فلم / ٹی وی

سال 2025ء کا پہلا مہینہ بالی وڈ کیلئے کیسا رہا؟

جنوری میں بالی وڈ کی 11 فلمیں ریلیز ہوئیں

تیمور احمد

سال 2025ء کا پہلا مہینہ بالی وڈ کیلئے کیسا رہا؟

جنوری میں بالی وڈ کی 11 فلمیں ریلیز ہوئیں

گیارہ فلموں میں صرف ایک فلم ہی کامیابی حاصل کرسکی
گیارہ فلموں میں صرف ایک فلم ہی کامیابی حاصل کرسکی

سال 2024ء بالی وڈ کےلیے مثبت ثابت نہیں ہوسکا ، اس لیے نئے سال کو لیکر بالی وڈ فلمسازوں نے یہ عزم کررکھا تھا کہ اب وہ بالی وڈ کو پھر سے جنم دیں گے لیکن سال کے پہلے ہی مہینے ان کے دعوؤں کی قلعی کھل گئی جب سال کے پہلے ہی مہینے ریلیز ہونے والی فلمیں ناکامی سے دوچار ہوئیں۔

رواں سال جنوری میں بالی وڈ کی 11 فلمیں ریلیز ہوئیں جن میں ایک آدھ کامیاب، کچھ بالکل اوسط کامیاب اور دیگر فلاپ ثابت ہوئیں۔

ذیل میں ہم ان فلموں کا تذکرہ کریں گے

فتح:

اسکرین گریب گوگل
اسکرین گریب گوگل

سونو سود نے اس فلم میں بطور ہدایتکار ڈیبیو کیا ہے اور مرکزی کردار بھی ادا کیا ہے، فلم ایک خفیہ سروس کے سابق اہلکار کی کہانی پر مبنی ہے جس میں وہ سائبر کرائم کرنے والوں کے خلاف جدوجہد کرتا نظر آتا ہے۔

فلم میں سونو سود کے ساتھ جیکولین فرننڈز ، نصیر الدین شاہ ، وجے راز جیسے فنکار شامل تھے، فلم میں انتہا کے پرتشدد مناظر شامل کئیے گئے جو 2023 کی ہٹ ہونے والی بھارتی فلم ’انیمل‘ کی یاد دلاتے تھے۔

فلم ایکشن سے محبت رکھنے والوں کے لیے بہت خاص تھی کیونکہ فلم میں ایکشن سے بھرپور مناظر کی بھرمار تھی۔

تاہم 40 کروڑ کے بجٹ سے بنی یہ فلم 28 کروڑ کا بزنس ہی کرپائی اور منافع تو دور، اپنی لاگت بھی پوری نہ کرسکی۔

میچ فکسنگ:

اسکرین گریب گوگل
اسکرین گریب گوگل

10 جنوری کو ریلیز ہونے والی یہ فلم یہ لو بجٹ فلم تھی جس میں کوئی نامور اداکار نہیں تھا۔

فلم ممبئی حملوں کے پس منظر میں بنائی گئی تھی ، فلم میں پاکستان مخالف عنصر بھی شامل تھا، فلم میں طاقت کی رسہ کشی بھی دکھائی گئی ہے۔

فلم کی ریلیز کے خلاف ممبئی ہائیکورٹ میں ایک درخواست بھی دائر کی گئی تھی کہ اس فلم میں مسلمانوں کو ٹارگٹ کیا گیا ہے۔

فلم میں ونیت کمار سنگھ، انوجا سیٹھی اور منوج جوشی شامل ہیں، فلم صرف 5 کروڑ کا بزنس کرسکی۔

ایمرجنسی:

سال 2025ء کا پہلا مہینہ بالی وڈ کیلئے کیسا رہا؟

کئی سالوں سے التوا کا شکار کنگنا رناوت کی فلم ’ ایمرجنسی‘ اس سال بالاآخر ریلیز ہوہی گئی، فلم سابق بھارتی وزیراعظم اندرا گاندھی کی زندگی کے گرد بنائی گئی ہے اور اندرا گاندھی کا کردار کنگنا رناوت نے ادا کیا ہے۔

