انفوٹینمنٹ

اکشے کمار کی 'اسکائی فورس' پر بھارت کی کوڑاوا کمیونٹی برہم

فلم میں اسکواڈرن لیڈر کو کوڑاوا کے بجائے تامل دکھانے پر تنازع

Web Desk

اکشے کمار کی 'اسکائی فورس' پر بھارت کی کوڑاوا کمیونٹی برہم

فلم میں اسکواڈرن لیڈر کو کوڑاوا کے بجائے تامل دکھانے پر تنازع

فلم کو بھارتی یومِ جمہوریہ کے موقع پر ریلیز کیا گیا۔
فلم کو بھارتی یومِ جمہوریہ کے موقع پر ریلیز کیا گیا۔

اکشے کمار کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم اسکائی فورس میں اسکواڈرن لیڈر اجماد بوپایا دیوایا کی تصویر کشی پرریاست کرناٹک کی کوڑاوا کمیونٹی میں اشتعال پایا جاتا ہے۔

مذکورہ فلم کی کہانی پاکستان کے ساتھ 1965 کی جنگ کے دوران بھارت کے پہلے فضائی حملے کے ارد گرد گھومتی ہے۔

کوڑاوا کمیونٹی کے کئی لوگوں نے فلم میں اسکواڈرن لیڈر دیوایا کو ایک تامل فرد کے طور پر پیش کیے جانے پر اپنی ناپسندیدگی کا اظہار کرنے کے لیے سوشل میڈیا کا سہارا لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کرناٹک کے علاقے کوڈاگو میں کوڑاوا برادری کے ایک افسر تھے۔

کمیونٹی کی ایک وکیل تانیا کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے، جس میں انہوں نے اسکواڈرن لیڈر دیوایا کی کمیونٹی کو غلط انداز میں پیش کرنے کے پیچھے فلم سازوں کے ارادوں پر سوال اٹھایا، خاص طور پر جب یہ تاثر موجود ہے کہ فلم کی کہانی ان کی زندگی سے متاثر ہے۔

اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں تانیا نے پروڈکشن ہاؤس مدوک فلمز اور اداکار اکشے کمار کو مخاطب کر کے لکھا کہ اگر آپ اس فلم کو حقیقی رکھتے تو بہترین انداز ہوتا

ایک ایکس صارف نے فلم سازوں پر اسکواڈرن لیڈر دیوایا کی شناخت کو غلط طریقے سے پیش کرنے کا الزام لگایا۔

صارف کا کہنا تھا کہ 'ہاں ایک 'سچی کہانی' پر مبنی ہے جہاں آپ نے اسکواڈرن لیڈر اجماد بوپایا دیوایا کو کوڑاوا کے طور پر نہیں دکھایا بلکہ ایک تامل کے طور پر دکھایا ہے، آپ نے ان کی پوری نسل اور نسب بدل دیا ہے'۔

خیال رہے کہ اسکواڈرن لیڈر دیوایا بھارتی فضائیہ کے واحد افسر تھے جنہیں بعد از مرگ فوجی اعزاز 'مہا ویر چکرا' سے نوازا گیا تھا۔

اکشے کمار کی پے درپے کئی ناکام فلموں کے بعد اسکائی فورس نے اچھا آغاز کیا، بھارت یوم جمہوریہ کے موقع پر ریلیز ہونے والی فلم نے پہلے دن 15 کروڑ روپے سے زیادہ کی کمائی کی۔ اسکائی فورس سے باکس آفس پر اچھی کارکردگی کی توقع ہے۔ یہ اداکار ویر پہاڑیہ کی پہلی فلم ہے۔

اسکائی فورس نے جمعرات کو باکس آفس کی پیشین گوئیوں سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ فلم نے 15.30 کروڑ روپے کی کمائی کی، دلچسپ بات یہ کہ اہم موقع پر ریلیز ہونے کے باوجود بالی وڈ یا ساؤتھ انڈین انڈسٹری کی کوئی فلم اسکائی فورس کو ٹکر دینے کے لیے موجود نہیں ہے۔

اب تک کے ریویرز کے مطابق فلم کو شائقین اور ناقدین کی جانب سے پسندیدگی کا درجہ مل رہا ہے۔