پاکستان

عمران ریاض خان پاکستان چھوڑ کر کونسے ملک منتقل؟

کچھ اہم ذمہ داریاں ہیں، میں جلد واپس آؤں گا انشاءاللہ، عمران ریاض خان

Web Desk

عمران ریاض خان پاکستان چھوڑ کر کونسے ملک منتقل؟

کچھ اہم ذمہ داریاں ہیں، میں جلد واپس آؤں گا انشاءاللہ، عمران ریاض خان

(فوٹو: ایکس)
(فوٹو: ایکس)

معروف یوٹیوبر اور اینکر پرسن عمران ریاض خان پاکستان چھوڑ کر بیرون ملک منتقل ہو گئے ہیں، جس کا اعلان انہوں نے گزشتہ روز جمعے کو 'ایکس' اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ کے ذریعے کیا۔

تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پُرزور حامی سمجھے جانے والے صحافی عمران ریاض کو متعدد بار گرفتار کیا جاچکا ہے اور ان کا نام وقتاً فوقتاً ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں بھی شامل کیا جاتا رہا ہے، جس کے تحت ملک چھوڑنے پر پابندی عائد ہوتی ہے۔

گذشتہ برس جولائی میں حج کے لیے روانگی کے موقعے پر بھی عمران ریاض کو ایئرپورٹ سے حراست میں لے لیا گیا تھا، جس کے بعد انہوں نے 'ایکس' پر ایک پوسٹ میں بتایا تھا کہ ’عدالتی حکم کے باوجود ان کا نام بدستور ای سی ایل میں موجود ہے‘۔

وہ طویل عرصے سے ٹیلی ویژن اسکرینز سے غائب تھے، تاہم اپنے یو ٹیوب چینل پر باقاعدگی سے وی لاگز اپلوڈ کر رہے تھے، جن میں پس منظر کو واضح طور پر دکھایا نہیں جاتا تھا۔

عمران ریاض نے جمعہ (31 جنوری 2025ء) کو اپنے ایکس اکاؤنٹ پر اپنی بیرون ملک منتقلی کا اعلان کیا۔

(اسکرین شاٹ: ایکس)
(اسکرین شاٹ: ایکس)

ایکس پر اپنے آفیشل اکاؤنٹ پر31 جنوری کو عمران ریاض نے اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ڈیل کر کے لوٹا ہوا مال اٹھا کر خصوصی طیاروں سے فرار ہونے میں اور اپنے مؤقف پر ڈٹے رہ کر جان ہتھیلی پر رکھ کر ہجرت کرنے میں زمین آسمان کا فرق ہے‘۔

اُن کا کہنا تھا کہ ’مجھے فخر ہے کہ میرے رب نے ہر ظلم کے خلاف مجھے استقامت عطا فرمائی، میں نے بدترین تشدد اور خوفناک قید کاٹی ہے، 10 گرفتاریاں اور درجنوں مقدمے ہوئے، حج تک سے زبردستی روکا گیا، مگر میرے رب نے مجھے صبر دیا‘۔

پاکستان جلد واپس آنے کا وعدہ کرتے ہوئے انہوں نے مزید لکھا کہ 'کچھ اہم ذمہ داریاں ہیں، میں جلد واپس آؤں گا، انشاءاللہ'۔

عمران ریاض خان کی اس پوسٹ میں واضح نہیں ہے کہ وہ کس طریقے سے اور کس ملک منتقل ہوئے ہیں، تاہم بیرون ملک مقیم ایک اور پاکستانی صحافی معید پیر زادہ کی 'ایکس' پر پوسٹ سے واضح ہوتا ہے کہ عمران ریاض پاکستان چھوڑ کر برطانیہ منتقل چکے ہیں۔

(اسکرین شاٹ: ایکس)
(اسکرین شاٹ: ایکس)

معید پیرزادہ نے اپنی پوسٹ میں عمران ریاض کو بحفاظت برطانیہ پہنچنے پر مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ ’عمران اور ان کے اہل خانہ نے پاکستان کے فسطائی نظام کے ہاتھوں بےحد مشکلات کا سامنا کیا، لیکن آخرکار اب انہیں پاکستانی ریاست پر کھل کر بات کرنے کا موقع مل گیا ہے‘۔

دریں اثنا عمران ریاض خان کی جانب سے 'ایکس' پر ایک اور پوسٹ سامنے آئی جس میں انہوں نے رہنما و پی ٹی آئی و سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ 'میری جان بچانے میں مدد کے لیے قاسم خان سوری کا شکریہ، اللہ آپ کو اور آپ کے قبیلے کو سلامت رکھے، جزاک اللہ'

(اسکرین شاٹ: ایکس)
(اسکرین شاٹ: ایکس)

اس پوسٹ کا جواب دیتے ہوئے قاسم خان سوری نے لکھا کہ 'عمران بھائی شکریہ کس بات کا، ایک بھائی نے بھائی کا فرض نبھایا ہے، آپ ہمارے مہمان تھے اور آپ کی جان و عزت کی حفاظت ہم پر فرض تھی، اپنے ساتھیوں، قبیلے اور افغان بھائیوں کا تاحیات شکر گزار و مقروض رہوں گا کہ انہوں نے ہمیشہ کیطرح مجھے عزت دی اور میرے بھائی کی حفاظت کی، سلامت رہیں'۔

دریں اثنا عمران ریاض خان کا ایک یوٹیوب چینل کو دیا گیا انٹرویو بھی سامنے آچکا ہے جس میں انہوں نے اپنی بیرونِ ملک منتقلی اور اس دوران پیش آنے والی مشکلات کی تفصیل بھی بیان کی ہے۔



تازہ ترین