روزلین خان نے ریپ، قتل کی دھمکیوں کا الزام حنا خان پر لگادیا
میں اپنی بات پر قائم رہوں گی، حنا کو جواب دینا ہوگا، روزلین خان
بھارتی اداکارہ اور اسٹیج فور کینسر سروائیور روزلین خان نے حال ہی میں انکشاف کیا ہے کہ اداکارہ حنا خان کے اسٹیج 3 بریسٹ کینسر میں مبتلا ہونے پر سوالات اٹھانے کے بعد انہیں ریپ اور قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔
بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں اداکارہ روزلین خان نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ عوام کے سامنے سچائی لانے کی کوشش کرنے پر مجھے لاتعداد دھمکی آمیز کالز موصول ہورہی ہیں جو کہ بہت اذیت ناک ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مجھے ایسی کالز موصول ہو رہی ہیں جس میں لوگ مجھے جان سے مارنے کی دھمکی دے رہے ہیں، مجھے گھٹیا ناموں سے پکارنے سے لیکر ریپ اور مجھ پر تیزاب پھینکنے کی دھمکیاں بھی موصول ہورہی ہیں، یہ سب میرے لیے ناقابل برداشت ہے، مجھے نہیں معلوم کہ یہ لوگ کون ہیں، وہ صرف اس لیے مجھے پریشان کررہے ہیں کہ میں سچ سامنے لانے کے لیے آواز اٹھا رہی ہوں۔
روزلین خان نے دعویٰ کیا کہ 'مجھے ایسا لگتا ہے کہ دھمکیاں دینے والے لوگ اس (حنا خان) کے خاندان یا دوستوں میں سے کوئی ہو سکتا ہ، یہ کالز میری دماغی صحت پر اثر انداز ہو رہی ہیں، میں خود ایک کینسر سروائیور ہوں، کم از کم مجھے یہ حق حاصل ہے کہ کہیں تضادات نظر آئیں تو میں سوال کر سکوں'
انہوں نے واضح کیا کہ 'وہ مجھے دھمکیاں دیتے رہیں لیکن میں اپنی بات پر قائم رہوں گی، حنا کو جواب دینا ہوگا، میں بس اتنا جانتی ہوں کہ ایک سیلیبرٹی ہونے کے ناطے وہ غلط معلومات پھیلانے کے لیے جوابدہ ہے'۔
روزلین خان نے کیا کہا تھا؟
گزشتہ ماہ اداکارہ روزلین خان نے حنا خان پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ اپنے کینسر کی بحالی کے بارے میں مبالغہ آرائی کرکے محض مرکزِ نگاہ بننے کیلئے عوام کو گمراہ کر رہی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق روزلین خان نے اس موذی مرض کے حوالے سے اپنا ذاتی تجربہ شیئر کرتے ہوئے حنا خان پر الزام عائد کیا کہ وہ اپنے علاج کے بارے میں غلط معلومات پھیلا رہی ہیں۔
ایک انٹرویو میں روزلین نے حنا خان کے 15 گھنٹوں کی سرجری کے دعوے پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اپنے ذاتی تجربے کی بنیاد پر، وہ سرجری کے بعد 3 دن تک بےہوش رہیں، لہٰذا سرجری کے بعد فوراً مسکراتے ہوئے آپریشن تھیٹر سے باہر آنے کے دعوے پر یقین کرنا مشکل ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ وہ سمجھتی ہیں کہ حنا توجہ حاصل کرنے کے لیے مبالغہ آرائی کر رہی ہیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ماسٹیکٹومی، جس میں پورے سینے کا آپریشن شامل ہے، ایک بڑی سرجری ہے جو 8 سے 10 گھنٹے تک جاری رہتی ہے، اور اس دوران نمونے لیب ٹیسٹنگ کے لیے بھیجے جاتے ہیں جبکہ مریض بے ہوش رہتا ہے۔
روزلین خان نے حنا خان پر کیمو تھراپی کے دوران دنیا گھومنے پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ کینسر کے علاج کے پروٹوکولز کے خلاف ہے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ حنا خان اپنے گنج پن کو کیوں چھپا رہی ہیں؟ اگر وہ واقعی بہادری سے اس بیماری کا سامنا کررہی ہیں اور اگر وہ واقعی 'شیرنی' ہیں تو اس بارے میں کھل کر بات کیوں نہیں کررہیں؟
انہوں نے کہا کہ اگر حنا واقعی تیسرے مرحلے پر ہوتیں تو انہیں ریڈی ایشن سے گزرنا پڑتا، حنا علاج کی تفصیلات چھپا رہی ہیں تاکہ ان کی حقیقت سامنے نہ آئے۔
روزلین خان نے حنا خان کو چیلنج دیا کہ اگر وہ واقعی کینسر کے علاج کے بارے میں دوسروں کو آگاہ کرنا چاہتی ہیں تو اپنی میڈیکل رپورٹ عوام کے سامنے پیش کریں، حنا کے اقدامات صرف 'پبلسٹی اسٹنٹ' ہیں تاکہ وہ خبروں میں رہیں اور ہمدردیاں سمیٹ سکیں۔



