'مراد علی شاہ کے بدلے مریم' تاجروں کے مطالبے پر بلاول بھڑک اٹھے
وزیراعلیٰ سے مسئلہ ہے تو مجھ سے بات کریں، کہیں اور جاکر چغلی نہ کریں، بلاول بھٹو

سابق وزیرخارجہ و چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کراچی کے تاجروں کی جانب سے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کے بدلے وزیراعلیٰ مریم نواز مانگنے پر بھڑک اٹھے۔
کراچی کے تاجروں نے چند روز قبل ایک تقریب کے دوران وفاقی وزیر احسن اقبال سے استدعا کی تھی کہ کچھ عرصے کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ہمیں دے دیں اور ان کے بدلے مراد علی شاہ آپ رکھ لیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی وزیر اور تاجروں کی اجلاس کے دوران ہونے والی گفتگو میں تمام شرکاء نے مریم نواز کو وزیراعلیٰ سندھ بنانے کی حمایت کی، تاہم احسن اقبال کراچی کے تاجر رہنماؤں کے مطالبے پر بے ساختہ مسکرادیے لیکن کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
'کہیں اور جاکر چغلی کرنے کی ضرورت نہیں'
دریں اثنا آج چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے بیان سامنے آیا ہے کہ کسی کو وزیراعلیٰ یا کسی وزیر یا بیورو کریسی سے شکایت ہے تو مجھ سے کرے، یہ صوبہ پیپلز پارٹی کا ہے کہیں اور جاکر چغلی کرنے کی ضرورت نہیں۔
کراچی میں تاجروں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کراچی کے تاجروں سے بھتہ وصولی کا خاتمہ ہوگیا، تو یہ کریڈٹ سندھ حکومت اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کا ہے، آج آپ سے بھتہ لیا جاتا ہے نہ جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے، کہیں چغلی لگانے کی ضرورت نہیں، مجھ سے کہہ دیں، کوشش کریں گے کہ تاجروں کے مسائل حل کریں، ہم مسائل کی موجودگی کا اعتراف کرتے ہیں اور قبول کرتے ہیں کہ کئی مسائل حل طلب ہیں، کوشش کروں گا کہ تاجروں کے تمام مسائل حل کرسکوں۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ میں نے کبھی بھی کسی تاجر سے چندہ مانگا ہے نہ بھتہ مانگا ہے، میرا سیدھا سا مدعا ہے، میرے بارے میں کوئی شکایت ہے تو سیدھی طرح بتائیں، میں کیوں چاہوں گا کہ میرے نام پر یا ہماری حکومت کے نام پر لوگ آپ کو تنگ کریں، جو بھی مسئلہ ہو، آپ کھل کر بتائیں، نام لیں کہ فلاں افسر یا شخص آیا اور اس نے یہ مطالبہ کیا۔
تاجر رہنما کی وضاحت
دوسری جانب اِس متنازع بیان پر تاجر رہنما عتیق میر کی جانب سے وضاحت بھی سامنے آچکی ہے۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آنے پر اب تاجر رہنما عتیق میر نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بیان جاری کر کے اپنے بیان پر وضاحت پیش کی ہے۔
عتیق میر کا کہنا ہے کہ مریم نواز کو سندھ کو دینے کی بات میں نے مذاق میں کہی تھی، میں نے کسی بلدیاتی کارکردگی کے حوالے سے یہ بات نہیں کہی تھی کیونکہ مریم نواز کون سا وہاں کارکردگی کے جھنڈے گاڑھ رہی ہیں۔
تاجر رہنما کا مزید کہنا تھا مریم نواز کا معاملہ بھی اپنے باپ اور چچا جیسا ہی ہے کہ “ساڈے کام نہ ویکھو ساڈیاں آنیاں جانیاں ویکھو”، (ہمارے کام نہ دیکھو بس ہمارا آنا اور جانا دیکھو)۔
-
بالی ووڈ 21 منٹ پہلے
فلم’چھاوا‘ 2 دن میں 100 کروڑ روپے کمانے میں کامیاب
-
اسکینڈلز 30 منٹ پہلے
’عورت کی کمائی بےبرکت‘ صائمہ کے متنازع بیان پر ریحام خان برہم
-
انفوٹینمنٹ 60 منٹ پہلے
’سلمان خان کو نچانا مشکل ترین کام ہے‘ نامور کوریوگرافر کا اعتراف
-
انفوٹینمنٹ 1 گھنٹے پہلے
خوشی کپور مقبول اداکاروں کی فہرست میں لمبی چھلانگ لگانے میں کامیاب