کبریٰ خان نے اپنی ڈھولکی پر کتنا مہنگا جوڑا پہنا؟
کبریٰ خان کا اپنی ڈھولکی پر پہنا گیا جوڑا کس کا اور کتنا مہنگا؟

پاکستانی حسین اداکارہ کبریٰ خان کی ڈھولکی نائٹ کی تصاویر وائرل ہوتے ہی انکے جوڑے نے فیشن کے متوالوں کی توجہ حاصل کرلی۔
کبریٰ خان کا شمار پاکستان کی ان اداکاراؤں کی فہرست میں ہوتا ہے جنہوں نے کام کم کیا لیکن ایسا کیا کہ کم وقت میں ہی صفِ اوّل کی اداکاراؤں میں اپنا نام شامل کروانے میں کامیاب رہیں۔
کبریٰ خان نے شوبز کی دنیا میں قدم فلم 'نامعلوم افراد' سے رکھا لیکن انکو شہرت کی منازل طے کروانے والا ڈراما 'سنگِ مرمر' ثابت ہوا جس میں وہ بھولی بھالی 'شیریں' کا کردار نبھاتی دکھیں۔
کبریٰ خان گزشتہ سال ایک سپر ہٹ ڈرامے 'نورِ جہاں' میں بہترین اداکاری کے جوہر دکھاتی نظر آئیں اور کریئر کے عروج پر ہی انہوں نے شادی کا فیصلہ لے لیا ہے۔
کبریٰ خان اپنے قریبی دوست و اداکار گوہر رشید سے شادی کے بندھن میں بندھنے کا فیصلہ کرچکی ہیں اور اس بات کا باقاعدہ اعلان دونوں نے شادی کی تقریبات کا آغاز کرنے سے چند روز قبل کرتے ہوئے جنوری میں سب کو خوش کردیا۔
سوشل میڈیا پر دونوں کی شادی کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں جن میں سے ایک یہ ہے کہ دونوں کا نکاح سعودی عرب میں ہوگا لیکن فی الحال یہ صرف ایک افواہ ہی ہے۔
دونوں اپنی خوشیوں کو باقاعدہ رنگ دیتے ہوئے تقریبات کا آغاز 'ڈھولکی نائٹ' سے کرچکے ہیں۔
گوہر رشید نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اس خاص رات کی تصاویر شیئر کیں جن میں دونوں کی محبت چھپائے نہیں چھپ رہی ہے۔
تصاویر میں کبریٰ اور گوہر رشید کی خوشی میں شہزاد شیخ، عبداللہ کادوانی، علی رحمان، ثناء شاہنواز، مومل شیخ، علی سفینا، حرا ترین، خاقان شہنواز بھی ہنستے مسکراتے نظر آئے۔
اس موقع پر گوہر رشید نے سیاہ قمیص اور ٹراؤزر کے ساتھ تیز ہرا اسٹالر پہنا جس پر اردو خطاطی دیکھی جاسکتی ہے۔
گوہر رشید کے ساتھ انکی دلہنیا کبریٰ خان محفل کی جان بنتی دکھیں اور اپنے لُک سے سب کو دیوانہ بنا لیا۔
کبریٰ خان نے اپنی ڈھولکی نائٹ پر ہاتھ کی کڑھائی سے تیار کردہ میراکی بیج فرنٹ اوپن کلی دار پہنا جس پر رنگ برنگا تھریڈ ورک قابلِ دید ہے۔
کبریٰ خان کا یہ حسین جوڑا پاکستانی فیشن ڈیزائنر فرح طالب عزیز کا تیار کردہ ہے جس پر گلابی، جامنی، نارنجی اور سبز رنگ کی بوٹیاں بنانے کے ساتھ ساتھ دلکش بارڈر بھی تیار کیا گیا ہے۔
روایتی گوٹا، ستارے کے کام کے ساتھ سواروسکی کرسٹل اور زردوزی نے جوڑے کو مزید دلفریب بنادیا ہے۔
دلکش کلی دار کے ساتھ لشکارے مارتا کلابتو کے کام سے بنا لہنگا پہنا ہے جو کلی دار کے ساتھ زبردست جوڑ لگ رہا ہے۔
کلی دار اور لہنگے کے ساتھ نیٹ کا دوپٹہ پہنا جس پر ریشم اور سیکوئنس کا کام کیا گیا جبکہ ایمبورائیڈڈ بارڈر نے اس دوپٹے کو اور بھی نکھار دیا ہے۔
اس جوڑے کی قیمت 'فرح طالب عزیز' کی آفیشل ویب سائٹ پر بھی نہیں دیکھی جاسکتی کیونکہ وہاں جوڑے کی تصاویر کے ساتھ اسکی تفصیل اور آرڈر کرنے کا طریقہ بھی شامل ہے لیکن جوڑے کی قیمت نہیں۔
فرح طالب عزیز سے رابطہ کرنے پر اس جوڑے کی قیمت 4 لاکھ پاکستانی روپے بتائی گئی ہے جبکہ آرڈر کرنے پر 3 سے 4 دن میں یہ جوڑا کوئی بھی حسینہ اپنے گھر منگواسکتی ہے۔
-
اسکینڈلز 32 منٹ پہلے
متنازع بھارتی شو کا حصہ بننے والے معروف کامیڈین کا پہلا بیان جاری
-
کھیل 39 منٹ پہلے
نہ بابر، نہ شاہین، کونسا پاکستانی کرکٹر بھارت کیلئے خطرناک قرار؟
-
بالی ووڈ 1 گھنٹے پہلے
فلم’چھاوا‘ 2 دن میں 100 کروڑ روپے کمانے میں کامیاب
-
اسکینڈلز 2 گھنٹے پہلے
’عورت کی کمائی بےبرکت‘ صائمہ کے متنازع بیان پر ریحام خان برہم