شاہ رخ خان اور کاجول کی مشہور فلمیں کونسی ہیں ؟
شاہ رخ خان نے کاجول کےساتھ سب سے زیادہ ہٹ فلموں میں کام کیا ہے
شاہ رخ خان کو ’کنگ آف بالی وڈ‘ کے نام سے جانا جاتا ہے،فلم انڈسٹری میں 3 دہائیوں سے راج کرنے والے شاہ رخ خان کا تعلق کسی فلمی خاندان سے نہیں تھا لیکن انہوں نے پھر بھی محنت کا عزم لیکر پہلے ڈراموں میں کام کیا اور وہاں سے اپنی کارکردگی کا لوہا منوا کر بطور سائیڈ ایکٹر 1992 میں ’ دیوانہ ‘ سے ڈیبیو کیا۔
اس فلم میں ان کی کامیابی کو بہت سراہا گیا کیونکہ انہوں نے فلم کے ٹائٹل کے مطابق دیوانگی سے بھرپور اداکاری کی تھی۔
شاہ رخ خان نے اپنے کیرئیر کی شروعات میں ہی منفی کردار ادا کرکے اپنے کیرئیر کو رسک پر لیا لیکن ان منفی کرداروں نے بھی انہیں ایسی شہرت بخشی کہ انہیں بالی وڈ کے بازیگر کا نام تک دیا گیا۔
ان کو اصل شہرت 1995 میں فلم ’ دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ سے ملی ، اس فلم نے ریکارڈ کامیابی حاصل کی اور اب تک یہ فلم سینماؤں میں دکھائی جاتی ہے بلکہ اس فلم کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ ممبئی کے ایک سینما گھر میں یہ فلم 20 سال تک نمائش پر لگی رہی۔
شاہ رخ خان نے اپنے کیرئیر میں اپنے دور کی ہر اداکارہ کے ساتھ کام کیا لیکن ان کی جوڑی سب سے زیادہ کاجول کےساتھ مقبول قرار پائی، انہوں نے کئی فلموں کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ میں ان کی جوڑی کو خوب سراہا گیا۔
ذیل میں ہم شاہ رخ خان اور کاجول کی مشترکہ مشہور فلموں کا ذکر کریں گے۔
بازیگر(1993)
کیرئیر کی شروعات میں ہی شاہ رخ خان نے ایک اہم فیصلہ ’بازیگر‘ میں منفی کردار ادا کرکے کیا، اس فلم میں ان کے ساتھ کاجول اور شلپا شیٹھی تھیں۔
ناظرین آج بھی اس سینز کو نہیں بھول سکتے جب شاہ رخ خان نے شلپا شیٹھی کو چھت سے پھینک کر ان کی جان لے لی تھی، اس سین کو دیکھ کر شاہ رخ خان کے خلاف نفرت کے ایسے جذبات بکھرے کہ اس کی مثال نہیں ملتی لیکن پھر فلم نے ایک نیا موڑ لیا اور یہ نیا موڑ شاہ رخ خان کے حق میں چلا گیا۔
"بازیگر" کی کہانی انتقام، دھوکہ دہی اور محبت کے گرد گھومتی ہے،فلم کا مرکزی کردار اجے شرما (شاہ رخ خان) ایک ایسا شخص ہے جو اپنے والد کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کا بدلہ لینے کے لیے اپنی شناخت چھپا کر ایک دولت مند خاندان کے خلاف سازش کرتا ہے۔
اجے محبت کے جال میں دو بہنوں سچیتا (شیلپا شیٹی) اور پریانکا (کاجول) کو پھنسا دیتا ہے تاکہ وہ اپنے مقصد کو حاصل کر سکے۔
فلم میں اجے کا کردار پیچیدہ اور سرپرائز سے بھرپور ہے، جو ناظرین کو آخری لمحے تک جکڑے رکھتا ہے۔
دل والے دلہنیا لے جائیں گے (1995):
