پاکستان کا نام پرنٹ کروانے سے انکاری بھارت کی ICC نے اکڑ نکال دی
بھارتی کرکٹ بورڈ نے بالآخر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے

چیمپئنز ٹرافی 2025 میں روایتی طور پر میزبان ملک کا نام اپنی ٹیم کی جرسیوں پر لکھنے سے انکاری بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے بالآخر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے۔
میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا تھا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ قواعد کے مطابق بھارتی ٹیم کی کِٹ پر میزبان ملک 'پاکستان' کا نام لکھنے کا خواہاں نہیں ہے اور جواز یہ دیا ہے کہ بھارتی ٹیم اپنے چیمپئنز ٹرافی کے میچز پاکستان کے بجائے ہائبرڈ ماڈل کے تحت دبئی میں کھیلے گی۔
تاہم آئی سی سی نے بھارتی بورڈ کو واضح طور پر متنبہ کیا کہ بھارتی ٹیم کٹ پر 'پاکستان' لکھنے کی پابند ہے کیونکہ پاکستان ہی ٹورنامنٹ کا اصل میزبان ہے، قطع نظر اس بات سے کہ میچ کہاں منعقد ہو رہے ہیں، ٹورنامنٹ میں شامل تمام ٹیمیں اس اصول کی تعمیل کرنے کی پابند ہیں۔
آئی سی سی کی جانب سے مبینہ طور پر وارننگ بھی دی گئی تھی کہ اگر کھلاڑیوں کی کٹ پر میزبان ملک پاکستان کے نام کے ساتھ چیمپئنز ٹرافی کا لوگو نہیں ملا تو بھارتی ٹیم کے خلاف سخت کارروائی کی جا سکتی ہے۔
آئی سی سی کی یہ مبینہ دھمکی کام کر گئی اور اس کے چند گھنٹوں بعد ہی بی سی سی آئی کے سکریٹری دیواجیت سائکیا نے ایک بیان میں اقرار کرلیا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی کرکٹ ٹیم کی جرسیوں پر لوگو کیساتھ میزبان ملک پاکستان کا نام بھی پرنٹ ہوگا۔
دیواجیت سائکیا نے ان خبروں کو من گھڑت افواہیں قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ اپنی جرسی پر چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لوگو کیساتھ 'پاکستان' کا نام پرنٹ نہیں کروانا چاہتا۔
اسپورٹس ویب سائٹ Cricbuzz سے گفتگو کرتے ہوئے دیواجیت سائکیا نے واضح کیا کہ 'بھارتی ٹیم اور کرکٹ بورڈ اِس ٹورنامنٹ کے دوران انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تمام ہدایات پر عمل پیرا رہیں گے، پاکستان کے پاس ٹورنامنٹ کی میزبانی کے حقوق ہیں اور چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لوگو کے نیچے ان کا نام لازمی ہوگا'۔
چیمپئنز ٹرافی 2025ء
واضح رہے کہ منی ورلڈکپ کے نام سے مشہور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا آغاز 19 فروری سے پاکستان میں ہو رہا ہے۔
آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 1996 اور 2008 کے ایشیا کپ کے بعد پاکستان کو ایک عرصے بعد پہلی بار چیمپئنز ٹرافی 2025 کی صورت میں آئی سی سی کے کسی بڑے ایونٹ کی میزبانی ملی ہے، جس کے تمام میچز اگلے سال 19 فروری سے 19 مارچ تک پاکستان کے تین بڑے شہروں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔
بھارت کی جانب سے ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کے بعد پاکستان نے آئی سی سی کے ساتھ ایک معاہدے کے تحت ہائبرڈ ماڈل پر رضامندی ظاہر کی تھی، جس کے تحت پاکستان اور بھارت کے درمیان 2027 تک تمام انٹرنیشنل ایونٹ نیوٹرل وینیو پر ہوں گے، لہذا چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے بھارت کے تمام میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے۔
-
انفوٹینمنٹ 30 منٹ پہلے
’سلمان خان کو نچانا مشکل ترین کام ہے‘ نامور کوریوگرافر کا اعتراف
-
انفوٹینمنٹ 58 منٹ پہلے
خوشی کپور مقبول اداکاروں کی فہرست میں لمبی چھلانگ لگانے میں کامیاب
-
انفوٹینمنٹ 1 گھنٹے پہلے
آنکھ مار کر مشہور ہونے والی ’پریا پراکاش واریر‘ اب کہاں ہیں؟
-
اسکینڈلز 2 گھنٹے پہلے
فحش بیان اسکینڈل، اپوروا مکھیجا کو کیریئر کا سب سے بڑا جھٹکا لگ گیا