پاکستان

نیب کا بیان بلیک میلنگ ہے، گواہی نہیں دوں گا، ملک ریاض

نیب نے متنبہ کیا تھا کہ عوام بحریہ ٹاؤن دبئی میں سرمایہ کاری نہ کریں۔

Web Desk

نیب کا بیان بلیک میلنگ ہے، گواہی نہیں دوں گا، ملک ریاض

نیب نے متنبہ کیا تھا کہ عوام بحریہ ٹاؤن دبئی میں سرمایہ کاری نہ کریں۔

ملک ریاض 190 ملین پاؤنڈ کیس میں مفرور ہیں۔
ملک ریاض 190 ملین پاؤنڈ کیس میں مفرور ہیں۔

بحریہ ٹاؤن کے مالک اور 190 ملین پاؤنڈ کیس میں پاکستانی عدالت کی جانب سے ’مفررو‘ قرار دیے گئے پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی نئی پریس ریلیز کو بلیک میلنگ قرار دے دیا۔

نیب کا اعلامیہ

خیال رہے کہ نیب نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے عوام کو متنبہ کیا تھا کہ  ملک ریاض اور دیگر افراد کے خلاف دھوکا دہی اور فراڈ کے کئی مقدمات زیر تفتیش ہیں، اس لیے عوام بحریہ ٹاؤن دبئی پروجیکٹ میں سرمایہ کاری نہ کریں'۔

ساتھ ہی یہ بھی بتایا تھا کہ 'حکومت قانونی طریقے سے ملک ریاض کی حوالگی کے لیے متحدہ عرب امارات کی حکومت سے رابطہ کر رہی ہے'۔

نیب کے مطابق ملک ریاض نیب اور عدالت دونوں کو مطلوب ہیں، نیب بحریہ ٹاؤن کے پاکستان کے اندر بے شمار اثاثے ضبط کر چکا ہے اور اب بحریہ ٹاؤن کے مزید اثاثہ جات کو ضبط کرنے کے لیے بلا توقف قانونی کارروائی کرنے جا رہا ہے۔

نیب ترجمان کے مطابق ملک ریاض اس وقت عدالتی مفرور کی حیثیت سے دبئی میں مقیم ہیں، بحریہ ٹاؤن کے مالک نے دبئی میں لگژری اپارٹمنٹ کی تعمیرات کے حوالے سے ایک نیا پروجیکٹ شروع کیا ہے، عوام الناس اس حوالے سے مذکورہ پروجیکٹ کے اندر کسی قسم کی سرمایہ کاری سے اپنے آپ کو دور رکھیں۔

نیب کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری کرنے والے منی لانڈرنگ کے زمرے میں آئیں گے، سرمایہ کاری کرنے والوں کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ملک ریاض کا مؤقف

دوسری جانب ملک ریاض کا کہنا ہے کہ نیب کی پریس ریلیز بلیک میلنگ کا نیا مطالبہ ہے لیکن وہ نہ تو کسی کے خلاف گواہی دیں گے اور نہ ہی کسی کے خلاف استعمال ہوں گے۔

انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ’ گواہی کی ضد‘ کی وجہ سے بیرون ملک منتقل ہوئے ہیں۔

ملک ریاض نے اپنے ایکس اکاؤنٹ سےجاری کردہ ایک بیان میں کہا  کہ ’میرا کل بھی یہ فیصلہ تھا آج بھی یہ فیصلہ ہے چاہے جتنا مرضی ظلم کر لو، ملک ریاض گواہی نہیں دے گا۔‘

اسکرین گریب/ایکس
اسکرین گریب/ایکس

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں ضبط کرہا ہوں لیکن دل میں ایک طوفان لیے بیٹھا ہوں، اگر یہ بند ٹوٹ گیا تو پھر سب کا بھرم ٹوٹ جائے گا، یہ مت بھولنا کہ پچھلے 25، 30 سالوں کے سب راز ثبوتوں کے ساتھ محفوظ ہیں۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ کسی کے خلاف استعمال ہوں گے اور نہ ہی کسی سے بلیک میل ہوں گے۔

خیال رہے کہ عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کیس میں ملک ریاض کو مفرور قرار دے رکھا ہے۔

190 ملین پاؤنڈ کیس کیا ہے؟

سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی سمیت 8 افراد کے خلاف 190 ملین برطانوی پاؤنڈ یا القادر ٹرسٹ کا ریفرنس اسلام آباد کی احتساب عدالت میں یکم دسمبر 2023 میں دائر کیا گیا تھا۔

یہ مقدمہ برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کی جانب سے پاکستان کو منتقل کی گئی 190 ملین پاؤنڈ کی رقم کے غیر قانونی استعمال سے متعلق ہے۔

مقدمے میں الزام ہے کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ نے اس رقم کو قانونی حیثیت دینے کے بدلے بحریہ ٹاؤن سے اربوں روپے مالیت کی اراضی اور دیگر مالی فوائد حاصل کیے، نیب کے مطابق، القادر ٹرسٹ کے لیے زمین اور دیگر مالی فوائد غیر قانونی طریقوں سے حاصل کیے گئے۔

کیس کی ابتدا میں یہ الزام سامنے آیا کہ عمران خان نے 2019 میں برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کے ساتھ ہونے والے تصفیہ معاہدے کو خفیہ رکھا اور اپنی کابینہ کو گمراہ کیا۔

اس معاہدے کے تحت پاکستان کو 140 ملین پاؤنڈ موصول ہوئے تھے، جنہیں قومی خزانے میں جمع کرنے کے بجائے بحریہ ٹاؤن کراچی کے 450 ارب روپے کے واجبات میں ایڈجسٹ کر دیا گیا۔ 

عمران خان اور بشریٰ بی بی پر یہ بھی الزام ہے کہ انہوں نے پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض کے ساتھ خفیہ معاہدہ کیا، جس کے تحت انہوں نے 240 کنال اراضی موہڑہ نور، اسلام آباد میں حاصل کی۔

نیب نے الزام عائد کیا کہ بشریٰ بی بی نے بطور ٹرسٹی القادر یونیورسٹی کے لیے دستاویزات پر دستخط کیے اور عمران خان کی غیرقانونی سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کیا۔

 اس کیس میں پراپرٹی ٹائیکون کے ساتھ ہونے والے معاہدے کو سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ کے ذریعے استعمال کرتے ہوئے 190 ملین پاؤنڈ حکومت پاکستان کا اثاثہ قرار دیا گیا۔ 

مزید یہ کہ نیب نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان نے بطور وزیراعظم اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے مالی فوائد حاصل کیے اور وفاقی کابینہ سے خفیہ معاہدے کی منظوری دلوائی۔

یہ وہی کیس ہے جس میں سابق وزیر اعظم عمران خان کو 9 مئی 2023 کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتار کیا گیا تھا۔

تازہ ترین