اس فلم کی کامیابی کی مثالیں بالی وڈ میں کم ہی ہیں، آج بھی ناظرین اگر ٹی وی چینلز سوئچ کررہے ہوتے ہیں تو یہ فلم نظر آجائے تو وہیں اسٹاپ لگا کر یہ فلم دوبارہ دیکھنا شروع کردیتے ہیں اگرچہ انہوں نے یہ فلم پہلے 100 بار ہی کیوں نہ دیکھی ہو۔
فلم میں شاہ رخ خان اور کاجول کی کیمسٹری لاجواب ہے ، دونوں نے خوب جم کر اداکاری بھی کی ہے جس سے فلم کو چار چاند لگ گئے ہیں، اس فلم نے رومانس کا نیا معیار قائم کیا تھا۔
فلم کی کہانی دو کرداروں راج ملہوترا(شاہ رخ خان) اور سمرن سنگھ (کاجول) کے گرد گھومتی ہے۔
سمرن ایک روایتی پنجابی خاندان کی لڑکی ہے، جس کی شادی اس کے والد (امریش پوری) بچپن سے طے کر چکے ہیں لیکن قسمت اسے یورپ کے سفر پر راج سے ملاتی ہے، جو ایک بے فکر اور لاپرواہ لڑکا ہے۔
دونوں کی ملاقات پہلے جھگڑوں سے شروع ہوتی ہے لیکن بعد میں وہ ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہو جاتے ہیں۔
فلم کا دوسرا حصہ سمرن کے گھر پنجاب میں نظر آتا ہے جہاں راج اپنی محبت کو حاصل کرنے کے لیے سمرن کے خاندان کا اعتماد جیتنے کی کوشش کرتا ہے، فلم کی سب سے مشہور لائن، "جا سمرن، جی لے اپنی زندگی"، اس کے کلائمیکس کا حصہ ہے اور ایک جذباتی لمحے کو بیان کرتی ہے۔
اس فلم کو کئی ایوارڈز ملے، جن میں بہترین فلم، بہترین ہدایتکار، بہترین اداکار (شاہ رخ خان) اور بہترین اداکارہ (کاجول) شامل ہیں۔
کچھ کچھ ہوتا ہے1999:
یہ پچھلی صدی کے آخری سال کی سب سے کامیاب فلم تھی، اس کے شروعاتی حصے میں راہول(شاہ رخ خان) اور انجلی ( کاجول ) کی شرارتیں دکھائی جاتی ہیں۔
انجلی راہول کے لیے جذبات رکھتی ہے لیکن وہ اسے سمجھ نہیں پاتا اور کسی اور لڑکی ٹینا(رانی مکرجی)پر دل ہار بیٹھتا ہے جس پر انجلی اسے چھوڑ کر چلی جاتی ہے۔
فلم کا دوسرا حصہ بالکل مختلف ہے جب راہول ایک 8 سالہ بیٹی کا باپ ہے اور ٹینا اس دنیا سے جاچکی ہے،
ٹینا اپنی بیٹی کے لیے خطوط چھوڑ جاتی ہے، جس میں وہ اپنی بیٹی کو ہدایت دیتی ہے کہ وہ راہول کی پرانی دوست انجلی کو ڈھونڈ کر ان کی زندگی میں خوشیاں واپس لائے۔
چھوٹی انجلی اپنی ماں کے خطوط کی مدد سے بڑی انجلی کو تلاش کرتی ہے، جو اب ایک گاؤں میں رہ رہی ہے اور ایک اور شخص امن مہرا (سلمان خان) سے منگنی کر چکی ہے۔
کہانی کے آخر میں جذبات اور قربانیوں کے ذریعے بڑی انجلی اور راہول ایک بار پھر مل جاتے ہیں اور ان کی محبت مکمل ہو جاتی ہے۔
کبھی خوشی کبھی غم (2001):
یہ ایک فیملی بیسڈ فلم تھی جس میں ماضی کے عظیم اداکار امیتابھ بچن، حال کے مشہور اداکار شاہ رخ خان اور کاجول اور حالیہ ڈیبیو میں کامیابیاں سمیٹنے والے ریتک روشن اور کرینہ کپور شامل تھے، فلم کی کاسٹ اس قدر شاندار تھی کہ دیکھنے والوں نے اسے بہت پسند کیا۔
