنٹ' ہیں تاکہ وہ خبروں میں رہیں اور ہمدردیاں سمیٹ سکیں۔
تاحال حنا خان نے روزلین خان کے تبصروں کا کوئی جواب نہیں دیا ہے، لیکن روزلین کے الزامات نے کینسر سے متعلق آگاہی اور نامور شخصیات کی ذمہ داری کے بارے میں ایک نئی بحث کو جنم دیدیا ہے جس میں یہ مطالبہ کیا جارہا ہے کہ اس موذی مرض میں مبتلا نامور شخصیات اپنے ذاتی تجربات کو درست طریقے سے عوام کے سامنے پیش کریں۔




