حنا خان کینسر کو پبلسٹی کیلئے استعمال کررہی ہیں، کے آر کے
کمال راشد خان نے روزلین خان کے دعوے کی حمایت کردی۔
بھارتی ٹیلی ویژن کی معروف اداکارہ حنا خان کی کینسر کے علاج کے سفر نے جہاں بہت سے افراد کو ہمت و حوصلہ بخشا وہیں کچھ لوگ ان کی اس خطرناک بیماری میں زندہ دلی کا مظاہرہ کرنے پرتنقید بھی کرتے نظر آئے۔
حنا خان نے 'یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے'، 'کسوٹی زندگی کی2'، 'بگ باس 11'، خطروں کے کھلاڑی 8' اور بہت سے دیگر شوز میں اپنی ہٹ پرفارمنس سے شائقین کو متاثر کیا ہے۔
وہ فلموں اور ویب شوز میں کام کرتی نظر آچکی ہیں، اور اداکارہ نے ثابت کیا ہے کہ وہ بہترین فنکاروں میں سے ایک ہیں۔
تاہم ان کی کامیابی کی کہانی نے 2024 میں اس وقت ایک رکاوٹ دیکھی جب انہیں اسٹیج 3 کے بریسٹ کینسر کی تشخیص ہوئی۔
موذی بیماری کا سامنا کرنے کے باوجود حنا نے اسے کبھی بھی رکاوٹ نہیں سمجھا اور مثبت انداز میں آگے کا سفر جاری رکھا۔
وہ بیماری کی تشخیص کے آغاز سے ہی سوشل میڈیا پر اپنے سفر کے بارے میں بہت کچھ شیئر کر رہی ہیں تاکہ دوسروں کو بھی اس کا ہمت سے سامنا کرنے کی ترغیب دیں۔
ان کے پرستار ان کی بھرپور حمایت کر رہے ہیں اور اداکارہ نے جس ہمت کا مظاہرہ کیا ہے اس پر ان پر خوب محبت کی بارش ہو رہی ہے۔
حنا خان نے اپنے کریئر کو بریک نہیں لگایا اور خود کو مضبوط رکھنے کے لیے کام کر رہی ہیں، ساتھ ہی ساتھ وہ اپنے کیمو تھراپی کے سیشن لے رہی ہے اور دوسری جانب شوز میں شرکت اور سفر بھی کرتی رہی ہیں۔
تاہم چند روز قبل ٹی وی اداکارہ روزلین خان نے حنا خان کی کینسر جرنی پر ایک چوٹ لگائی، روزلین خود بھی کینسر کی مریضہ ہیں، جنہوں نے کہا کہ حنا خان جھوٹ بول رہی ہیں، اور دعویٰ کیا کہ جو لوگ کیموتھراپی کراتے ہیں وہ باہر گھوم نہیں سکتے۔
روزلین نے یہ بھی کہا کہ اداکارہ اپنے کینسر کے علاج کے دوران دنیا کی سیر کر رہی تھیں جبکہ کوئی ڈاکٹر ایسا کرنے کا مشورہ نہیں دیتا۔
روزلین کے اس تبصرے اب کمال راشد خان عرف کے آر کے نے بھی اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے ان کے ہمنوا نظر آئے۔
خود ساختہ اداکار، پروڈیوسر اور بالی ووڈ کے ناقد کمال راشد خان المعروف ’کے آر کے‘ نے روزلین کی حمایت کی ہے اور کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ حنا خان کینسر کو پبلسٹی اسٹنٹ کے طور پر استعمال کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ روزلین کینسر کے تیسرے مرحلے سے گزر چکی ہیں اور انہیں اس بیماری کے بارے میں کافی تجربہ ہے، انہیں یہ بھی لگتا ہے کہ روزلین ایک ایسی شخصیت ہے جو کبھی جھوٹ نہیں بولے گی۔
خیال رہے کہ کینسر کے تکلیف دہ علاج کے دوران ہی حنا خان نے حال ہی میں اپنی نئی ڈرامہ سیریز، گرہ لکشمی کے ساتھ اسکرین پر ایک طاقتور واپسی کی ہے جو ایک او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر نشر کی جارہی ہے۔




