اکشے کمار کی فلم ’اسکائی فورس‘ میں تاریخی حقائق بری طرح مسخ
سن 1965ء کی جنگ میں بھارت کی جیت دکھائی گئی جوکہ حقیقت کے بالکل برعکس ہے

2024 کی طرح اس سال بھی بالی وڈ فلم انڈسٹری پاکستان مخالف فلمیں بنانے سے باز نہیں آئی، یہ پروپیگنڈا فلمیں حقیقت سےکوسوں دور ہوتی ہیں جن میں شکست کو فتح میں تبدیل کیا جاتا ہے۔
دو روز قبل ریلیز ہونے والی اکشے کمار کی فلم ’اسکائی فورس‘ بھی اس کی ایک مثال ہے جس میں حقائق کو بالکل توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے۔
اس فلم میں اکشے کمار نے مرکزی کردار ادا کیا ہے، اس کے علاوہ ویر پہاڑیہ، سارا علی خان اور نمرت کور بھی فلم کی کاسٹ میں شامل ہیں۔
فلم کا پس منظر 1965 کی پاک بھارت جنگ کو بیان کرتا ہے، اکشے کمار بھارتی ائیرفورس کے ایک بڑے افسر کے طور پر نظر آتے ہیں، ان کے ماتحت بیس پر کئی فائٹر پائلٹس ہیں جن میں ٹیبی (ویرپہاڑیہ) سب سے نمایاں ہیں۔
ٹیبی اپنے جارحانہ مزاج کی وجہ سے مشہور ہوتے ہیں اور نظم و ضبط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھی پائے جاتے ہیں ، 1965 کی جنگ کا آغاز ہوتے ہی پاکستان ائیرفورس کی جانب سے ان کے ائیرفورس بیس کو مکمل تباہ کردیا جاتا ہے، جب باقاعدہ جنگ چھڑنے کا اعلان ہوتا ہے تو بھارتی ائیر فورس کو بھی پاکستان کو جواب دینے کا کہا جاتا ہے۔
بھارتی ائیرفورس کی سینئر کمانڈ سرحد سے ملحقہ پاکستانی ائیرفورس کے بیسز پر حملہ کرنے کا حکم دیتی ہے لیکن اکشے کمار کا اصرار ہوتا ہے کہ سرگودھا ائیر بیس پر حملہ کیا جائے جو پاکستان ائیر فورس کا مرکز ہے اور یہاں جدید ترین طیارے بھی موجود ہیں۔
جس پر بھارتی ائیرفورس سرگودھا پر حملہ کرنے کی تیاریاں مکمل کرتی ہے لیکن ٹیبی (ویرپہاڑیہ) کو اس بیس پر حملہ کرنے والی ٹیم میں شامل نہیں کیا جاتا، جس پر وہ کافی دلبرداشتہ نظر آتا ہے۔
اس کے بعد دکھایا جاتا ہے کہ اکشے کمار کی کمان میں بھارتی ائیر فورس سرگودھا ائیر بیس کو مکمل تباہ کردیتی ہے۔
جب اکشے کمار اس مشن سے واپس آتے ہیں تو انہیں پتہ لگتا ہے کہ ٹیبی (ویرپہاڑیہ) بغیر کسی اجازت کے اپنا جیٹ طیارہ لیکر ان کے پیچھے گئے ہیں لیکن وہ پھر لوٹ کر کبھی نہیں آئے۔
1971ء کی جنگ میں جنگی قیدی بننے والے پاکستانی فضائیہ کا ایک افسر ٹیبی کے بارے میں کچھ تفصیلات بتاتا ہے ، اکشے کمار ٹیبی کی اہلیہ گیتا (سارہ علی خان) سے یہ وعدہ کرچکے تھے کہ وہ ٹیبی کو واپس لائیں گے۔
بھارتی ائیرفورس کی سینئر کمان ٹیبی کا کیس بند کرنے کو کہتی ہے لیکن اکشے کمار اپنی تحقیقات کو جاری رکھتے ہیں اور پھر ایک انکوائری کمیشن بنایا جاتا ہے جس میں اکشے کمار یہ ثابت کردیتے ہیں کہ ٹیبی نے بہادری سے لڑتے ہوئے اپنی جان گنوائی ہے اور ان کا سرگودھا مشن بھی ٹیبی کی بنا پر ہی کامیاب ہوتا ہے جس پر ٹیبی کو بھارت کا سب سے بڑا دفاعی اعزاز 'مہاویر چکر' سے نوازا جاتا ہے۔
فلم چونکہ ایک پروپیگنڈا پر مبنی ہے اس لیے اس میں کئی تاریخی حقائق کو نظر انداز کیا گیا ہے، فلم میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی ائیر فورس نے 7 ستمبر 1965 کو سرگودھا پر حملہ کیا تھا لیکن یہ بات بھی ریکارڈ پر ہے کہ 7 ستمبر کو ہی پاکستان کے جانباز ایم ایم عالم نے سرگودھا ائیر بیس کے قریب حملہ آور طیاروں کو مار گرایا تھا، انہوں نے 30 سیکنڈ میں 5 بھارتی طیاروں کو تباہ کردیا تھا جو کہ ایک عالمی ریکارڈ ہے جبکہ فلم میں بھارت کا صرف ایک ہی طیارہ تباہ ہوتے دکھایا گیا ہے۔
فلم میں بھارتی ائیر فورس کو یہ رونا روتے دکھایا گیا ہے ان کے پاس وہ دفاعی قوت نہیں جو پاکستان کے پاس ہے یعنی پاکستان کے پاس زیادہ بہترین طیارے ہیں جبکہ جنگ کے وقت بھارت کے پاس 700 اور پاکستان کے پاس محض 280 جنگی طیارے تھے۔
عالمی غیر جانبدار ذرائع کے مطابق 1965 کی جنگ میں انڈیا کے 60 سے 70 طیارے تباہ کیے گئے جبکہ پاکستان کے صرف 20 طیارے تباہ ہوئے جو یہ ظاہر کرتا ہے کہ پاکستانی ائیر فورس نے بھارت کی ائیر فورس کو نیست و نابود کردیا تھا۔
بھارتی فلم انڈسٹری میں پروپیگنڈا فلموں کو کامیابی اس کے بزنس کی وجہ سے بھی رہی ہے، جیسے گزشتہ سال ’ فائٹر‘ مووی نے ریکارڈ کمائی کی تھی، اب ’ اسکائی فورس‘ نے بھی دو دنوں میں 40 کروڑ کا بزنس کرلیا ہے اور یہ ایک کامیاب فلم قرار پائی ہے۔
-
کھیل 6 گھنٹے پہلے
کوہلی نے ٹی20 سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کا اشارہ دیدیا
-
انفوٹینمنٹ 6 گھنٹے پہلے
ابھیشیک نے فلموں میں بولڈ مناظر سے گریز کرنے کیوجہ بتادی
-
فلم / ٹی وی 6 گھنٹے پہلے
سلمان خان کی آنے والی فلم 'سکندر' سے متعلق نئی اپڈیٹ جاری
-
بالی ووڈ 7 گھنٹے پہلے
بالی وڈ فلمیں اسٹار کڈز کیوجہ سے فلاپ ہونے لگیں