انفوٹینمنٹ

حملے کے بعد سیف علی خان کی پہلی پبلک اپیئرنس

اداکار نیٹ فلکس ایونٹ میں اپنی آنے والی فلم پیش کرنے پہنچے۔

Web Desk

حملے کے بعد سیف علی خان کی پہلی پبلک اپیئرنس

اداکار نیٹ فلکس ایونٹ میں اپنی آنے والی فلم پیش کرنے پہنچے۔

سیف علی خان کو  بازو پر کاسٹ اور گردن پر بینڈیج کے ساتھ دیکھا گیا۔
سیف علی خان کو  بازو پر کاسٹ اور گردن پر بینڈیج کے ساتھ دیکھا گیا۔

سیف علی خان اپنے گھر میں پیش آئی واردات کے نتیجے میں زخمی ہونے کے بعد پہلی بار سامنے آئے اور ممبئی میں نیٹ فلکس کے عظیم الشان پروگرام میں شرکت کی۔

اداکار اب بھی چھرا گھونپنے کے واقعے کے بعد صحتیابی کے عمل سے گزر رہے ہیں، البتہ ایونٹ میں انہوں نے اپنے ساتھ پیش آئی واردات پر کوئی بھی گفتگو کرنے سے گریز کیا اور ان کی گردن پر  بینڈیج اور  بازو پر کاسٹ پہنے ہوئے دیکھا گیا۔

نیٹ فلکس کے اس ایونٹ میں انہوں نے جیدیپ اہلوت کے ساتھ اپنی آنے والی فلم، 'جیول تھیف: دی ہیسٹ بیگنز' کو متعارف کرایا۔

ایک مشکل دور سے گزرنے کے باوجود سیف نے اس پراجیکٹ کے لیے اپنے جوش کا اظہار کرتے ہوئے، اپنی روایتی دلکشی اور مزاح کو برقرار رکھا۔

اسٹیج پر گفتگو کرتے ہوئے اداکار نے کہا کہ 'یہاں آپ کے سامنے کھڑا ہو کر بہت اچھا لگا… یہاں آ کر بہت اچھا لگتا ہے، میں اس فلم کے بارے میں بہت پرجوش ہوں، سدھارتھ اور میں کافی عرصے سے اس بارے میں بات کر رہے ہیں۔ میں ہمیشہ ہی ایک ڈکیتی کی واردات پر مشتمل فلم کرنا چاہتا تھا اور انہوں نے جیدیپ اہلوت کے کندھے کو چھوتے ہوئے کہا کہ میں اس سے بہتر ساتھی اداکار کے لیے نہیں کہہ سکتا تھا'۔

یاد رہے کہ سیف علی خان پر 15 اور 16 جنوری کی درمیانی رات جنوری کو باندرہ میں موجودان کے گھر پر ڈکیتی کی کوشش کے دوران حملہ ہوا تھا۔ حملہ آور جس نے مبینہ طور پر قیمتی سامان چوری کرنے کی کوشش کی، فرار ہونے سے پہلے اداکار پر چاقو کے کئی وار کیے جس میں سے ایک ان کی ریڑھ کی ہڈی کے بہت قریب لگا۔

جس کے بعد سیف کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا، جہاں ان کی ہنگامی سرجری کر کے چاقو کے ٹکڑے کو ہٹا دیا گیا، انہیں اسپتال سے پانچ دن بعد فارغ کر دیا گیا تھا اور اس کے بعد سے ان کی رہائش گاہ کے ارد گرد سیکیورٹی میں نمایاں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

نیٹ فلکس کی آنے والی فلم 'جیول تھیف' ایک پر جوش اور تھرلر تجربے کا وعدہ کرتی ہے، اس کا آفیشل سائنوپسس ایک قابل گرفت پلاٹ کی خبر دیتا ہے'۔

یہ کہانی ہے ایک طاقتور کرائم لارڈ کی جانب سے دنیا کے سب سے بڑے ہیرے - افریقی ریڈ سن کو چرانے کے لیے ایک جیول چور کی خدمات حاصل کرنے کی لیکن اس کی منصوبہ بند ڈکیتی پھر ایک غیر ہموار موڑ لیتی ہے اور اس دوڑ میں افراتفری، موڑ اور غیر متوقع اتحاد سامنے آتے ہیں، جو اسے فریب اور دھوکہ دہی کا ایک جان لیوا کھیل بنا دیتے ہیں'۔

جیول تھیف نامور فلم ساز سدھارتھ آنند کی OTT پروڈکشن کے لیے پہلی فلم ہے، جو پٹھان اور وار جیسی بلاک بسٹر فلموں کی ہدایت کاری کے لیے مشہور ہیں۔

ان کے بینر مارفلکس کے تحت ممتا آنند کے ساتھ شراکت کرتے ہوئے، فلم ساز نے اس پروجیکٹ کے بارے میں اپنے جوش و جذبے کا اظہار کیا۔

سدھارتھ نے کہا کہ 'ہم مارفلکس میں جیول تھیف ذریعے نیٹ فلکس کے ساتھ اپنی اسٹریمنگ کا آغاز کرنے پر بہت خوش ہیں، یہ فلم محبت کی محنت ہے، ایکشن، سسپنس، اور سازش کو یکجا کر کے سینما کے ایک یادگار تجربے کو تیار کرتی ہے، یہ ایک ایسا پروجیکٹ ہے جو تخلیقی حدود کو ہائی آکٹین سیکوئنسز، دلکش کہانی سنانے، اور دلکش ویژوئلز کے ساتھ آگے بڑھاتا ہے'۔

ایک شاندار کاسٹ، ایک تھرلر ڈکیتی کی داستان، اوربے پناہ توانائی سے بھرپور کارروائی کے وعدے کے ساتھ، جیول تھیف سال کی سب سے زیادہ متوقع نیٹ فلکس ریلیز میں سے ایک بننے جا رہی ہے۔

قریب قریب موت کے تجربے کے بعد سیف علی خان کی اسکرین پر واپسی نے فلم کی رونقوں میں اضافہ کیا ہے، جس سے یہ ایکشن تھرلر شائقین کے لیے ضروری ہے۔

تازہ ترین