لکس اسٹائل ایوارڈز، ماورا حسین دو نامزدگیوں پر بے انتہا خوش
اداکارہ کو ڈرامہ نیم اور نوروز کیلئے بہترین اداکارہ کے ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا۔
پاکستان کی معروف اداکارہ ماورا حسین نے لکس اسٹائل ایوارڈز میں کے لیے بیسٹ ٹی وی ایکٹر فی میل کی کیٹیگری میں دو بار نامزد ہونے پر اپنی خوشی کا اظہار کیا ہے۔
ماورا ایک دہائی سے زائد عرصے سے پاکستانی شوبز کا حصہ ہیں جنہوں نے کامیڈی ڈرامہ 'کھچڑی سالسہ' سے 2011 میں اداکاری کا کریئر شروع کیا اور 'ایک تمنا لاحاصل سی' سے شہرت حاصل کی۔
جس کے بعد ماورا نے بے شمار مشہور ڈراموں میں کام کیا جس میں 'میں بشریٰ'، 'آہستہ آہستہ'، 'مریم'، 'حاصل'، 'ثبات'، ''داسی'، 'قصہ مہر بانو کا'، 'نیم' اور 'جفا' قابل ذکر ہیں۔
اس کے علاوہ ماورا نے بالی وڈ فلم 'صنم تیری قسم' میں بھی ہیروئن کا کردار نبھایا اور خاصی پذیرائی حاصل کی جبکہ وہ 'جوانی پھر نہیں آنی2' میں بھی کام کرچکی ہیں۔
'اپنے کام کی بدولت ماورا حسین متعدد مرتبہ ایوارڈز کی نامزدگی حاصل کرتی رہی ہیں اور مصالحہ ایوارڈ اور ہم ایوارڈ جیت کر اپنی صلاحیتیوں کا لوہا بھی منوا چکی ہیں۔
حال ہی میں اداکارہ کو ان کے حال ہی میں نشر ہونے والے 2 ڈراموں 'نوروز' اور 'نیم' میں بہترین کارکردگی دکھانے پر 'بہترین ادکارہ' کے ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ پر ایک اسٹوری شیئر کرتے ہوئے اداکارہ نے اس نامزدگی کو اپنے لیے اعزاز قرار دیا۔
اسٹوری میں اداکارہ نے لکھا کہ 'میرے لیے یہ لکس اسٹائل ایوارڈز میں پہلی مرتبہ ہے کہ مجھے میرے بہت خاص ڈراموں نیم اور نوروز کے لیے 2 بار نامزد کیا گیا'۔
انہوں نے کہا کہ 'یہ حقیقت میں کوئی معنی نہیں رکھتا کہ میں جیت پاتی ہوں یا نہیں کیوں کہ (صرف نامزد ہونا ہی) میرے لیے ایک بہت بڑا سنگِ میل ہے، اب مزید سے مزید محنت کرنی ہے'۔
ساتھ ہی انہوں نئ اس خواہش کا اظہار کیا کہ 'سب سے زیادہ مستحق اداکارہ کو یہ ایوارڈ دیا جائے، اور دیگر اداکاراؤں کو بھی ایوارڈ کے لیے ان کی نامزدگی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 'آپ لوگوں کے ساتھ نامزد ہونا ایک اعزاز ہے'۔
اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں اپنے پرستاروں کے لیے لنک بھی شیئر کیا جس میں وہ انہیں ایوارڈ کے لیے ووٹ دے سکتے ہیں جبکہ ساتھ ہی وہ اپنے خاص دوست امیر گیلانی کے لیے بھی ووٹنگ کرنے کا کہنا نہیں بھولیں۔




