سیف پر حملہ کے باعث کرینہ پر تنقید، ٹوئنکل کھنہ بول پڑیں
سابقہ اداکارہ نے شوہروں کی ہر چیز کا الزام بیویوں پرلگانے کے رجحان پر طنز کیا۔
سیف علی خان پر حملے کے وقت کرینہ کپور کے مبینہ طور پر نشے میں دھت ہونے پر تنقید کے بعد سابقہ بالی وڈ اداکارہ و مصنفہ ٹوئنکل کھنہ اداکارہ کرینہ کپور کی حمایت میں سامنے آگئیں۔
خیال رہے کہ سیف پر حملے سے کچھ گھنٹوں قبل کرینہ نے اپنی دوست سونم اور ریا کپور اور بہن کرشمہ کپور کے ساتھ پارٹی کی ایسی تصویر پوسٹ کی تھی جس میں شراب سے بھرا گلاس نظر آرہا تھا۔
جس کے بعد کچھ سوشل میڈیا صارفین نے حملہ کے دوران سیف کی مدد کرنے کے بجائے بہت زیادہ نشے میں ہونے پر اداکارہ کو شرمندہ کیا تھا۔
ٹائمز آف انڈیا میں اپنے کالم کے لیے، ٹوئنکل نے اس مسئلے پر قلم اٹھاتے ہوئے لکھا کہ 'ایک اداکارہ کو چاقو مارے جانے کے بعد، مضحکہ خیز افواہیں پھیل گئیں کہ اس کی بیوی گھر پر نہیں تھی یا اس نے حملہ کے دوران اس کی مدد کرنے کے بجائے بہت زیادہ نشہ کیا تھا، لوگ صرف بیوی پر الزام تراشی سے لطف اندوز ہوتے ہیں، یہ بہت عام ہے'۔
اپنے اس آرٹیکل کے ایک حصے کو انسٹاگرام پر پوسٹ کرتے ہوئے ٹوئنکل کھنہ نے شوہروں کے ساتھ ہونے والی ہر غلط چیز پر ان کی بیویوں کو مورد الزام ٹھہرانے کے سماجی رجحان پر بات کی، اور کہا کہ جب بات ان کی کامیابی کے جشن منانے کی آتی ہے تو انہیں یاد نہیں کیا جاتا۔
مصنفہ نے لکھا کہ 'اس اتوار (کا آرٹیکل) اس بارے میں ہے کہ کیوں بیویوں کو واضح طور پر نمبر 1 نہیں سمجھا جاتا ہے، سوائے اس کے کہ جب الزام لینے کی بات آتی ہو۔
انہوں نے لکھا کہ 'جب بیٹلز تقسیم ہوئے تو لوگوں نے یوکو اونو کو مورد الزام ٹھہرایا، میلانیا کو اکثر خاموش رہنے یا اپنے شوہر کی پالیسیوں کے خلاف محدود عوامی مخالفت کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے، جِل بائیڈن کو جو بائیڈن کو اپنی مہم جاری رکھنے کے لیے دباؤ ڈالنے کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا ، ویرات کوہلی آؤٹ ہوتے ہیں تو انوشکا کو گالیاں پڑ جاتی ہیں، یہ ایک وسیع مسئلہ ہے جو صرف مشہور جوڑوں تک محدود نہیں ہے'۔
ٹوئنکل نے لکھا کہ 'اگر آپ کے شوہر کا وزن بہت زیادہ بڑھ جاتا ہے، تو آپ اس کی صحت کا خیال نہیں رکھ رہیں، اگر وہ بہت زیادہ کلو وزن کم کرتا ہے، تو آپ اسے اچھی طرح سے کھانا نہیں کھلا رہیں اگر وہ کیئرکر رہا ہے، تو وہ دعویٰ کریں گے کہ آپ نے اسے بگاڑا ہوا ہے، اگر وہ لاتعلق ہے، تو وہ آپ پر الزام لگائیں گے کہ آپ نے اسے صحیح طریقے سے نہیں سنبھالا'۔
سابقہ اداکارہ نے بتایا کہ 'پچھلے ہفتے، میں نے ایک چھوٹے سی خاندانی تقریب میں شرکت کی جہاں ایک رشتہ دار نے ریمارکس دیے کہ 'دیکھو، میرے پانچ چچا گنجے ہیں اور جن کے ابھی تک بال ہیں، وہ واحد ہیں جن کی شادی نہیں ہوئی ہے۔'
ٹوئنکل نے مزاحیہ انداز میں نشاندہی کی کہ بیویوں کو ان کے شوہروں کے گنجے پن کا الزام بھی لگایا جا سکتا ہے اور لکھا کہ اس تناظر میں، میں سمجھتی ہوں کہ یہ کہنا درست ہے کہ ہر ناکام یا رہنما مرد کے پیچھے ایک ایسی عورت کھڑی ہوتی ہے جس کی بے عزتی ہونے والی ہوتی ہے'۔
انہوں نے انٹرویوز کے دوران 'اسٹار بیوی' کہے جانے پر بھی مایوسی کا اظہار کیا اور بتایا کہ ایک انٹرویو کے دوران مجھ سے پوچھا گیا، 'آپ ایک اسٹار بیوی ہیں، ہمیں بتائیں کہ یہ کیسا محسوس ہوتا ہے؟' اداکارہ نے کہا کہ اس پر میرا دل کیا کہ انٹرویو کرنے والے کی انگلی چباڈالوں پھر میں جواب دیا کہ 'میرا نہیں خیال کہ 'اسٹار وائف' جیسی کوئی چیز ہوتی ہے۔
دو دہائیوں تک اس سوال کا سامنا کرنے کے بعد انہوں نے مزید کہا کہ 'اس پریشان کن سوال کا جواب دینے کے 20 سال بعد، میں پریشان کرنے والوں کے لیے سیپ جیسا رویہ رکھتی ہوں اور جواب میں حکمت کے سیاہ موتی بنانے کی صلاحیت رکھتی ہوں'۔
ٹوئنکل کے مطابق مجھ سے اکثر یہ بھی پوچھا جاتا ہے بلکہ ہمارے سیاسی خیالات میں فرق ہونے کا الزام بھی مجھ پر لگایا جاتا ہے کہ جیسے کہ وہ میرا شوہر نہیں بلکہ ایک چھوٹا بچہ ہے جو میری ہر بات سنے گا'۔