فلم میں 1975 میں اندرا گاندھی کی جانب سے لگائی گئی ’نیشنل ایمرجنسی‘ کو دکھایا گیا ہے جس کو لیکر اندرا گاندھی پر آج بھی بہت تنقید کی جاتی ہے۔

کسی شخصیت پر فلم بنانے کا مقصد اس شخصیت کو مثبت انداز میں پیش کرنا ہوتا ہے لیکن فلم میں کہیں کہیں اندرا گاندھی کو منفی انداز میں دکھایا گیا۔

فلم میں یہ تاثر دیا گیا کہ اپنے اقتدار کی خاطر اندرا گاندھی نے ایمرجنسی نافذ کی تھی جس میں مخالف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو جیل میں قید کردیا گیا تھا اور بنیادی انسانی حقوق معطل کردیے گئے تھے۔

فلم 60 کروڑ کے بجٹ سے بنائی گئی لیکن فلم محض 17 کروڑ ہی کما سکی اور ناکامی سے دوچار ہوئی۔

آزاد:

سال 2025ء کا پہلا مہینہ بالی وڈ کیلئے کیسا رہا؟

17 جنوری کو ریلیز ہونے والی اس فلم میں خاص بات یہ تھی کہ اس فلم میں دو نیپو کڈز نے ڈیبیو کیا تھا، فلم میں اجے دیوگن کے بھانجے امان دیوگن اور ممتاز اداکارہ روینہ ٹنڈن کی صاحبزادی رشا تھڈانی مرکزی کرداروں میں سامنے آئے تھے۔

فلم میں اجے دیوگن بھی مرکزی کردار میں ہیں جنہیں تقسیم ہند سے قبل انگریزوں کے دور کو پیش کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

فلم میں ایک محبت کی کہانی ہےتو دوسری جانب بغاوت کا جذبہ بھی بھرپور ہے، 80 کروڑ کے بجٹ سے بنی یہ فلم 8 کروڑ کا بزنس ہی کرسکی اور فلاپ ہوگئی۔

حساب برابر:

سال 2025ء کا پہلا مہینہ بالی وڈ کیلئے کیسا رہا؟

24 جنوری کا ریلیز اس فلم میں مرکزی کردار آر مادھون نے نبھایا ہے، فلم میں آر مادھون کے ساتھ نیل نتین مکیش، کریتی کلہاڑی بھی نمایاں ہیں۔

فلم ایک شخص کے گرد گھومتی ہے جسے حساب کتاب میں خصوصی مہارت حاصل ہے، وہ ریلوے میں ایک ٹی سی ہوتا ہے لیکن طلبہ کو حساب کے مضمون کی تعلیم بھی دیتا ہے۔

رادھے موہن(آر مادھون) کو اپنے حساب کے شوق کی بنا پر ہی پتہ لگتا ہے کہ اس کے اکاونٹ سے پیسوں کی کٹوتی ہورہی ہے، جب وہ اس پر آواز اٹھاتا ہے تو اس کا مذاق بنایا جاتا ہے کیونکہ بینک اکاونٹ سے اس کے 127 روپے غائب تھے لیکن وہ اپنی جدوجہد کرتا ہے اور بینک کے فراڈ کو بے نقاب کرتا ہے، یہ فلم بھی فلاپ ثابت ہوئی۔

اسکائی فورس:

سال 2025ء کا پہلا مہینہ بالی وڈ کیلئے کیسا رہا؟

2024 کی طرح اس سال بھی بالی وڈ فلم انڈسٹری پاکستان مخالف فلمیں بنانے سے باز نہیں آئی، یہ پروپیگنڈا فلمیں حقیقت سےکوسوں دور ہوتی ہیں جن میں شکست کو فتح میں تبدیل کیا جاتا ہے۔

اس فلم میں اکشے کمار نے مرکزی کردار ادا کیا ہے، اس کے علاوہ ویر پہاڑیہ، سارا علی خان اور نمرت کور بھی فلم کی کاسٹ میں شامل ہیں۔

فلم کا پس منظر 1965 کی پاک بھارت جنگ کو بیان کرتا ہے، اکشے کمار بھارتی ائیرفورس کے ایک بڑے افسر کے طور پر نظر آتے ہیں، ان کے ماتحت بیس پر کئی فائٹر پائلٹس ہیں جن میں ٹیبی (ویرپہاڑیہ) سب سے نمایاں ہیں۔