فلم میں کاجول کو ایک نٹ کھٹ لڑکی کے طور پر دکھایا گیا جس کی محبت میں راحول( شاہ رخ خان) گرفتار ہوجاتا ہے، اگر چہ وہ شاہ رخ خان کے امیر خاندان سے میل نہیں کھاتی اس لیےراحول(’شاہ رخ خان) کا خاندان اسے تسلیم کرنے سے انکار کردیتا ہے اور شاہ رخ خان کو گھر چھوڑنا پڑتا ہے۔
راہول کا چھوٹا بھائی روہن (ریتک روشن) جو بچپن میں کچھ بھی سمجھنے سے قاصر تھا، بڑا ہوکر اپنے بچھڑے خاندان کو دوبارہ جوڑنے کا ارادہ کرتا ہے۔ فلم محبت، قربانی، اور خاندانی رشتوں کے جذبات پر مبنی ہے، جہاں ہر کردار کا اپنا اہم حصہ ہے۔
فلم میں شاہ رخ خان اور کاجول کے درمیان ایک خوبصورت گیت ’سورج ہوا مدھم‘ عکسبند کیاگیا جو آج بھی کانوں میں رس گھولتا ہے۔
مائی نیم از خان (2010):
مائی نیم از خان 2010 میں ریلیز ہونے والی بالی وڈ کی ایک شاندار فلم ہے، جس کی ہدایتکاری کرن جوہر نے دی ہے ۔
فلم میں مرکزی کردار شاہ رخ خان اور کاجول نے ادا کیے ہیں،یہ فلم انسانی جذبات، تعلقات اور سماجی مسائل کو اجاگر کرتی ہے۔
فلم کی کہانی رضوان خان (شاہ رخ خان) کے گرد گھومتی ہے، جو ہندوستان کے ایک مسلمان خاندان میں پیدا ہوتا ہے اور اسپرجر سنڈروم (Asperger Syndrome) کا شکار ہوتا ہے، جو ایک نیوروڈیولپمنٹل ڈس آرڈر ہے۔ رضوان کے منفرد رویے اور خاص قابلیتوں کے باوجود اس کا بچپن مشکلات کا شکار ہوتا ہے۔
رضوان خان امریکہ منتقل ہو جاتا ہے، جہاں وہ اپنی زندگی شروع کرتا ہے اور ایک ہندو عورت ماندرا (کاجول) سے محبت کر بیٹھتا ہے۔
دونوں شادی کر لیتے ہیں، لیکن ان کی خوشیوں کو نائن الیون کے واقعے کے بعد بدلتے حالات تباہ کر دیتے ہیں۔
فلم میں 9/11 کے واقعے کے بعد مسلمانوں کے خلاف بڑھتے ہوئے تعصب اور نفرت کو دکھایا گیا ہے۔
رضوان خان اپنے بے گناہی ثابت کرنے اور ماندرا کا دل واپس جیتنے کے لیے امریکہ کے صدر سے ملنے نکل پڑتا ہے تاکہ یہ کہہ سکے:
"میرا نام خان ہے، اور میں دہشت گرد نہیں ہوں۔"
دل والے (2015):
دل والے 2015 میں ریلیز ہونے والی ایک مشہور بالی وڈ فلم ہے، جس کی ہدایتکاری روہت شیٹی نے کی اور پروڈکشن روہت شیٹی پروڈکشنز اور ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ کے تحت ہوئی۔
یہ ایک ایکشن،رومانوی اور فیملی ڈرامہ فلم ہے، جس میں شاہ رخ خان، کاجول، ورون ڈھون اور کِریتی سینن نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔
فلم کی کہانی راج (شاہ رخ خان) اور مہرہ (کاجول) کے گرد گھومتی ہے، جن کا ماضی ان کے حال کو متاثر کرتا ہے۔
یہ ایک ایسی کہانی ہے جہاں محبت، بدلہ اور فیملی کے رشتے سب ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں شاہ رخ خان اور کاجول کی جوڑی نے ایک بار پھر ناظرین کے دل جیت لیے ہیں۔














