کبریٰ خان کے بعد انڈسٹری کی اگلی دلہنیں ماورا اور سحر خان؟
کبریٰ خان کے بعد ماورا حسین کی شادی کا شور کیوں؟
پاکستانی شوبز انڈسٹری میں دسمبر 2024 اور جنوری 2025 اسٹارز کی شادی کیلئے خوش آئند ثابت ہوا کیونکہ اس میں شہریار منور کی شادی سے شروع ہونے والا سلسلہ نیلم منیر تک جاپہنچا اور پھر اسٹار جوڑی گوہر رشید اور کبریٰ خان نے بھی اپنی شادی کا باقاعدہ اعلان کردیا۔
اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ فینز اداکاراؤں کو ڈراموں اور فلموں میں تو دلہن بنا دیکھ ہی لیتے ہیں لیکن انہیں حیقیقی زندگی میں دلہن بنتا دیکھنے کی خواہش بھی ضرور ظاہر کرتے ہیں جسطرح اس وقت سب کبریٰ خان کو دلہن بنے دیکھنے کیلئے متجسس ہیں۔
کبریٰ خان اور گوہر رشید نے طویل عرصہ اپنے رشتے کو دوستی کا نام دیے رکھا اور نئے سال 2025 کے آغاز پر 'میرے یار کی شادی' کے ہیش ٹیگ کے ساتھ اپنی خوشیوں میں فینز کو بھی شامل کیا۔
جہاں اس خبر نے دونوں کے فینز کو خوش کر دیا وہیں سوشل میڈیا پر اچانک عثمان مختار کا نام بھی مشہور ہوتا نظر آیا۔
عثمان مختار نے گوہر اور کبریٰ کی شادی کا کریڈٹ کس کو ملنا چاہئے اس حوالے سے فوٹو ویڈیو شیئرنگ اینڈ انسٹاگرام پر اسٹار جوڑی کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو بطور اسٹوری ری شیئر کی اور ساتھ لکھا 'بہت خوش ہوں تم دونوں کے لیے، مرزا گوہر اور کبریٰ اب یہ بتا دو کہ تم دونوں کی شادی کروانے میں اہم کردار کس نے ادا کیا؟'
اس سٹوری کو کبریٰ خان نے ری شیئر کیا اور عثمان مختار کی تصویر لگائی اور لکھا کہ 'یہ خبر وہی شخص سنا رہا ہے جو ہماری شادی کروانے کی وجہ ہے۔'
اگرچہ بعض سوشل میڈیا صارفین یہ کریڈٹ عثمان مختار کو ملتا دیکھ کر حیران رہ گئے لیکن متعدد کو فوراً ہی یہ بات سمجھ آگئی کہ آخر عثمان مختار کیسے اسٹار جوڑی کی شادی کا سبب بنے ہیں۔
اسی اثناء میں کبریٰ خان کے بعد شوبز انڈسٹری کی اگلی دلہنیں اداکارہ ماورہ حسین اور سحر خان کو قرار دیا جارہا ہے لیکن اس کی وجہ کچھ جانتے ہیں پر سب نہیں۔
اس کی وجہ کچھ اور نہیں بلکہ عثمان مختار کا وہ خاص جادو ہے جو وہ کئی سالوں سے اپنی کو سٹارز پر چلاتے ہیں اور ان کی شادی ہو جاتی ہے۔
کبریٰ خان سے قبل تین اداکاراؤں کی شادی کا سہرا بھی عثمان مختار کے سر باندھا گیا اور اس کی وجہ یہ ہے کہ اداکار کے حوالے سے یہ بات عام ہوگئی ہے کہ وہ جس بھی اداکارہ کے ساتھ کام کرتے ہیں اس کی شادی ہوجاتی ہے۔
نیمل خاور، سارہ خان، ماہرہ خان، کبریٰ خان جہاں اس پیٹرن کو یکے بعد دیگرے فالو کرتی دکھ رہی ہیں وہیں اب فینز کو ماورا حسین اور سحر خان کا بھی نام چرچوں میں آچکا ہے کیونکہ عثمان مختار نے 2024 میں ان دونوں حسیناؤں کے ساتھ ڈرامے میں کام کیا ہے۔
ماورا حسین اور سحر خان کا عثمان مختار کے ساتھ ڈراما:
جادوگر عثمان مختار گزشتہ سال ڈراما 'جفا' میں جلوہ گر ہوئے جس میں گھریلو تشدد، بچپن کے نفسیاتی صدمے جیسے سماجی مسائل کو ناظرین کے لیے اسکرین پر پیش کیا گیا۔
ڈرامے میں عثمان مختار نے 'ڈاکٹر نمیر' کا کردار نبھایا جس کی رحم دل اور خوبصورت شخصیت نے ناظرین کو اپنا دیوانہ بنا لیا۔
ڈرامے میں ماورا حسین نے 'ڈاکٹر زارا' کا کردار نبھایا جو اپنے نفسیاتی مسائل کے شکار شوہر حسن (محب مرزا) کی بدسلوکیوں اور قابو سے باہر غصے کے باوجود اس کے ساتھ زندگی گزارنے کی کوشش کرتی نظر آئیں۔
ماورا حسین کے علاوہ اس ڈرامے میں نئی ابھرتی اداکارہ سحر خان بھی اداکاری کے جوہر دکھاتی نظر آئیں جو 'عندلیپ' نامی کردار بھاتی دکھیں۔
دونوں اداکاراؤں کا عثمان مختار کے ساتھ کام کرنا انکی جلد شادی ہونے کی ضمانت بن چکا ہے اس لیے فینز سوشل میڈیا پر دونوں حسیناؤں کو مینشن کر کے شادی کی تاریخ پوچھ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اگرچہ سحر خان کا نام اس وقت کسی بھی اسٹار کے ساتھ نہیں جڑا ہے لیکن ماورا حسین کا نام انکے کلاس میٹ و ساتھی اداکار امیر گیلانی کے ساتھ جڑ چکا ہے لیکن دونوں اسے محبت نہیں دوستی کہتے ہیں لیکن ایک دوسرے کو 'اسپیشل ون' بھی قرار دیتے ہیں۔
آئیں ان اداکاراؤں کے نام جانتے ہیں جنہوں نے عثمان مختار کے ساتھ کام کیا اور انکے لکی چارم کی بدولت پیا گھر سدھار گئیں۔
1۔ نیمل خاور:
عثمان مختار نے فروری 2019 میں خوبرو اداکارہ نیمل خاور کے ساتھ ڈراما ’انا‘ میں کام کیا جس میں دونوں کی جوڑی ڈرامے کی لیڈنگ جوڑی یعنی ہانیہ عامر اور شہزاد شیخ سے بھی زیادہ پسند کی گئی۔
’انا‘ میں عثمان مختار نے ’التمش‘ نامی سنجیدہ نوجوان لڑکے کا کردار نبھایا تھا جبکہ ان کے ساتھ نیمل خاور ’ایزا‘ نامی لڑکی کا کردار نبھاتی نظر آئیں اور دونوں کی بے مثال کیمسٹری ٹی وی اسکرینز کے ذریعے ناظرین کے دلوں میں اپنی خاص جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئی۔
اگرچہ سوشل میڈیا پر سب اس جوڑی کی بڑھ چڑھ کر تعریف کرتے دکھے وہیں لیکن اسی سال نیمل خاور نے اداکار حمزہ علی عباسی سے شادی کرلی اور شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرلی جس کی وجہ سے عثمان مختار اور نیمل خاور پھر ایک ساتھ ٹی وی اسکرینز پر جلوہ گر نہ ہوسکے۔
2۔ سارہ خان:
مارچ 2020 میں عثمان مختار اداکارہ سارہ خان کے ساتھ ڈرامہ ’ثبات‘ میں جلوہ گر ہوئے اور یہاں بھی ان کا جادو چل گیا اور 16 جولائی 2020 کو سارہ اور فلک شبیر کی اچانک شادی نے سب کو حیران کردیا۔
سارہ خان نے فلک شبیر سے لاہور میں شادی کی تھی اور 8 اکتوبر 2021 کو ان کے گھر بیٹی عالیانہ کی پیدائش ہوئی۔
فلک شبیر کو سارہ خان بے حد پسند آگئی تھیں جس کے بعد فلک نے سارہ کے گھر شادی کا پیغام دیا اور سارہ خان کے والد نے رشتے کیلئے ہاں کہدی۔
سارہ کی اچانک شادی ہونا بھی فینز نے عثمان مختار کی جادوئی قسمت کو قرار دیا تھا کہ عثمان مختار کی دوسری کو اسٹار بھی اس لکی چارم سے فیضیاب ہوگئی ہیں۔
3۔ ماہرہ خان:
2019 اور 2020 میں انڈسٹری کی دو حسیناؤں کو شادی شدہ کا ٹیگ دلوانے کے بعد اگست 2021 میں عثمان مختار اپنی جادوئی قسمت کے ساتھ ڈرامہ ’ہم کہاں کے سچے تھے‘ میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آئے اور اس ڈرامے میں ان کے ساتھ بیک وقت دو حسیناؤں نے کام کیا اور اپنی شادی کی راہ ہموار کرلی۔
اگرچہ ماہرہ خان پر عثمان مختار کا جادو تھوڑی دیر سے کام کرتا دکھا کیونکہ انکی شادی اسی سال نہیں بلکہ دو سال بعد ہوئی لیکن جادو نے اپنا کمال ضرور کر دکھایا۔
2023 میں ماہرہ خان رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوگئیں جس کے بعد تو سب نے ہی عثمان مختار کے اس جادو کو قبول کرلیا۔
4۔ کبریٰ خان:
ماہرہ خان کی شادی کے بعد کبریٰ خان تھیں جو عثمان مختار سے یہ خاص ٹائٹل چھینتی نظر آرہی تھیں کیونکہ ڈرامے میں کام کیے 4 سال مکمل ہوچکے تھے لیکن انکی شادی کی خبر نہیں آرہی تھی۔
خود کبریٰ خان نے بھی 2023 میں انسٹاگرام پر ایک اسٹوری شیئر کرتے ہوئے عثمان مختار کو مخاطب کیا تھا اور ساتھ لکھا تھا کہ ’میں نے یہ جادو توڑ دیا ہے، اب جس کو بھی کوئی جادو یا بد دعا توڑنا ہو تو میرے ساتھ کام کرے'۔
لیکن عثمان مختار نے بھی ایڑھی چوٹی کا زور لگا دیا اور اپنے جادو سے کبریٰ خان کو بھی شادی کے بندھن میں باندھنے والوں کی فہرست کے قریب لاکھڑا کیا ہے۔