ٹیبی اپنے جارحانہ مزاج کی وجہ سے مشہور ہوتے ہیں اور نظم و ضبط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھی پائے جاتے ہیں ، 1965 کی جنگ کا آغاز ہوتے ہی پاکستان ائیرفورس کی جانب سے ان کے ائیرفورس بیس کو مکمل تباہ کردیا جاتا ہے، جب باقاعدہ جنگ چھڑنے کا اعلان ہوتا ہے تو بھارتی ائیر فورس کو بھی پاکستان کو جواب دینے کا کہا جاتا ہے۔

بھارتی ائیرفورس کی سینئر کمانڈ سرحد سے ملحقہ پاکستانی ائیرفورس کے بیسز پر حملہ کرنے کا حکم دیتی ہے لیکن اکشے کمار کا اصرار ہوتا ہے کہ سرگودھا ائیر بیس پر حملہ کیا جائے جو پاکستان ائیر فورس کا مرکز ہے اور یہاں جدید ترین طیارے بھی موجود ہیں۔

جس پر بھارتی ائیرفورس سرگودھا پر حملہ کرنے کی تیاریاں مکمل کرتی ہے لیکن ٹیبی (ویرپہاڑیہ) کو اس بیس پر حملہ کرنے والی ٹیم میں شامل نہیں کیا جاتا، جس پر وہ کافی دلبرداشتہ نظر آتا ہے۔

اس کے بعد دکھایا جاتا ہے کہ اکشے کمار کی کمان میں بھارتی ائیر فورس سرگودھا ائیر بیس کو مکمل تباہ کردیتی ہے۔

جب اکشے کمار اس مشن سے واپس آتے ہیں تو انہیں پتہ لگتا ہے کہ ٹیبی (ویرپہاڑیہ) بغیر کسی اجازت کے اپنا جیٹ طیارہ لیکر ان کے پیچھے گئے ہیں لیکن وہ پھر لوٹ کر کبھی نہیں آئے۔

1971ء کی جنگ میں جنگی قیدی بننے والے پاکستانی فضائیہ کا ایک افسر ٹیبی کے بارے میں کچھ تفصیلات بتاتا ہے ، اکشے کمار ٹیبی کی اہلیہ گیتا (سارہ علی خان) سے یہ وعدہ کرچکے تھے کہ وہ ٹیبی کو واپس لائیں گے۔

بھارتی ائیرفورس کی سینئر کمان ٹیبی کا کیس بند کرنے کو کہتی ہے لیکن اکشے کمار اپنی تحقیقات کو جاری رکھتے ہیں اور پھر ایک انکوائری کمیشن بنایا جاتا ہے جس میں اکشے کمار یہ ثابت کردیتے ہیں کہ ٹیبی نے بہادری سے لڑتے ہوئے اپنی جان گنوائی ہے اور ان کا سرگودھا مشن بھی ٹیبی کی بنا پر ہی کامیاب ہوتا ہے جس پر ٹیبی کو بھارت کا سب سے بڑا دفاعی اعزاز 'مہاویر چکر' سے نوازا جاتا ہے۔

یہ فلم رواں سال کی پہلی ہٹ فلم ثابت ہوئی اور 80 کروڑ کے بجٹ سے بنی فلم نے اب تک 119 کروڑ کا بزنس کرلیا ہے۔

دیوا:

سال 2025ء کا پہلا مہینہ بالی وڈ کیلئے کیسا رہا؟

آج مہینے کے آخری دن شاہد کپور کی فلم ’دیوا‘ ریلیز ہوگئی ہے، فلم ایک پولیس اہلکار کے گرد گھومتی ہے ، جو ہائی پروفائل کیس حل کرنے میں مصروف رہتا ہے اور اس دوران اسے مختلف چیزوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

فلم میں شاہد کپور کے ساتھ پوجا ہیگڑے اور پاویل گلاٹی بھی شامل ہیں اس فلم سے شاہد کپور کے مداحوں کو کافی امیدیں وابستہ ہیں۔ 

تازہ ترین