شاہد کپور اپنے بچوں کو فلم انڈسٹری میں کیوں نہیں دیکھنا چاہتے؟
اداکار نے بتایا کہ وہ نہیں چاہتے کہ ان کے بچے اداکاری کے میدان میں قدم رکھیں۔
بالی وڈ کے دل کی دھڑکن، شاہد کپور اپنے آنے والی ایکشن فلم 'دیوا' کے ساتھ لائم لائٹ حاصل کرنے کے لیے تیار ہیں۔
اداکار شاہد کپور نے اپنے والد اور اداکار پنکھج کپور کے نقش قدم پر چلتے ہوئے بالی وڈ کی نگری میں قدم رکھا ہے لیکن حیرت انگیز طور پر وہ نہیں چاہتے کہ ان کے بچے بھی یہی فیلڈ اختیار کریں۔
اپنی فلم کی ریلیز سے پہلے ایک حالیہ پوڈ کاسٹ، فگرنگ آؤٹ میں شاہد نے راج شرمانی کے ساتھ کھل کر بات چیت کی اور والدین، بچپن کے تجربات اور اداکاری کے پیشے کی غیر متوقع نوعیت کے بارے میں اپنے خیالات پر تبادلہ خیال کیا۔
گفتگو کے دوران ایک حیران کن موڑ پر شاہد کپور نے بتایا کہ وہ نہیں چاہتے کہ ان کے بچے بڑے ہو کر اداکاری کو بطور پروفیشن اپنائیں۔
اداکار نے بچوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'کافی ساری چیزیں ہیں جو میں نہیں چاہتا کہ وہ مجھ سے لیں، میں چاہتا ہوں کہ وہ فطری طور پر زیادہ پر اعتماد ہوں، جو میرے خیال میں وہ دونوں ہیں۔ میں فطری طور پر اتنا پر اعتماد نہیں تھا'۔
اداکار کا مزید کہنا تھا کہ 'اپنے طور پر میں نہیں چاہوں گا کہ وہ میرا کام کریں، پکچر میں مت آنا یار۔ کچھ اور کرو، بہت اپس اینڈ ڈاؤنز ہوتے ہیں یار، بہت رف ہے، اگر وہ چاہیں تو یہ ان کی پسند ہے لیکن میں پسند کروں گا کہ وہ کوئی آسان چیز منتخب کریں، یہ بہت پیچیدہ ہے'۔
شاہد کپور نے میرا راجپوت سے 7 جولائی 2015 کو دہلی میں ایک نجی شادی کی تقریب میں شادی کی۔ اس جوڑے کے ہاں 2016 میں میشا کپور اور 2018 میں ان کے بیٹے زین کپور کی پیدائش ہوئی تھی۔
اسی انٹرویو میں اداکار نے یہ بھی بتایا کہ وہ اپنے بچوں کو کیا سکھانا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ 'ہمیشہ صحیح کام کریں، میں ہمیشہ صحیح کام کرنے کی کوشش کرتا ہوں، چاہے میں اسے پسند کر رہا ہوں، چاہے کوئی اور اسے پسند نہ کر رہا ہو، چاہے اس سے میرے لیے نقصان ہو، کوئی فرق نہیں پڑتا، میں صحیح چیز کروں گا'۔
اداکار نے روشن اینڈریوز کی ہدایت کاری میں بننے والی اپنی آنے والی فلم دیوا کے بارے میں بھی جذباتی انداز میں بات کی۔
31 جنوری 2025 کو ریلیز ہونے والی 'دیوا' کے ٹریلر لانچ تقریب میں، انہوں نے اسے اپنے کیریئر کا سب سے چیلنجنگ پروجیکٹ قرار دیا۔
اپنی آنے والی ریلیز کے بارے میں بات کرتے ہوئے، شاہد نے شیئر کیا کہ 'کئی سال سے لوگ مجھے ایک زبردست فلم کرنے کے لیے کہہ رہے تھے، ایسی چیز جو عوام کو یاد رہ جائے، میرے لیے، یہ میرے سفر کا اگلا مرحلہ ہے، یہ میرے کیریئر کی سب سے چیلنجنگ فلموں میں سے ایک ہے, دیوا کے کردار میں بہت کچھ ہے جسے میں ابھی ظاہر نہیں کرنا چاہتا — آپ کو اسے 31 جنوری کو دیکھنا پڑے گا'۔
فلم شاہد کپور کے گرد گھومتی ہے، ایک باغی پولیس افسر جسے ایک ہائی پروفائل کیس کو حل کرنے کا کام سونپا گیا ہے جو دھوکا دہی، فراڈ اور ایک خطرناک سازش کی تہوں کو کھولتا ہے۔
دیوا میں ایک اہم کردار میں پوجا ہیگڑے نے بھی ایک صحافی کے طور پر ادا کیا ہے، روشن اینڈریوز کی ہدایت کاری اور زی اسٹوڈیوز اور سدھارتھ رائے کپور کی پروڈیوس کردہ یہ فلم 31 جنوری کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔



